افریقہ (رپورٹس)

پیس سمپوزیم جماعت احمدیہ آبی جان، آئیوری کوسٹ

موجودہ دور میں جہاں ایک طرف اقوام عالم ایک دوسرے کو اپنے زیر نگیں کرنے کے واسطے امن عالم کو پامال کرتی چلی جارہی ہیں تو وہیں جماعت احمدیہ حقیقی اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے، نظام خلافت کی برکت سےعملی کوششوں کے ساتھ ساتھ اکناف عالم میں اپنا نعرہ ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے ساتھ، امنِ عالم کے موضوع پر سیمینار،کانفرنسز اور سمپوزیم کے انعقاد سے دنیا کو امن و سلامتی کی طرف لانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ چنانچہ آئیوری کوسٹ،مغربی افریقہ میں آمدہ الیکشن کے تناظر میں جہاں حکومت وقت کی جانب سے بھی عوام الناس میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے کوششیں کی جاری ہیں وہیں جماعت احمدیہ یوپوگوں(Yopugon)آبی جان، آئیوری کوسٹ کوبھی مورخہ 30؍اگست 2020ء بروز اتوار سمپوزیم برائے امن بعنوان ’’پائیدار امن کے بنیادی اصول‘‘ بمقام احمدیہ پرائمری سکول مہدی آباد منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ بعدازاں مکرم جابی مصطفیٰ صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف اور موجودہ دور میں سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن عالم کے لیے کوششوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ نے ’قیام امن کے بنیادی اصول‘ کے عنوان سے سیر حاصل تقریر کی جس میں سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات بسلسلہ امن عالم سے اقتباسات پیش کیے گئے۔ مکرم امیر صاحب کی ہدایت سے مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ نےمختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کواس پروگرام میں شمولیت کی دعوت دی۔ چنانچہ سمپوزیم میں APDHہیومن رائٹس این جی او کے سیکرٹری صاحب کے ساتھ ساتھ مذہبی رہنماؤں، مختلف کمیونیٹیز مثلاً گیورے(guéré)،ووبے(wobè)، سےنوفو(sénoufo)،جولا(djioula)،بےتے (bété)،گورو(gourou)کے مقامی رہ نماؤں، یوتھ رہ نماؤں اور دانشوروں نے شرکت کی جنہوں نے اپنی اپنی تقاریر میں موجودہ حالات میں امن کے قیام پر زور دیتے ہوئے اس بات کو سراہا کہ جماعت احمدیہ نے اپنے اس پروگرام کے ذریعے لوگوں میں قیام امن کی سوچ کو اجاگر کیا ہے۔

تقریب کےاختتام پر مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے اپنی تقریر میں قیام امن کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ دعا کے بعد مہمانان کرام کی کھانے سے تواضع کی گئی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس پروگرام کے دوررس نیک اثرات مرتب کرے اور دنیا میں حقیقی امن کے سامان پیدا ہوں۔ آمین

(رپورٹ:عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button