افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ نائیجر کے طول و عرض میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کا انعقاد

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

الحمدللہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو ملک کے مختلف ریجنز کے شہروں و دیہات میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی۔ ان بابرکت جلسوں میں احمدی و غیر احمدی احباب نے ایک کثیر تعداد میں شرکت کی اور نبی کریمؐ کی پاکیزہ سیرت کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر سنیں۔ان تقاریرمیں بتایا گیا کہ حضرت مسیحِ موعودؑ ہی دورِ حاضر میں آنحضورؐ کے عاشقِ صادق اور حقیقی غلام ہیں اور آنحضورﷺ کی اتباع سے آپ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کا قرب اور نبوت کا مقام حاصل کیا۔ نائیجر میں مسلمانوںکی آبادی دیگر مذاہب سے زیادہ ہے اور ہر سال ربیع الاول کے مہینہ میں آنحضورؐ کی مدح میں میلاد وغیرہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ایسے میں آنحضورؐ کے وعدوں کے موافق آخرین کی جماعت حضرت مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں آنحضرتﷺ سے محبت کے اظہار کا حقیقی اور درست طریق تمام عالمِ اسلام کوسکھلانے میں کوشاں ہے اور اسی کو اساس سمجھتے ہوئے نائیجر میں جلسوں کے انعقاد کے دوران اس بات کو ملحوظ رکھا گیا کہ آنحضورﷺ پر درود و سلام اور آپؐ کی کامل اطاعت و فرمانبرداری کی اہمیت نیز سیرت النبی ﷺ کے جلسوں کا سارا سال انعقاد کرتے رہنا ہی درحقیقت ایک مسلمان کا اپنے نبی کریمؐ سے محبت کا حقیقی اظہار ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک کے طول و عرض میں منعقد کیے جانے والے یہ جلسے نا صرف نومبائع احمدیوں کی تربیت کے لیے نہایت موزوں رہے بلکہ غیر احمدی احباب کے لیے بھی جماعت احمدیہ کو قریب سے سمجھنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو ملک بھر میں 53 جلسہ ہائے سیرت النبیؐ کے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی جن میں تین ہزار سے زائد احمدی افراد جبکہ 469 غیر احمدی احباب و خواتین نے شرکت کی۔

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button