افریقہ (رپورٹس)حضور انور کے ساتھ ملاقات

اراکین نیشنل مجلس عاملہ جماعت احمدیہ نائیجیریا و مربیان سلسلہ، اور نیشنل عاملہ لجنہ اماء اللہ کی امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے الگ الگ (آن لائن) ملاقات

(راجہ اطہر قدوس۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائجیریا)

اراکین نیشنل عاملہ و مربیان سلسلہ نائیجیریا کی حضور انور کے ساتھ آن لائن ملاقات

محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے 20؍فروری 2021ء کو نیشنل مجلس عاملہ نائیجیریا بشمول مبلغین کرام، ڈاکٹرز اور ٹیچرز کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے آن لائن ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ ملاقات احمدیہ مسلم جماعت نائیجیریا کے ہیڈکوارٹرOjokoro، Lagosمیں موجود لجنہ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا سے ملاقات کا آغاز فرمایا اور اس کے بعد تعارف کے ساتھ ساتھ اپنی قیمتی نصائح سے نوازا۔

حضور انور نے نیشنل سیکرٹری تعلیم نائیجیریا کو مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا:

’’آپ کو اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دینی چاہیے۔ کمیٹی کا مقصد سیکنڈری سکول جانے والے طلباء کی مدد کرنا ہے کہ وہ مقامی حالات اور مقامی ضرورت کے مطابق مزید تعلیم کس طرح حاصل کرسکتے ہیں۔‘‘

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نیشنل سیکرٹری تربیت کو اپنی نصائح میں فرمایا:

’’ہر ایک احمدی مسلمان کو روزانہ پانچ وقت کی نماز پڑھنے میں بہت باقاعدہ اور وقت کا پابند ہونا چاہیے، قرآن مجید کی تلاوت بھی باقاعدگی سے ہونی چاہیے، حدیث اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب کا مطالعہ بھی باقاعدگی سے ہونا چاہیے اس سلسلے میں آپ ممبرز کے لیے بھی کچھ کتابیں میسر کریں جو وہ پڑھ سکتے ہیں، وہ کتابیں جن کا انگریزی میں ترجمہ کیا گیا ہے، تاکہ وہ پڑھ سکیں اور جان سکیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد کیا ہے؟ ان کا دعویٰ کیا ہے اور وہ ہم سے کیا چاہتے ہیں اور احمدی مسلمان کو کس طرح برتاؤ کرنا چاہئے۔‘‘

حضور انور نے مزید فرمایا کہ اگر تربیت کا شعبہ سرگرم ہو اور آپ اپنا کام باقاعدگی سے اور احسن طریق پر کریں تو باقی شعبے بھی آسانی سے چلیں گے۔

علاوہ ازیں حضور انور نے ہدایت فرمائی کہ ہر سو افراد کی جماعت میں ایک لوکل مشنری ضرور ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ فرمایا کہ عاملہ کے ہر ممبر کو سال میں دو ہفتے وقف عارضی کرنی چاہیے۔

ملاقات کے دوران حضور انور نے ہر ایک سے ازراہ شفقت تعارف حاصل کیا۔ جو احباب بیمار تھے ان سے حضور انور نے خصوصی طور پر حال دریافت فرمایا۔

اراکین نیشنل عاملہ لجنہ اماء اللہ نائیجیریا کی حضور انور سے آن لائن ملاقات

اس سے اگلے روز 21؍ فروری 2021ءکو لجنہ اماء اللہ نائیجیریا کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے آن لائن ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی۔

حضور انور نے اسلام آباد، ٹلفورڈ میں واقع اپنے دفتر سے اس اجلاس کی صدارت کی، جب کہ نائیجیریا میں لجنہ عاملہ ممبرات Ojokoro، Lagos میں موجود لجنہ کمپلیکس سے اس اجلاس میں شامل ہوئیں۔

میٹنگ کے دوران حضور انور نے لجنہ اماءاللہ کی متعلقہ ممبرات کو تفویض کی گئی مختلف ذمہ داریوں کا خاکہ پیش کیا اور اپنے محکموں کی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے راہ نمائی فراہم کی۔ پندرہ سال تک کی لڑکیوں کی اخلاقی اور روحانی تربیت کی ذمہ دار سیکرٹری ناصرات سے بات کرتے ہوئے حضور انور نے فرمایا کہ اس بات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے کہ کتنی ناصرات جماعتی پروگرامز میں حصہ لے رہی ہیں۔

حضور انور نے سیکرٹری صحت جسمانی کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے خواتین باقاعدگی سے ورزش کریں اور اس سلسلے میں ان کی راہ نمائی بھی کی جائے۔

اس ملاقات کے دوران سیکرٹری صنعت و تجارت نے ملک بھر سے لجنہ اراکین کی تیار کردہ کچھ مصنوعات جن میں بیگز اور دیگر اشیاء شامل تھیں حضور انور کو دکھائیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا:

’’ہر لڑکی کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔‘‘

اجلاس کے اختتام پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

’’آپ کے سامنے ایک بہت بڑا کام ہے اور مَیں امید کرتا ہوں کہ لجنہ اس کو سرانجام دے سکتی ہے اور اگر آپ ایسا کرتی ہیں تو اس سے مردوں کو بھی زیادہ سرگرم رہنے کی ترغیب ملے گی۔ لجنہ سے میری توقعات مردوں سے زیادہ ہیں۔ لہٰذا میں امید کرتا ہوں کہ آپ میری توقعات کو پورا کریں گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر لحاظ سے سلامتی میں رکھے۔‘‘

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے یہ دونوں ملاقاتیں بہت ایمان افروز تھیں۔ شاملین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا بہترین دن تھا۔ خاص طور پر وہ افراد جن کو ابھی تک حضور انور سے ملاقات کا شرف حاصل نہیں ہوا تھا، ان کے جذبات دیدنی تھے۔ تمام شاملین نے اس ملاقات کو اپنے ایمان میں ترقی کا موجب بتایا۔ خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضور انور کی تمام نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ پر محیط تھی۔ تمام شاملین نے اس روحانی مائدہ سے استفادہ کیا۔ خدا تعالیٰ پیارے حضور کو صحت و سلامتی والی فعال عمر خضر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: راجہ اطہر قدوس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجیریا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button