حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(21؍جنوری۔09:00 GMT)

کل مریض: 97,359,286

صحت یاب ہونے والے: 69,919,911

وفات یافتگان: 2,084,672

٭…نو منتخب 79سالہ جوبائیڈن نے بدھ 20؍جنوری کو امریکہ کے 46ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا کر وائٹ ہاوس میں اپنے چار سال کے دور کا آغاز کر دیا ہے۔صدر اور نائب صدرکی حلف برداری کی تقریب کورونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر امریکی قوم کے لیے آن لائن یعنی ورچول رہی۔ سابق صدور سمیت لگ بھگ ایک ہزار مہمانان کو تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سیکیورٹی خطرات اور ممکنہ مسلح مظاہروں کے پیشِ نظر ہائی الرٹ رہا۔

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روایات کے برعکس نئے صدر بائیڈن کی افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہوئے اور بدھ کی صبح اپنے دور اقتدار کے ختم ہونے سے کچھ گھنٹے قبل ہی وائٹ ہاوس سے فلوریڈا کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔

کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی 56سالہ کملا ہیرس نے بھی امریکہ کی نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا جس کے ذریعے انہوں نے بطور خاتون اس عہدے کا حلف لے کر ملک میں ایک نئی تاریخ بھی رقم کردی۔ کملا ہیرس کو امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر بننے کے علاوہ یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پہلی سیاہ فام نائب صدر اور جنوبی ایشین نژاد ہیں۔امریکہ کی تاریخ میں اب تک صرف دو خواتین کو نائب صدر کے امیدوار کے طور پر چنا گیا ہے۔ رپبلکن جماعت کی جانب سے سارہ پالن کو 2008ء میں اور ڈیموکریٹس کی جانب سے جیرالڈین فیریرو کو 1984ء میں۔ تاہم دونوں کی وائٹ ہاؤس تک رسائی ممکن نہ ہو سکی تھی۔

٭…اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی غیرقانونی بستیوں کی منظوری دے دی۔ فلسطینی حکام نے اسرائیل کی جانب سے غیرقانونی آبادکاری کی مذمت میں کہا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام نئی امریکی انتظامیہ کی امن کی کوششوں کوناکام بنانے کے مترادف ہوگا۔

٭…قطرکے وزیر خارجہ شیخ محمدبن عبدالرحمان الثانی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ایران۔ امریکہ مذاکرات کے لیے سہولت کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ قطر چاہتا ہے کہ خلیجی ممالک ایران سے مذاکرات کریں۔ قطر نےخلیج تعاون کونسل ممالک سے بھی ایران سے مذاکرات کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ مذاکرات کی حمایت کریں گے۔

٭…تین براعظموں پر حکومت قائم کرنے والی سلطنتِ عثمانیہ کے آخری وارث دندار عبدالکریم عثمان اولو 90 برس کی عمر میں 19؍ جنوری 2021ء کو شام کے دارالحکومت دمشق میں انتقال کرگئے۔سلطنتِ عثمانیہ کے خاتمے کے بعد جب شاہی خاندان کو ترکی سے جلا وطن کیا گیا تو دندار عبدالکریم عثمان کا خاندان دمشق منتقل ہوگیا تھا۔ ان کی پیدائش 1924ء میں وہیں ہوئی تھی۔

٭…ترکی میں فتح اللہ گولن تحریک سےتعلق کے شبہ میں 238 افراد کی گرفتاری کاحکم دے دیا گیا ہے۔ مشتبہ افراد میں حاضر سروس کرنل، لیفٹننٹ کرنل، میجر سمیت فوجی افسران شامل ہیں۔ پراسیکیوٹر کے حکم پر 160 دیگر مشتبہ افراد کو بھی گرفتارکیا گیا ہے۔ ترکی میں 2016ء میں حکومت کے خلاف بغاوت کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔

٭…متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ کچھ عرصہ قبل طے پانے والا ویزا فری معاہدہ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث یکم جولائی 2021ء تک معطل کردیا۔ یکم جولائی 2021ء کے بعد ویزا فری معاہدے پر دوبارہ عملدرآمد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ اس وقت تک پیشگی ویزا کی سہولت دی جائے گی۔

٭…امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار چھوڑنے سے پہلے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ ’مجھے فخر ہے کہ میں دہائیوں میں وہ پہلا صدر ہوں جس نے کوئی نئی جنگیں شروع نہیں کیں۔‘ یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کہا کہ ’ہم نے وہی کیا جو ہم کرنے آئے تھے۔ میں نے مشکل اور سب سے سخت ترین لڑائیوں کا انتخاب کیا کیونکہ آپ نے مجھے اسی لیے منتخب کیا تھا۔‘ کیپٹل ہل میں ہنگامہ آرائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’سیاسی تشدّد ہر اس چیز پر حملہ ہے جس کو ہم بحیثیت امریکی سراہتے ہیں۔ اسے کبھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔‘ ٹرمپ نے متنبہ کیا کہ اب ملک کو درپیش ’سب سے بڑا خطرہ‘ ہماری قومی عظمت سے اعتماد کا ضیاع ہے۔

٭…یورپ اور برطانیہ کے درمیان چلنے والی معروف ٹرین سروس یورو سٹار کے کورونا وائرس کے باعث بینک کرپٹ ہونے کے خدشے کا اظہار یورو سٹار کے چیف ایگزیکٹو جیک داماس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورو سٹار کے بزنس میں 82فیصد کمی واقع ہو چکی ہے۔ اگر ان کے ادارے کو فرانس اور برطانوی حکومت کی طرف سے امداد نہ دی گئی تو یورو سٹار کی جانب سے کمائے گئے تمام وسائل گرمیوں سے پہلے ہی ختم ہو جائیں گے۔یاد رہے کہ یورپ اور برطانیہ کے درمیان واقع انگلش چینل میں زیر سمندر چلنے والی یورو سٹار ٹرین سروس، فرانس اور برطانوی کمپنیاں مل کر چلاتی ہیں، جس میں 55فیصد حصص کی مالک فرانسیسی ریل کمپنی SNCF ہے۔ جیک داماس کے مطابق 2019ء میں یورو سٹار نے 1.1 بلین یوروز کمائے تھے جبکہ یکم اپریل 2019ء سے وہ اپنی مجموعی آمدن کا صرف 5فیصد ہی حاصل کر پا رہی ہے۔

٭…ٹیکس حکام کا وسیع فراڈ سامنے آنے پر نیدر لینڈز کی پوری حکومت نے استعفیٰ دے دیا۔ نیدرلینڈز کے قوانین کے تحت ملازمت پیشہ والدین کو بچوں کی دیکھ بھال کے لیے حکومت کی جانب سے معاوضہ ملتا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کی کسی بھی چائلڈ کیئر سینٹر، سکول یا پرائیویٹ ملازم کے ذریعے دیکھ بھال کرسکیں۔ مگر گزشتہ چند برسوں کے دوران ٹیکس حکام نے ہزاروں والدین پر جھوٹے الزامات عائد کرکے ان سے چائلڈ کیئر کی مد میں وصول کئے اور اس طرح لاکھوں یورو زبردستی واپس لیے۔ بعض جوڑوں نے اپنے گھر فروخت کرکے یہ رقم ادا کی۔ تحقیقات کے مطابق اس فراڈ کے باعث ہزاروں افراد دیوالیہ ہوگئے اور کئی جوڑوں کی طلاق بھی واقع ہوگئی۔

٭…کورونا وائرس کے بعد سے عمرہ اور نماز کے لیے مسجد الحرام آنے والوں کی تعداد 67 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ مکہ سے حرمین انتظامیہ کے مطابق تمام زائرین پر ’اعتمرنا‘ایپ کے ذریعے نماز اور عمرے کا اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہے۔

٭…ناروے میں امریکی کمپنی فائزر کی کورونا ویکسین لگوانے والے 75سال اور اس سے زائد عمر کے 29افراد دم توڑ گئے۔ چین نے ناروے میں ہونے والی اموات پر خاموشی اختیار کرنے پر مغربی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ناروے نے بزرگ افراد پر صحت سے متعلق فائزر ویکسین کے حفاظتی اقدامات پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے تاہم ان اموات کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ناروے میں 42ہزار افراد کو فائزر کی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔

٭…سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ اور برازیل سے آنے والوں کے لیے سفری پابندی ختم کردی ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ بہترین اقدام ہے۔ دوسری جانب جو بائیڈن کے پریس سیکریٹری نے کہا تھا کہ ٹرمپ کے اعلان کے باوجود امریکہ سفری پابندیاں ختم نہیں کرے گا۔

٭…کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے رابطے میں آنے کے بعد برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک قرنطینہ میں چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں این ایچ ایس کووِڈ ایپ سے متاثرہ شخص سے رابطے میں آنے کا الرٹ کا میسج موصول ہوا ہے، جس کے بعد احتیاطی طور پر اتوار تک گھر میں تنہائی اختیار کرلی ہے۔

٭…21؍جنوری:کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 2کروڑ 53لاکھ 54زار 703مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1لاکھ 12ہزار 266کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6کروڑ 99لاکھ 19ہزار 911کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10سرِ فہرست ممالک میں 33کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکہ پہلے نمبر پر ہے ، ایک ارب سے زائد آبادی والا بھارت مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ دوسرے نمبر پر، برازیل تیسرے نمبر پر جبکہ روس چوتھے نمبر پر ہے ۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات دوبارہ تیزی سے بڑھنے لگی ہیں، فرانس میں کورونا وائرس کی وبا سے مجموعی اموات 70ہزار سے زائد ہو چکی ہیں، ترکی اس فہرست میں ساتویں، اٹلی آٹھویں، سپین نویں جبکہ جرمنی دسویں نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس 48 ہزار سے زائد زندگیاں نگِل چکا ہے جبکہ اب تک اس کے 20لاکھ 5938ہزار 314کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایک ارب 43کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین کا اس فہرست میں نمبر 83ہو چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 88ہزار 454 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے چار ہزار سے زائد ہے۔ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31ویں نمبر پر آگیا ہے۔

٭…جاپان میں ایک سروے کے مطابق کرونا وائرس کی دوسری لہر میں خواتین اور بچوں میں خودکشیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طویل وبائی بیماری نے صنعتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جہاں زیادہ خواتین ملازمین ہیں جس سے ماؤں پر بوجھ بڑھتا جارہا ہے جبکہ گھریلو تشدد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

٭…بنگلہ دیش کی نجی کمپنی گلوب بائیوٹیک نے جانوروں پر تجربات میں کامیابی کے بعد انسانوں میں ویکسین آزمائش کے لیے بنگلہ دیش میڈیکل ریسرچ کونسل کو درخواست دے دی ہے۔ بنگلہ دیش کا 25؍جنوری تک آکسفورڈ اور آسٹرازینیکا کورونا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں بھارت سے لینے کا ارادہ ہے جبکہ بنگلہ دیش میں چین کی کورونا ویکسین کے آزمائشی تجربات بھی زیرغور ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں کورونا کیسز 5لاکھ 29ہزار سے زیادہ اور اموات 7ہزار سے زائد ہیں۔

٭…ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈراس ایڈہانوم گیبریاسس نے خبردار کیا ہے کہ امیر اور غریب ممالک کے درمیان وسیع خلیج کے باعث خدشہ ہے کہ دنیا کی ایک بہت بڑی آبادی جسے ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی ضرورت ہے ان ٹیکوں سے محروم رہ جائے گی۔ ویکسین کی دستیابی میں عدم مساوات کے باعث اس وقت دنیا کوایک ’’تباہ کن اخلاقی ناکامی‘‘ کا سامنا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ اس وقت حال یہ ہے کہ امیر ممالک میں نوجوان اور صحت مند لوگوں کو پہلے ویکسین لگائی جارہی ہے جبکہ غریب ممالک میں کمزور افراد کو اس کی کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ اب تک دنیا کے قدرے امیر 49ممالک میں ویکسین کے کل ملا کر انتالیس ملین ٹیکے دیے جا چکے ہیں جبکہ ایک غریب ملک میں بمشکل پچیس ٹیکے مہیا کیے جا سکے ہیں۔

٭…ایک تازہ عالمی رپورٹ میں خود ورلڈ ہیلتھ آرگینائزیشن (ڈبلیو ایچ او) پر وبا کی شروعات میں عالمی ایمرجنسی کا اعلان نہ کرنے پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ رپورٹ مرتب کرنے والے ماہرین کی ٹیم کی قیادت نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم ہیلن کلارک اور افریقی ملک لائبیریا کے سابق صدر ایلین جانسن سرلیف نے کی۔غیر جانبدار ماہرین کی اس رپورٹ میں چین پر بھی نکتہ چینی کی گئی ہے کہ اگر وہاں پچھلے سال حکام وبا پر قابو کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرتے تو شاید عالمی سطح پر بحران اتنا تیزی سے نہ پھیلتا۔ رپورٹ کے مطابق، عالمی ادارہ صحت نے پچھلے سال چین کے بعد کئی ملکوں میں لوگوں میں وائرس پھیلنے کے شواہد کو نظرانداز کیا۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے اپنی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس بلانے میں بھی تاخیر کی اور پھر تیس جنوری کو اپنے دوسرے اجلاس میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button