امریکہ (رپورٹس)

نیشنل عاملہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی اپنے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے (آن لائن) ملاقات

شعبہ جات کا فرداً فرداً جائزہ اور ہدایات۔ شاملین ملاقات کے تأثرات

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے 16؍اگست 2020ء کا سورج لجنہ اما ء اللہ کینیڈا کے لیے خوش بختی اور مسرت کا پیغام لےکر آیا تھا کہ اُس دِن نیشنل مجلس عاملہ کی ہمارے پیارے آقا سیّد نا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہْ اللہ تعالیٰ کے ساتھ آن لائن ملاقات تھی۔

اِس سال مارچ کے آخری ہفتے میں مجلس عاملہ لجنہ اما ءاللہ کینیڈا کا لندن جانے کا پروگرام طے تھا جس کا اصل مقصد اپنے پیارے آقاسے بالمشافہ ملاقات کا شرف حاصل کرنا تھا۔حضورِ انور کی پُرشفقت اجازت سےمورخہ 29 مارچ2020ءکو یہ ملاقات ہونا طے پائی تھی۔ یوں تو مجلس عاملہ لجنہ کینیڈا کو سر زمینِ کینیڈا پر اپنےپیارے آقا سیّد نا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی دید اور ملاقات چار دفعہ نصیب ہو چکی تھی لیکن تمام مجلس عاملہ کو لندن سیّدنا حضور انورسے ملاقات کرنے کا یہ موقع پہلی دفعہ مل رہاتھا جوکہ ہم سب کے لیے بالکل نیا اور ولولہ انگیز تھا کہ چار پانچ دن ہمیں اپنے پیارے امام کے قریب ان کی با برکت صحبت میں رہنے کا موقع میسر آرہا تھا۔سب ممبرات اس بابرکت سفر کے لیے اپنی تیاریوں میں مشغول تھیں کہ کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے صورتحال تیزی سےتبدیل ہونے لگی اور پھر اچانک سفری پابندیوں کی وجہ سے حضورِ انور کے ارشاد کے مطابق ہمیں اس سفر کو ملتوی کر نا پڑا۔ ہمارےدِل حزین اور طبیعتیں اداس تھیں۔ لیکن خدائی مشیت کے آگے ہمارےسرِ تسلیم خم تھے اور سب دعاؤں میں جُت گئے کہ خدا تعالیٰ اپنی جناب سے اِس صورتحال کی کایا پلٹ دے۔ تمام دنیا کو اِس بیماری سے نجات بخشے اور جلد ہی ہمیں اپنے پیارے آقا سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز سے ملاقات کی نوید ملے۔

ابھی دنیا کو تو اِس وبا سے مکمل طور پر نجات نہیں ملی تھی لیکن ہماری خوش قسمتی کہ ہمیں پیارے حضور سے ملاقات کی نوید ضرور مل گئی۔ جی ہاں!خدا تعالیٰ نے ہماری دعائیں اِس رنگ میں سنیں کہ ہمارے پیار ے آقا نے ہم عاجز خا دمات کی تسکینِ قلب کے لیے آن لائن ملاقات کی منظوری دےدی۔ الحمد للہ ثم الحمد للہ۔ خوشی کی ایک لہر نے ہم سب کا احاطہ کر لیا۔ یہ تصور ہی بہت خوش کن تھا کہ اِن غیر معمولی حالات میں بھی ہمارےآقا نے ہمیں اِس تاریخی ملاقات کا موقع عطا فرمایاہے۔

مورخہ 15؍اگست 2020ءکو کینیڈا کے معیارِکبیر کےاطفال کو سیّدنا حضور انورکے ساتھ ملاقات کا شرف نصیب ہوا اور اُس سے اگلے دن 16؍اگست کومجلس عاملہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا کے لیے تاریخی دن تھا۔خوشی کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ داری کا بھی احساس تھا لیکن اِن سب سے زیادہ یہ احساس بہت جاںفزا تھا کہ ہم اپنے پیارے آقا سے ملاقاتِ سعید کے لیے حاضر ہو رہے ہیں۔

اِس مبارک ملاقات کا وقت دوپہرڈیڑھ بجے اور مقام جامعہ بورڈ روم (طاہرہال)مقرر تھا۔ سب عاملہ ممبرات کو بارہ بجے وہاں پہنچنے کی تاکید کی گئی تھی تاکہ ایم ٹی اے کی ٹیم کے ساتھ مناسب ریہرسل (rehearsal)کی جاسکے اور لائیو ٹرانسمیشن کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔الحمد للہ کل اٹھائیس ممبرات میں سے ستائیس ممبرات مناسب حفاظتی تدابیر کے ساتھ وقت مقررہ پر پہنچ کر کمرے میں اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ گئیں۔ہماری خوش بختی کہ عاملہ ممبرز کی سیّدنا حضور انور کے ساتھ اِس تاریخی ملاقات میں خاندانِ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی چشم و چراغ مکرمہ ومحترمہ صاحبزادی بی بی امۃ الجمیل بیگم صاحبہ دختر نیک اختر سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ بھی ہمارے ساتھ اعزازی ممبر کی حیثیت سے موجود تھیں۔ انچارج پروڈکشن ایم ٹی اے انٹر نیشنل محترم منیر عودہ صاحب اور کینیڈا کی ایم ٹی اے ٹیم نے اِس با برکت ملاقات کے تکنیکی پہلوؤں سے سب کو آگا ہ کیا۔

الحمد للہ۔ٹھیک ڈیڑھ بجےسکرین پر پیارے آقا کا مسکراتا ہوا نورانی چہرہ نمودار ہوا تو سب عاملہ ممبرز نے کھڑے ہو کر سیّد نا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو سلام کیا۔جس پر حضور اقدس نے پر شفقت جواب دیتے ہوئے سب کو بیٹھ جانے کا فرمایااور خاکسار سے میٹنگ کے بارے میں استفسار کرنے کے بعد فرمایا کہ چلیں دعا سے میٹنگ شروع کرتے ہیں۔ دعا کے بعد خاکسار کے دائیں بائیں بیٹھی ہوئی ممبرات کا تعارف ہوا تو سیّدنا حضورِانور نے نائب صدر صاحبہ و نیشنل سیکرٹری تربیت نو مبائعات سے اپنی گفتگو کا آغاز فرمایا اور پھر فرداً فرداً تمام سیکرٹریان سے اُن کے شعبہ جات کا جائزہ لیا اور بصیرت افروز ہدایات اور نصائح فرمائیں۔ ہمارےپیارے امام نے نومبائعات سے مضبوط رابطہ رکھنے اور انہیں مستعد کرنے کے بارے میں تلقین،نئی بیعتوں کوحاصل کرنےکی طرف توجہ اور اس کے لیے داعیات کی مدد سےبھرپور پروگرام ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ حضوراقدس نےلجنہ ممبرز، بچیوں اور بچوں کی تربیت کے مختلف طریقوں اور ذرائع کی طرف عاملہ کی توجہ مبذول کروائی۔ اِس کے ساتھ ساتھ بہتری لانے اور فلاحی پراجیکٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کےلیے دوسرے ممالک کا تقابلی طور پر تذکرہ فرمایا تاکہ لجنہ کینیڈا میں فَا استَبقْوا الخیرَات کی روح مزید اجاگر ہو۔ ہمارے پیارے آقا نے ہر شعبہ کو اپنی گرانقدر اور با برکت نصائح سے مستفیض فرمایا اور کام کو بہتر سے بہترین بنانے پر زور دیا۔

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضورِ انور نے بہت پیار اور شفقت سے سب کی باتیں سنیں اور مسکرا کر سب کا جواب عطا فرمایا۔ حضور اقدس کا اپنے قیمتی وقت کو ہمارے لیے مختص کرنا لجنہ کینیڈا کے لیے انتہائی مسرت اور انبساط کا باعث تھا۔ یقیناً قدرتِ ثانیہ کے پانچویں مظہر کو اپنے درمیان پاکر ہماری خوشی کا کوئی ٹھکانا نہ تھا۔ ایک گھنٹے کی اِس پُر نور مجلس کا اختتام اتنی جلدی ہو جائےگا یہ سوچا بھی نہ تھا۔ ہم لجنہ کینیڈا اپنے پیارے خدا ئےذوالجلال کی شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں خلافت جیسی عظیم الشان نعمت سے نوازا اور خلیفہ وقت کی شکل میں ہمیں ایک محبت کرنے والا اور سب کے لیے دردِ دل سے دعائیں کرنے والا با برکت وجود عطا فرمایا جو اِس دجالی دور میں ہمارا روحانی راہ نما ہے اور دنیا کی آلائشوں اور آزمائشوں میں ہمارے لیے ایک پناہ اور حصار ہے۔ہم سب خدا کے حضور سجدہ ریز ہیں کہ وہ پیارے آقا کو لمبی صحت والی فعال زندگی عطا فرمائے،حضوراقدس کو ہمیشہ ملائکہ کے حصار میں رکھے اور فتح و نصرت ہمیشہ آپ کے قدم چومے۔(آمین)

اپنےپیارے رب اور پیار ےامام کا شکریہ ادا کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم حقیقی معنوں میں ان کی اطاعت کریں اور خلافت کے سچے مطیع بن جائیں۔(آمین )

خاکسار کے لیے ذاتی طور پر یہ بہت خوشی کا لمحہ تھا اور اسی کے ساتھ ساتھ ذمہ داری کا ایک بہت بڑا احساس بھی تھا۔ پچھلے ایک مہینے کے دوران، جب سے ہمیں پیارے آقا سے ملاقات کی منظوری ملی تھی، تمام سیکرٹریان نے نہ صرف یہ کہ بہت دعا ئیں کیں بلکہ اپنے اپنے شعبے کی تیاری کے لیے مسلسل محنت کی اور اپنے پیارے امام سیّدنا حضرت اقدس خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خدمتِ اقدس میں اِن شعبہ جات کی سمری (summary)تیار کرکے ملاقات سے قبل پیش کی۔

ملاقات کے دن ہم سب نے صدقہ ادا کیا، نفل پڑھےاور ملاقات کےوقت سے پہلے مقررہ مقام پر پہنچے۔ یہ مبارک آن لائن ملاقات ہماری توقعات سے کہیں زیادہ بڑھ کر تھی اور واقعۃً ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جیسے ہمارے پیارے امام سیّدنا حضورِ انور ہمارے ساتھ رونق افروز ہیں۔

نیشنل مجلس عاملہ کی تمام ممبرات کوہمارےپیارے امام سیّدنا حضرت اقدس خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے جو قیمتی وقت دیا اْس کے لیے ہم سب خوشی اور شکرگزار ی کے جذبات سے مغلوب ہیں۔ اِس میٹنگ میں حضورِانور نے لجنہ کے کاموں کے سلسلےمیںہمیں جو بصیرت افروزرہنمائی اور حکمت عملی عطا فرمائی اْس کے لیے ہم سب اپنے آقا کی ممنون ہیں۔ اور ان شاءاللہ ہم سب اب مزید محنت اور لگن کے ساتھ کام کریں گی تاکہ ہم اْن توقعات پر پورا اْترسکیں جو ہمارے پیارے آقا نے ہم سب یعنی لجنہ اماءاللہ کینیڈا سے وابستہ کی ہیں۔ ان شاء اللہ

شاملینِ ملاقات کے تأثرات

اس ملاقات کے بعد تمام ممبرات عاملہ خوشی، تشکر اور احساس ذمہ داری کے جذبات سے معمور تھیں۔ بعض ممبرات کے تأثرات ذیل میں درج کیے جاتے ہیں:

پیارے آقا سیدنا حضور انور کے ساتھ ملاقات بہت ایمان افروز رہی۔محض خدا تعالیٰ کے فضل اور خلافت کی برکت سے اِن غیر معمولی حالات میں اِس ملاقات کے سامان پیدا ہونا یقیناً ہمارے پیارے رب کا احسان ہے۔ سیّدنا حضورِ انور کی محبت اور شفقت ہم سب کے لیے سرمایۂ حیات ہے۔اور جس طرح حضوراقدس نے سب عاملہ کو گائیڈ کیا اور پُرحکمت ہدایات اور نصائح کیںخدا تعالیٰ ہمیں اُن سب پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

پیارے آقا کا ہنستا مسکراتا شفیق اور نورانی چہرہ ابھی تک میری آنکھوں کے سامنے ہے۔ (معا ونہ صدر)

جب حضورِ انوربراہ راست سکرین پر آئےتو ایسےمحسوس ہوا جیسے میں یک دم ایک روحانی ماحول میں داخل ہو گئی ہوں اور ایک خاص اثر نے مجھے چاروں طرف سےگھیر لیا ہو۔ میں نے درود شریف پڑھنا شروع کیا۔ مجھے توقع نہیں تھی کہ سیّدناحضورِ انور اِس ملاقات کا آغاز مجھ سے کریں گے۔ جیسے ہی حضورِانور نے مجھ سے بات کرنا شروع کی تو ایسا لگا کہ جیسےیہاں کوئی اور دوسرا موجودنہیں ہے سوائے میرے اورمیرے آقا،میرے پیارےخلیفہ کے۔ حضورِ انور نےجو سوال میرے ذہن میں تھا، میرےپوچھنے سے پہلے ہی اس پررہ نمائی فرما دی۔ یقیناً یہ سب اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ امام وقت کی فراست ہی کا نتیجہ ہے۔ الحمد للہ ہم سب بہت خوش قسمت ہیں کہ ہم حضورکے پیروکار ہیں۔ الحمدللہ ( سیکرٹری نو مبائعات)

کل کی میٹنگ بہت ایمان افروزتھی۔ ٹرانسمیشن کا معیار اتنا اچھا تھا کہ محسوس ہی نہیں ہوا کہ یہ آن لائن میٹنگ ہے۔ میں اپنے آپ کو بہت خوش قسمت محسوس کرتی ہوں کہ میں نے اِس ملاقات سے اپنے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے بہت کچھ سیکھا۔ میری خواہش ہے کہ ہم سال میں کم از کم ایک بار پیارے آقا سے اِس طرح ملاقات کرسکیں۔ لیکن حضورِانور کی انتہائی مصروفیت کو بھی مدِ نظر رکھناہوگا۔ (سیکرٹری مال)

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضورِانور کے ساتھ یہ ورچوئل (virtual) ملاقات میری زندگی کا سب سے بڑا اور منفرد واقعہ تھا۔ جب سے ملاقات کے دن کا تعین ہوا تھا، میں حیران تھی کہ ہمارے پیارے امام نے لجنہ اماءاللہ کینیڈا کو آن لائن ملاقات کی اجازت عطا فرمائی ہے۔ یہ محض اللہ تعالیٰ کا ایک احسان تھا۔

یہ ملاقات میرے اندر روحانی تبدیلی لانے اور میرے پیارےخلیفہ وقت کے ساتھ میری محبت میں اضافہ کا باعث بنی ہے۔ میں اب بھی چشم ِ تصور میں اپنے پیارے حضورِانور کی سحر انگیز مسکراہٹ کے بارے میں سوچ رہی ہوں۔ میں اس بات پر بھی حیرت زدہ ہوں کہ کس طرح حضورِ انور نےہم سب کے سلام کا فرداًفرداً جواب پوری بشاشت سے دیا۔ میرے لیے یہ اِس ملاقات کا سب سے ناقابل فراموش پہلو ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے امام کو لمبی اور صحت مند زندگی عطا کرے (آمین) ( سیکرٹری امورِ طالبات)

میں اِس حوالے سے تھوڑی گھبراہٹ اور خوف کا شکار تھی کہ ہمارے بیعتیںکم ہیں۔ لیکن اِس کے برعکس جب پیارے آقا کا چہرہ سکرین پر نمودار ہوا تو میرا سارا خوف اَمن میں تبدیل ہوگیا۔ ملاقات سے پہلے میری حالت ایک ایسے کھوئے ہوئے بچے کی طرح تھی جسے معلوم ہی نہیں تھا کہ اْس نےکِدھر جانا ہے۔ ملاقات کے بعد مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے پیارے حضور نے مجھے راستہ دکھادیا اور اْس راستے کو روشن بھی کر دیا ہےاِس لیے میرا سارا خوف امن میں بدل گیا۔جزاکم اللہ احسن الجزا ( سیکرٹری تبلیغ)

خلافت ہی آج کی دنیا کی وہ واحد قیادت ہے جو آنے والی نسلوں کےاخلاق کی حفاظت کی ضامن ہے۔ لجنہ اماءاللہ کینیڈاسے اعلیٰ توقعات وابستہ کرکے ہمارے پیارے امام نے ہمیں ایک واضح پیغام دیا ہے کہ ہمیں اپنی کوششوں میں اضافہ کرنا ہوگا اور اس طرح مزید ترقی کا سفر طے کرنا ہوگا۔ احمدی خواتین کو کبھی بھی یہ فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ سیّدنا حضورِ انور ہمارے روحانی باپ کی حیثیت سے ہمارا خیال رکھتے ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا میں لجنہ کو اپنے پیارے امام کی توقعات کے عین مطابق مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔ (جنرل سیکرٹری)

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہم نے کل ایک تاریخی لمحہ دیکھا۔ ایم ٹی اے کے تعاون سے منعقدہ اِس ملاقات میں ایسے محسوس ہوا کہ جیسے ہم اپنے محبوب آقا کے ساتھ موجودہیں اورگویا آمنے سامنےملاقات ہو رہی ہے۔الحمد للہ۔

میٹنگ میں جاتے ہوئے میں بے حد گھبرا ئی ہوئی تھی کیونکہ معلوم نہیں تھا کہ پیارے حضور کیا پوچھ سکتے ہیں۔ لیکن حضورِانور کا پُر نور مسکراہٹ سے دمکتا ہوا چہرہ دیکھ کر میرے سارے خوف دور ہوگئے۔

میٹنگ میں سیّدنا حضورِ انور کی محبت اورشفقت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اْنہوں نے ہمارےتعلیمی پس منظر اور کیریئر کے بارے میں ذاتی طور پر استفسار فرمایا۔جیسا کہ ایک باپ اپنےبچے کی صلاحیتوں کو مزید فعال بنانے کے بارے میں جانتا ہے انہوں نے بہت پیار سے امریکہ اور جرمنی کی لجنہ کی مثالیں دے کر آگے بڑھنے کے لیے ہماری ہمت افزائی کی۔ یہ بھی اللہ تعالیٰ کا احسان تھا کہ ہم نے اپنےمحبوب آقاکا اپنی خالہ جان (صاحبزادی بی بی امتہ الجمیل صاحبہ) سے دلی لگاؤاور پیاری بی بی جان صاحبزادی امۃ الجمیل بیگم صاحبہ کی حضورِ انور سے محبت اورخلافت کی تعظیم کا نظارہ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔اللہ تعالیٰ ہمیں بھی خلافت کے ساتھ ایک اٹوٹ رشتہ قائم کرنے اور اْس کی اطاعت میں اپنی زندگیاں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (نائب جنرل سیکرٹری)

الفاظ اس ملاقات کے تجربے کا احاطہ نہیں کرسکتے۔ صرف خدا ہی جانتا ہے کہ کل ہم نے ملاقات کے دوران کیا محسوس کیا اور ابھی تک ہم اسی سحر کےزیرِ اثر ہیں۔ الحمد للہ۔ خدا تعالیٰ کےاِس خاص فضل کے لیے میں اس کا شکر ادا نہیں کرسکتی۔ الحمد للہ،الحمدللہ یہ اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ کل میں اس کمرے میں موجود تھی جہاں پیارے آقا انتہائی شفقت اور محبت سے ہر شعبےکی رہ نمائی فرما رہے تھے۔واقعی اللہ تعالیٰ کی اَن گنت نعمتوں کے لیے میں اس کی بے حد شکرگزار ہوں۔خلیفۂ وقت کے ساتھ سب لوگوں کا باری باری بات کرنا اور اْن سے رہنمائی حاصل کرنا ایک حیرت انگیز تجربہ تھا۔ میں نے اْن کے چہرے، مسکراہٹ اور آنکھوں میں نور ہی نور محسوس کیا۔ یہ ایک بہت ہی بھر پور احساس تھا۔ الحمدللہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اپنے پیارے حضور سے ملاقات کا موقع ملا۔

جیساکہ خلیفہ وقت سے دنیا کا ہر احمدی دلی محبت کرتاہے تو میری خواہش ہے کہ کاش ہمیں آپ اقدس سے ملنے اور بات کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں اور مزیدایسےسیشن منعقد ہوں جن سے ہماری ناصرات اور ایسی طالبات کو فائدہ ہوجو خلافت جیسی نعمت کی قدر کو سمجھتی توہیں لیکن وہ حضوِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیزسے ملنے سے قاصر ہیں۔ ایسی ملاقاتیں ناصرات اور لجنہ سٹوڈنٹس کی زندگیوں پر بہت گہرے اثرات مرتب کریں گی۔اللہ تعالیٰ حضورِ انور کو لمبی صحت مند زندگی عطا کرے (آمین) خلافت ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اور جماعت ِ احمدیہ کینیڈا کواجتماعی طور پر حضورِ انور کی توقعات پر پورا اْترتے ہوئےخلافت کی اطاعت اور اِس کا پیغام صحیح معنوں میں ناصرات اور لجنہ تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ( سیکرٹری ناصرات الا حمدیہ)

مجھے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی تھی۔ میں مسلسل ایسے پلان کے بارے میں سوچ رہی ہوں کہ ہم سب سیکرٹریز خدمتِ خلق مل کرحضورِ انور کی خدمت میں ماڈل ولیج کا تحفہ پیش کریں۔ جب پیارے حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ِ العزیز یہ بات فرما رہے تھے تو میں لکھتے وقت محسوس کر رہی تھی کہ جیسےتمام عاملہ ایک ٹیم ہے اور ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔ میں اپنے کام کو بہتر بنانے کے لیے اپنے اندرایک نیا جوش او رجذبہ محسوس کر رہی ہوں۔اللہ تعالیٰ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کو عمر دراز نصیب فرمائے۔آمین ( سیکرٹری خدمتِ خلق)

کینیڈا جماعت کی انتہائی خوش قسمتی ہے کہ اْسےمسلسل دو دن پیارے آقا سے ملاقات کی توفیق ملی۔کیسے کوئی سوچ سکتا ہے کہ ایسا بھی ممکن ہو سکتاتھا۔ (سیکرٹری تعلیم)

میری زندگی کے بہترین لمحات۔ الحمد للہ الحمد للہ اور میں اب بھی ان ہی لمحات میں جی رہی ہوں۔ اللہ ہمیں سیّدنا حضور ِانورکی ہدایات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اِس بابرکت موقع کے لیے میں اللہ تعالیٰ کی مشکور ہوں۔ ( معاونہ صدر۔ انچارج آئی ٹی)

ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں خلافت کی عظیم الشان نعمت عطا کی ہے۔ الحمد للہ کہ ہمیں اپنے پیارے حضور سے ملاقات نصیب ہوئی۔ ایسے محسوس ہوا جیسے ہمارے روحانی باپ ہمارے درمیان موجودہیں جو تمام شعبوں کا یکساں طور پر خیال کرتے ہیں۔ اگرچہ چوبیس گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن میں ابھی بھی اس مجلس کی خوشی محسوس کرسکتی ہوں۔ اُن کی اِس ملاقات نے یقینی طور پر ہم کوپہلے سے زیادہ سخت محنت کرنے کی طرف راغب کیا ہے۔ اتنے کم وقت میں اِتنی زیادہ توجہ اور رہ نمائی ناقابل یقین تھی۔ اس ملاقات سے پہلے میں نے نوافل اداکیے اورحضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ِ العزیز،تمام افرادِ جماعت اورنیشنل عاملہ کے لیے دعا کی کہ خدا تعالیٰ ہمیں حضورِ انورکے سلطانِ نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ۔میرا دل اْس دن بہت دھڑک رہا تھا جب میں نے پیارے آقا کو شدید چوٹ کے بعد پہلی دفعہ سکرین پر دیکھا تھا۔ میں کبھی بھی اس مبارک ملاقات سے محروم نہیں ہونا چاہتی تھی۔جب مجھ سے حضورِانورنے شعبہ اشاعت کے بارے میں جائزہ لیا تو اْس وقت میں اپنے جذبات بیان نہیں کرسکتی،دل چاہتا تھا کہ میں تمام عمر پیارے حضور سے باتیں کرتی رہوں اور اُن کی نصائح اور با برکت آواز سنتی رہوں۔ اللہ تعالیٰ حضور کو لمبی،صحت والی بابرکت زندگی عطا فرمائے اور ہمارے سروں پر اْن کا سایہ برقراررکھے۔ آمین(سیکرٹری اشاعت)

میں نے ذاتی طور پر محسوس کیا کہ حضورِ انور سے ملاقات ایک نہایت بھرپور اورروح پرور تجربہ ہے اور جب بھی آپ پیارے آقا سے ملاقات کرتے ہیں تو ہمیشہ ایسا ہی محسوس ہوتاہے۔ مجھے تو محسوس بھی نہیں ہوا کہ یہ ورچوئل(virtual) میٹنگ ہے۔ آڈیو اور ویڈیو کا معیار بھی بہتر ین تھا۔ اِس ملاقات کا موقع ملنے پر میں تہ دل سے مشکور ہوں۔ (محاسبہ مال)

جب میں نے حضورِ انور کو سکرین پر براہ راست دیکھا تو ان کی موجودگی نے مجھے سکون عطا کیا۔اور میرےدل میں جو بےچینی تھی وہ ختم ہو گئی۔پیارے حضور نے ہم سب سے ذاتی طور پر گفتگو کی جس سے ایسا لگا گویا حضور اقدس سے ملاقات کا حقیقی معنوں میں حق ادا ہوگیا ہے۔ اللہ تعالیٰ پیارے آقا کو صحت والی لمبی عمر سے نوازے۔ آپ اقدس نے ہمیں اپنے قیمتی وقت اور نصائح سے نوازا۔اب ہمیں بھی اُن کی نصائح پرلبیک کہنا چاہیے۔ (معاونہ صدر۔انچارج سوشل میڈیا )

اللہ تعالی ٰکے فضل وکرم سے لجنہ اماءاللہ کینیڈا کو پیارے حضور ِانور کے ساتھ آن لائن ملاقات کا موقع ملا ہے۔ یہ واقعی ایک ایسا یادگار تجربہ تھا جس نے میرے دل کو عجز و انکساری، خوشی اور شکرگزاری کے جذبات سے بھردیا ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کے ساتھ اس طرح بھی ملاقات ممکن ہے۔ یہاں تک کہ ہمارے پیارے حضورِ انور ہمارے سامنے سکرین پرآگئے۔ اور پھر ایسا لگا کہ جیسے سکرین تحلیل ہوگئی ہے، اور وہ واقعی بنفسِ نفیس ہمارے درمیان موجود ہیں اور ہم میں سے ہر ایک سے اس کے شعبےکے بارے میں دریافت کر رہے ہیں اور قیمتی ہدایات کے ساتھ ہماری رہنمائی کررہے ہیں۔

اس تجربے نے واقعی مجھ پر اِس حقیقت کو آشکار کردیا کہ ٹیکنالوجی حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے دعوے پر مہرِ تصدیق ثبت کرتی ہے۔ قطع نظر اِس کے کہ ہمارے اِردگرد کی دنیا میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے،اللہ تعالیٰ اِس الٰہی جماعت کے کاموں کو ترقی کے راستے پر آگے بڑھارہا ہے۔ میرے لیے یہ ایک متاثر کن ملاقات تھی جس نے مجھے دین کی خدمت بجالانے اور اپنے محبوب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مزید لگن اور محنت کے ساتھ کام کرنے کا حوصلہ دیاہے۔

اللہ تعالیٰ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کو لمبی صحت والی زندگی عطا فرمائے۔ اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کواحسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔(سیکرٹری تربیت)

(رپورٹ: امۃ السلام ملک۔ صدر لجنہ اماء اللہ کینیڈا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button