افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کا 36واں نیشنل اجتماع

(سید سعید الحسن شاہ۔ نائب امیر و مبلغ انچارج دی گیمبیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 25تا27دسمبر 2020ء کو مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا نے اپنا 36واں نیشنل اجتماع بڑی کامیابی کے ساتھ مسرور سینئر سیکنڈری سکول اولڈ ینڈیم میں منعقد کیا۔ کورونا وائرس کی وبا کے بعد یہ پہلا پروگرام تھا جو نیشنل سطح پر ہوا۔

امسال اجتماع کا مرکزی نقطہ ایمرجنسی صورتحال میں خدام کا کردار تھا۔ اجتماع کے علمی پروگرام سکول میں تعمیر ہونے والے انتہائی دیدہ زیب مسرور ہال میں منعقدہوئے۔

اجتماع کا آغاز نمازجمعہ کی ادائیگی سے ہوا۔ خاکسار نے خطبہ جمعہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدام الاحمدیہ کو مختلف ملاقاتوں میں کی جانے والی نصائح میں سے چند ایک کا تذکرہ کیا جن کا تعلق خاص طور پر پنج وقتہ نماز اور سوشل میڈیا سے تھا۔

بعد ازاں اجتماع کا افتتاحی پروگرام ہوا۔ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے افتتاحی تقریر میں خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ۔ اجتماع میں وزیر یوتھ اینڈ سپورٹس مہمان خصوصی تھے جنہوں نے جماعت احمدیہ کے نظم ونسق کی خوب تعریف کی اور بتایا کہ نوجوانوں کی تربیت قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اجتماع کے دوران مختلف تربیتی موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ نیز علمی اور ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے جن میں خدام نے بھر پور طریق سے حصہ لیا۔

اجتماع کی اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے خدام کو نصائح کیں اور خلافت سے مضبوط تعلق قائم کرنے پر زور دیا۔ بعد میں پوزیشن لینے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

امسال خدام نے تصویری نمائش کا بندوبست بھی کیا ہوا تھا جسے بہت پسند کیا گیا۔ تربیت کے نقطہ نظر سے اجتماع کے تینوں دن نماز تہجد اور پنج وقتہ نمازیں باجماعت ادا کرنے کا بندوبست کیا گیا تھا۔ اسی طرح حضور انور کے خطبہ جمعہ سنانے کا بندوبست بھی تھا۔ ملک کے طول و عرض سے شاملین کی تعداد سات صد کے قریب تھی ۔ نیشنل ریڈیو اور ٹی وی نے اپنے خبرنامہ میں اس کی خبر کوشامل کیا ۔

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نائب امیر و مبلغ انچارج دی گیمبیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button