افریقہ (رپورٹس)

عشرہ سیرت النبیﷺ، آئیوری کوسٹ

سید الرسل و خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی حیات طیبہ نہ صرف مسلمانان عالم بلکہ تمام اقوام عالم کے لیے ایک اسوہ کاملہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ رسول کریمﷺ کی پیدا ئش کے بابرکت ماہ ربیع الاول نیز موجودہ دور میں رسول کریمﷺ کی ذات بابرکات پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کے پیش نظر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کوملکی سطح پر مورخہ 28اکتوبر تا 08 نومبر2020ء عشرہ سیرت النبیﷺ منانے کی سعادت نصیب ہوئی۔

مکرم امیر صاحب و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ کی ہدایت کے پیش نظر عشرہ کا باقاعدہ آغاز ملک کے مختلف ریجنز میں باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کے ساتھ کیا گیا نیز بعد ازاں درس کا اہتمام کیا گیا جس میں آنحضرت ﷺ کی سیرت طیبہ کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ احباب جماعت کو معمول کی زندگی میں آپؐ کی ذات بابرکات پر کثرت سے درود شریف پڑھنے پر بھی زور دیا گیا۔ عشرہ کے دوران مختلف مقامات پر خطبات جمعہ، دروس، جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ، سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں نیز امام زماں و خلفائے کرام کی بیان کردہ سیرت النبیﷺ پر ریڈیو پروگرامز نیز بک سٹالز کے ذریعے نہ صرف ممبران جماعت بلکہ دیگر غیر از جماعت و غیر مسلم احباب میں بھی آپؐ کی سیرت اجاگر کی گئی۔

اس عشرہ کے دوران آئیوری کوسٹ کے 18ریجنز کی 110جماعتوں میں ریجنل مبلغین کرام ومعلمین کرام و مقامی معلمین و تنظیموں کے تعاون سے کل 110جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا جن میں کل 6500افراد نے شرکت کی۔ جبکہ اس عشرہ کے دوران 76خطبات جمعہ بعنوان ’آنحضرتﷺ کی حیات مبارکہ ‘مساجد میں دیے گئے جن سے کل 10000افراد نے استفادہ کیا۔ نماز فجر و مغرب کے بعد جماعتوں میں دروس کا بھی اہتمام کیا گیا جن کے ذریعے آپؐ کی سیرت کو اجاگر کیا گیا۔ ان دروس کو تقریباً 3000 افراد نے سنا۔ دوران عشرہ مختلف ریجنز کے مقامی ریڈیو چینلز پر رسول کریمﷺ کی حیات طیبہ کے عنوان سے پروگرامز بھی چلائے گئے جن کے سامعین کی تعداد 50000 کے قریب ہے نیز کل 23بک سٹالز کا انعقاد کیا گیا جس میں 42کتب بعنوان حیات محمدﷺ بزبان فرنچ لوگوں نے خریدیں ۔اس طرح سے مسلم احباب کے ساتھ غیر مسلم افراد نے بھی استفادہ کیاجبکہ انہیں سٹالز اور دیگر جگہوں پر کل 4000پمفلٹس بھی راہگیروں میں تقسیم کیے گئے۔

عشرہ کے دوران ہونے والے جلسہ جات میں مقامی صحافی احباب نے بھی شرکت کی جسکی رپورٹس بعد ازاں مقامی آن لائن اخبار و چینلز مثلاً Nordsud, Adidjan.net, AIP نیز کئی مقامی ریڈیو چینلز میں بھی رپورٹس نشر ہوئیں۔ مقامی احباب نے جماعت احمدیہ کی اس کاوش کو سراہا کہ جماعت نے صحیح رنگ میں آنحضرتﷺ کی حقیقی سیرت کو لوگوں کے سامنے پیش کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی اس حقیر سی مساعی کو بپایہ قبولیت جگہ دے اور خلافت کے سائے تلے تمام مسلمانوں کو خاتم الانبیاءﷺکی سیرت طیبہ کو اپنی زندگی میں عملی طور پر لاگو کرنے کی توفیق عطا فرمائےاور حقیقی مسلمان و مومن بننے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button