افریقہ (رپورٹس)

نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ سینیگال

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہ نمائی میں جماعت احمدیہ روز افزوں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ گزشتہ چند مہینوں سے کورونا وائرس وبا نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے کر جس طرح مفلوج کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس وبا اور اس کے نتیجے میںہونے والے معاشی بحران کے باوجودجماعت احمدیہ کا قدم ہر لمحہ اپنی منزل کی جانب آگےبڑھ رہا ہے۔

مذکورہ بالا پس منظر کے باوجود حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاز راہ شفقت مجلس انصار اللہ سینیگال کو اپنا سالانہ اجتماع مورخہ 30و 31؍اکتوبر 2020ء کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر اور پابندیوں کے مطابق منعقد کرنے کی اجازت عطا فرمائی۔

امسال جماعتی کیلنڈر 2020ء مرتب کرتے ہوئے امیر جماعت سینیگال مکرم ناصر احمد سدھو صاحب نے یہ ہدایت جاری کی تھی کہ امسال نیشنل اجتماع انصار اللہ سینیگال تانباکنڈا ریجن (Tambacounda)میں منعقد ہو گا۔

چنانچہ مقررہ تواریخ سے ایک ماہ قبل ہی ریجنل سطح پر ریجنل زعیم انصاراللہ مکرم سالف والی صاحب اور لوکل معلم مکرم بدرا سار صاحب کی سرکردگی میں ایک کمیٹی قائم ہوئی۔ اس کمیٹی کی تین میٹنگز ہوئیں جن میں اجتماع سے متعلقہ انتظامات و تیاری کا جائزہ لیاگیا۔

مورخہ 29؍اکتوبر بروز جمعرات کو ہی مجلس انصاراللہ کے ممبران دیگر ریجنز مثلاًDakar (465km), Zinginchour (435km), Theis (380km) & Saint Louis (525km) سے آنا شروع ہو گئے تھے۔

مورخہ 30؍اکتوبر2020ء کو مکرم امیر صاحب سینیگال نے خطبہ جمعہ کے ذریعہ اجتماع کا افتتاح کیا جس میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

بعد ازاں انصار کے مابین 8 ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں کلائی پکڑنا، میوزیکل چیئر، ریلے ریس، 100 میٹر دوڑ، فٹ بال اور دیگر مقابلہ جات شامل ہیں۔

نمازمغرب و عشاء کے بعدانصار کے مابین علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں تلاوت، حفظ قرآن، دینی معلومات وغیرہ شامل ہیں۔ اگلے دن بروز ہفتہ دیگر ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ بعد ازاں ایک طویل مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔

اس کے بعد مکرم یونس بوجاں صاحب صدر مجلس انصار اللہ سینیگال نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ اختتامی تقریب کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ جس کے بعد تمام انصار اپنے گھروں کی طرف روانہ ہوگئے۔

شعبہ رجسٹریشن کے مطابق انصار کی تعداد 211رہی اور دیگر معاونین خدام کو ملا کر کل تعداد 250 سے زائد رہی جو کہ گزشتہ سال کی تعداد سے دو گنی ہے۔ الحمدللہ علی ذالک

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو انصار کی تربیتی و تعلیمی ہر دو لحاظ سے ترقی کا ذریعہ بنائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button