متفرق

گاجر کے فوائد

قدرت نے انسان کو بے شمار نعمتیں عطا فرمائی ہیں۔ انہی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک نعمت گاجر بھی ہے جو انسانی جسم کے لیے مفید غذائی عناصر سے بھر پور ہے۔ موسم ِسرما کی یہ خوش رنگ اور خوش ذائقہ سبزی مزاج میں گرم تر ہوتی ہے۔گاجر کچی کھانے،پکانے، سلاد میں ڈالنے اور اچار بنانے میں استعمال ہوتی ہے۔ گاجر کا استعمال ہر گھر میں ہوتا ہے۔سردیوں میں اس کا حلوہ بھی بڑی رغبت سے کھایا جاتا ہے۔ گاجر کا جوس بھی بچوں اوربڑوں کے لیے بے حد مفید ہے۔گاجر میںتمام سبزیوں اورمہنگے داموں بکنے والے پھلوں سے زیادہ غذائیت ہوتی ہے۔اس میں پروٹین، معدنیات اور وٹامن وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ گاجر کا جوس پینے سے جگر میں موجود زہریلے مواد سے چھٹکارا ملتا ہے۔ یہ جگر کی صفائی کرتی ہے۔ گاجر میں موجود وٹامن Kاور وٹامن Dکیلشیم کے ساتھ مل کر ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ گاجر کے بے شمار فوائد میں سے چند یہ ہیں :

خون کی کمی کو دور کرنا : گاجر میں وافر مقدار میں آئرن پایا جاتا ہے،اس لیے اس کا استعمال خون کی کمی کا شکار افراد کو تجویز کیا جاتا ہے۔

گاجر کھانا جوڑوں کے درد،گٹھیا اور دیگر بیماریوں کے لیے مفید ہے۔

بصارت کے لیے فائدہ مند: گاجر کا استعمال بینائی کے لیے نہایت مفید ہے۔اس میں موجود کیروٹین جو وٹامن کی ابتدائی شکل ہوتی ہے جگر کی مدد سے وٹامن A میں تبدیل ہو جاتا ہے۔یہ وٹامن Aہماری آنکھوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ یہ آنکھوں کے پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے۔گاجر کا روزانہ استعمال آنکھوں کی بیماریوں، بصارت کی کمی، موتیا، اندھا پن سے حفاظت کرتا ہے۔

کینسر سے حفاظت: یہ بڑی آنت، پھیپھڑوں اور چھاتی کے کینسر سے حفاظت کرتی ہے۔ اس کا تازہ رس پینا بھی مفید ہے۔گاجر کو بطور سلاد کچا بھی کھایا جا سکتا ہے۔ یہ کینسر پیدا کرنے والے خلیات کی روک تھام کرتی ہے۔

دل اور ہاضمہ کے لیے فائدہ مند: دل کے امراض کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ گاجر بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی مدد گار ہے۔ ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے گاجر کا استعمال نہایت مفید ہے۔ اس سے نظام انہضام بھی درست رہتا ہے۔ اسہال پیچش اور قبض جیسی بیماریوں سے حفاظت کرتی ہے۔

مضبوط دانت: ریشوں والی سبزی جیسے کہ گاجر وغیرہ منہ میں لعاب تیار کرنے میں مدد کرتی ہے۔دانتوں میں کیڑا لگنے اور حلق کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

گاجر سے نہ صرف مختلف ڈشز بنائی جا سکتی ہیں بلکہ یہ ہماری جلد کو ترو تازہ بھی رکھتی ہے اس سے فیس ماسک اور موسچرائزر بھی بنائے جا سکتے ہیں۔

گاجر میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اور وٹامن اے سورج کی شعاعوں کے اثرات سے ہماری جلد کی حفاظت کرتے ہیں۔ جلد پر موجود جھریاں،چھائیاں اور داغ دھبے دور کرتی ہے۔جلد کی چمک اور تازگی کے لیے اس کو مختلف کاسمیٹکس پروڈکٹس میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

گاجر کا فیس ماسک : گاجر کا فیس ماسک آپ بآسانی گھر پر بھی بنا سکتے ہیں۔اس کے لیے ایک چمچ گاجر کے رس میں ایک چمچ شہد ملا کر مکس کر کے اس کی پیسٹ بنا کر چہرے اور گردن پر لگا کر دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ دس منٹ کے بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔دس منٹ میں ہی چہرہ نرم و ملائم محسوس ہو گا۔

اسکن موسچرائزر کے لیے : دو چائے کے چمچ کدو کش کی ہوئی گاجر،ایک چائے کا چمچ شہد،ایک چائے کا چمچ دودھ کی بالائی، چند قطرے زیتون کا تیل۔

ان سب کو ملا کر پیسٹ بنا لیں اور چہرے اور گردن پر دس منٹ کے لیے لگا کر چھوڑ دیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں۔موسم سرما میں خشک جلد کے لیے نہایت بہترین مو سچرائزرہے۔ یہ جلد کو نرم اور چمکدار بناتا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button