افریقہ (رپورٹس)

الوداعی تقریب شاہدین 2020ء جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا

محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے درجہ شاہد کی الوداعی تقریب مورخہ 5؍ستمبر2020ء بروز ہفتہ منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت مکرم فریداحمد نوید صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ نے کی۔ اس سال 5ممالک کے 8خوش نصیب طلبہ فارغ التحصیل ہو کر مبلغین کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل پہلے سال،2017ء میں 11ممالک کے 26طلبہ، دوسرے سال 10ممالک کے 13طلبہ اور تیسرے سال 8ممالک کے 14طلبہ نے شاہد کا کورس مکمل کیا تھا۔ اس طرح جامعہ کی اس شاخ سے اب تک کل 61مبلغین میدان عمل میں پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ آئندہ سال 2021ء میں فارغ التحصیل ہونے والے شاہدین کی تعداد31ہے۔ امسال پاس ہونے والے طلباء کے اسماء مع ممالک درج ذیل ہیں:

1 خالد محمود احمد انڈونیشیا

2 مرزا فراز احمد طاہر برکینا فاسو(پاکستانی نژاد)

3 ناصر احمد طاہر انڈونیشیا

4 فجر کوثر انڈونیشیا

5 معارف معتبرات انڈونیشیا

6 کازیبوے رمضان یوگنڈا

7 عیدی ابواؤ کینیا

8 حسین یوسف تنزانیہ

وبائی ایام کی وجہ سے تقریب محدود پیمانے پر منعقد کرنے کا اہتمام کیا گیا جس میں صرف اساتذہ جامعہ احمدیہ اور فارغ التحصیل ہونے والے شاہدین نے شرکت کی۔ تلاوتِ قرآن کریم اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی نظم ’’محاسن قرآن کریم”سے چند اشعار پیش کرنے کے بعدتمام شاہدین نے “خلافت کے ادنیٰ سپاہی ہیں ہم”کے چند اشعار خوش الحانی سے پیش کیے۔ اس کے بعد خاکسار نے تعلیمی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتا یا گیا کہ جامعہ کا نصاب اور تمام پروگرام قرآن کریم اور سنت نبوی ﷺ کے گرد گھومتے ہیں اور اس کی روشنی میں طلبہ کو دینی اور دنیاوی علوم سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ طلبہ جامعہ کی علمی و عملی صلاحیتوں میں نکھار اور وسعت پیدا کرنے کی غرض سے جامعہ میں تدریسی علوم کے علاوہ عملی کارروائیوں کا سلسلہ بھی دوران سال جاری رہتا ہے۔ ان امور میںMTA کے لیے پروگراموں کی تیاری و چیکنگ، گھانا ٹیلی وژن GTV اور Cine Plus کے متعدپروگرامز میں پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات،دوران تعطیلات وقف عارضی میں حصہ لینا، تحریری،تقریری اور علمی مقابلوں میں شرکت، مختلف کھیلوں فٹ بال، والی بال، رسہ کشی وغیرہ کے علاوہ 20 کلومیٹر کراس کنٹری ریس بھی شامل ہیں۔ جامعہ کے 7سالوں کے اختتام پر تحریری امتحان بھی ہوتا ہے اور تمام طلبہ ایک علمی موضوع پر مقالہ بھی تحریر کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے سب طلبہ امتحان اور مقالہ نویسی میں کامیاب قرار پائے۔

تعلیمی رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد تقریب کے مہمان خصوصی مکرم انور اقبال ثاقب صاحب،استاد جامعہ احمدیہ گھانا نے طلباء کو میڈلز دیے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا شاہدین 2019ء کے لیے طبع شدہ پیغام تقسیم کیا۔ اس تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا، جو مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ نے کروائی ۔ بعد ازاں تقریب کے شرکاء کی چائے کے سا تھ تواضع کی گئی۔ نیز فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کا گروپ فوٹو بھی ہوا۔

یہ طلباء اپنے ملکوں کی روانگی کے لیے مؤرخہ 8ستمبر کو نیشنل ہیڈ کوارٹر اکرا (Accra) گئے۔ مکرم نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ گھاناکے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی۔ طلباء نے آنمکرم سے سندات وصول کیں اور تصاویر بھی بنوائیں۔

اللہ تعالیٰ ان فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کو جماعت احمدیہ کا نہایت مفید وجود بنائے۔ غلبہ اسلام کی عالمگیر مہم میں خلافت احمدیہ کا حقیقی معنوں میں دست و بازو اور سلطان نصیر بنادے اور وقف کے میدان میں وفا کے اعلیٰ معیار قائم کرتے ہوئے مقبول خدمات دینیہ بجا لانے کی توفیق بخشے۔آمین

(رپورٹ :ساجد محمود بٹر استاد جامعہ احمدیہ گھانا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button