افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے لُنسر ریجن میں مسجد بیت العافیت اور مشن ہاؤس کا بابرکت افتتاح

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو 16؍دسمبر2020ء کولُنسرریجن کی جماعت ماموسا (Mamusa) میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 2009ء میں ہوا تھا۔ اس مسجد اور اس سے ملحقہ مشن ہاؤس کی تعمیر کا تمام خرچ مکرم چودھری جہان خان صاحب مرحوم و مکرمہ رابعہ بیگم صاحبہ مرحومہ آف 87شمالی، سرگودھا، پاکستان کی طرف سے ان کے بیٹوں اور بیٹیوں جو کہ پاکستان، جرمنی، کینیڈا اور یوکے میں مقیم ہیں ، نے ادا کیا۔ اس بارہ میں ان کی بیٹی مکرمہ ناصرہ نذیر صاحبہ کی تحریک پر جملہ خاندان نے اس قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اس مسجد کا نام مسجد بیت العافیت عطا فرمایا ہے۔ یہ مسجد لُنسر ریجن میں فری ٹاؤن ہائی وے پر واقع ہے۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 30؍نومبر2019ء کو مکرم عبدالکریم کروما صاحب، ممبر آف پارلیمنٹ نے ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا اور اس مسجد کی تعمیر کے کام کی مکمل نگرانی کی سعادت مکرم رانا بابر شہزاد صاحب، ریجنل مبلغ لُنسر کو حاصل ہوئی۔ مسجد کا کل مسقف ایریا 3040فٹ ہے اور اس میں 200افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ جبکہ مشن ہاؤس کا مسقف احاطہ1635 فٹ ہے۔ دونوں تعمیرات پر 105ملین لیون سے زائد کی رقم خرچ ہوئی۔ مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر میں علاقہ کے لوگوں نے بہت سے وقار عمل کیے اور اس طرح تعمیر کےخرچ میں کافی بچت ہوئی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن 11بجے مولانا سعیدالرحمٰن صاحب، امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ و نظم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے حاضرین سے مخاطب ہوئے اور اپنی تقریر میں قرآن پاک کی اہمیت و عظمت بیان کی اورا مام مہدی کی آمد اور نشانات کے بارے میں بتایا۔ بعد ازاں آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں ایک ریجنٹ چیف، ایک چیفڈم سپیکر، دو سیکشن چیفس سمیت کل آٹھ چیف شامل ہوئے۔ چیفڈم امام، چیئرمین امام کونسل مرامپا چیفڈم سمیت 22امام، سکولوں کے پرنسپل، ٹیچرز، ایک عیسائی پادری سمیت کل 472 احمدی و غیراحمدی احباب اس بابرکت تقریب میں شامل ہوئے۔ پروگرام میں لُنسر ریجن کی 31 جماعتوں کی نمائندگی ہوئی۔

دعا ہے کے یہ مسجد ہمیشہ نمازیوں سے آباد رہے۔ آمین

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button