ایشیا (رپورٹس)

احمدیہ مسجد بیت الاحد جاپان میں جاپانی نوجوانYudai Inokawa نے مترنم قصیدہ بردہ شریف پیش کیا

(انیس رئیس۔ مبلغ انچارج جاپان)

یکم مارچ 2021ءکو جاپان کے ایک نوجوان گلوکار (singer) مکرم Yudai Inokawaنے دنیا سے کورونا وائرس کی وبا کے خاتمہ اور بیماروں کی شفایابی کے مقصد کی خاطر مشہور ’’قصیدہ بردہ شریف‘‘ پڑھا۔

آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں یہ قصیدہ امام بوصیری کا کلام ہے ۔ اور یہ وہ مبارک قصیدہ ہے جس کے بارہ میں ذکر ملتا ہے کہ جب امام بوصیری فالج سے بیمار ہوگئے تو ایک دن آپ نے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ایک قصیدہ لکھنے کا سوچا تاکہ اس کے وسیلے سے آپ اللہ تعالیٰ سے شفا طلب کریں۔امام بوصیری قصیدہ رقم کرنے کے بعد سوئے تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم آپ کی خواب میں تشریف لائے ۔ امام بوصیری نے اپنا لکھا ہوا قصیدہ پیش کیا۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے خواب میں ہی اپنا دست مبارک ان کے جسم پر پھیرا اور اپنی چادر ان کے جسم پر اوڑھا دی۔ اللہ تعالیٰ نے فضل فرمایا اور امام بوصیری صبح بیدار ہوئے تو فالج سے شفایاب ہوچکے تھے۔ عربی میں چادر کو بردہ کہتے ہیں لہٰذا یہ ’’قصیدہ بردہ‘‘ کے نام سے مشہور ہوا۔

جاپانی دوست جو ایک نوجوان ابھرتے ہوئے گلوکار (singer) ہیں انہوں نے مسجد بیت الاحد میں کوئی ایسا دعائیہ کلام پڑھنے کی خواہش ظاہر کی جو ’’شفا یابی ‘‘ کے موضوع پر مشتمل ہو ۔ چنانچہ جب انہیں ’’قصیدہ بردہ‘‘ کا تعارف کروایا گیا تو نہ صرف انہوں نے دو دن میں یہ قصیدہ یاد کر لیا ، بلکہ نہایت مترنم آواز میں پڑھ کر سنایااور اس کے بعد نماز میں شامل ہو کر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اپنا خاص فضل نازل فرماتے ہوئے دنیا بھر میں بیماریوں میں مبتلا افراد کو شفایاب کرے ۔ انسانوں پر رحم فرمائے اور کورونا وائرس کی وبا کو دنیا سے رفع فرمالے۔آمین۔

آنحضورﷺکی شان میں نہایت خوبصورت اور مترنم آواز میں قصیدہ بردہ پیش کرنے پر ’’لائف آف محمدﷺ‘‘ کا جاپانی ترجمہ بطورتحفہ پیش کیا گیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے پیارے نبی ﷺ کے اخلاقِ فاضلہ پر عمل کرنے کی توفیق بخشے۔آمین

(اس تقریب کی ویڈیو درج ذیل لنک پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے: https://www.youtube.com/watch?v=hy82j9yZjVo )

(رپورٹ: انیس رئیس۔ مبلغ انچارج جاپان)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button