امریکہ (رپورٹس)

مشن ہاؤس پیٹروپولس برازیل میں ظہرانہ کی پروقار تقریب

(وسیم احمد ظفر۔مبلغ انچارج برازیل)

برازیل کے شہر پیٹروپولس میں امسال نئے میئر اور کونسلرز منتخب ہوئے۔ ان کے اعزاز میں مورخہ 30؍جنوری 2021ء بروز ہفتہ مشن ہائوس میں ایک ظہرانہ کا انتظام کیا گیا جس میں شہر کے میئر جناب Hingo Hames کے خصوصی نمائندہ، شہر کی کونسل کے صدر، دو کونسلرز اور ایک کونسلر کے نمائندہ نے شرکت کی۔

اسی طرح بعض کونسلرز نے بذریعہ فون، آڈیو میسج اور تحریراً جماعت کا شکریہ ادا کیا اور اپنی مصروفیات کے باعث شامل نہ ہونے پر معذرت کا اظہار کیا۔ نیز جماعت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ جناب میئر صاحب نے بھی خاکسار (صدر و مبلغ انچارج ) کو ایک آڈیو میسج کیا اور بتایا کہ وہ کسی دوسرے شہر میں مصروفیات کی وجہ سے شامل نہیں ہوسکے اور معذرت کے ساتھ جماعت کا بہت شکریہ ادا کیا، نیز آئندہ کسی موقع پر آنے کا عندیہ دیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس خصوصی دعوت کی تیاری بہت محنت سے کی گئی اور بہترین انتظامات کرنے کی کوشش کی گئی۔ ’’مسیح موعود آ چکے ہیں‘‘ کے میسج کے ساتھ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بڑی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ اسی طرح ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے بینرز اور بعض دیگر بینرز لگائے گئے تھے۔ نیز قرآن کریم کے تراجم کی نمائش بھی لگائی گئی۔ سب شاملین کو مسجد اور لائبریری کا وزٹ بھی کروایا گیا۔

کھانے سے قبل ایک چھوٹا سا تعارفی سیشن ہوا ۔مکرم حافظ احتشام مومن صاحب مربی سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم کی جس کا پرتگیزی میں ترجمہ عزیزم تکریم احمد ظفر نے پیش کیا۔مکرم اعجاز احمدظفر صاحب نے نظم پڑھی اور ترجمہ پیش کیا۔ خاکسار نے جماعت کا تعارف کروایا اور سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ برازیل نے ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف کروایا اور اس کے تحت انسانیت کے لیے جو خدمات کی جارہی ہیں ان کی مختصر تفصیل بتائی نیز حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کا تعارف کروایا۔ خاکسار نے سب مہمانوں کو اس شہرہ آفاق کتاب (پرتگیزی زبان میں) کاتحفہ پیش کیا۔ جس کے بعد سب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

جماعت کے لیے یہ بے حد خوشی کی بات ہے کہ اس دعوت کے معا بعد شہر کی کونسل کے آفیشل اجلاس منعقدہ 2؍فروری میں تین کونسلرز نے باری باری جماعت اور مشن ہائوس وزٹ کے بارہ میں تفصیل سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک کونسلر نے کم و بیش 15 منٹ تک جماعت کا تعارف کروایا اور بتایا کہ انہیں مشن ہائوس میں بہترین پروٹوکول کے علاوہ مزیدار کھانا بھی پیش کیا گیا بلکہ از راہ تفنن اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ا مید ہے آئندہ بھی دعوت دیتے رہیں گے۔ نیز حضور انور کی کتاب کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے دنیا کے لیڈروں کو خطوط لکھے ہیں۔ ایک کونسلر جناب Maurinho Branco صاحب 2019ء میں جلسہ سالانہ یوکے میں شامل ہوئے تھے انہوں نے اپنے تاثرات کو بڑے اچھے انداز میں بیان کیا اور بتایا کہ ان کی جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت، وہاں ہزاروں کے مجمع سے خطاب، حضور انور کی خدمت میں خود شیلڈ پیش کرنا اور ان سے ملاقات ایسے یادگار لمحات ہیں جو وہ کبھی بھی نہیں بھول سکتے۔ ان سب کونسلرز نے پیٹروپولس شہر میں جماعت کی خدمات کا بھی تعریفی رنگ میں ذکر کیا۔

کونسل کے صدر جناب Frederico Procopio نے رجسٹر میں اپنے تاثرات اس طرح قلم بند کیے کہ ’’اس جماعت کا وزٹ کرتے ہوئے مجھے آپ کے کلچر کے متعلق جاننے کا بہترین موقع ملا۔ یہ جماعت (احمدیہ) بہت عاجزی، نظم و ضبط، محبت اور خلوص سے اس شہر کے عوام کی مدد کرنے میں کوشاں ہے۔ مجھے اس بات پر بھی بہت خوشی ہے کہ ہمارے پاس ایک دوسرے ملک سے آئے ہوئے ایسے بھائی ہیں جو ہماری قوم کے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں اس کے لیے میں شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ‘‘

ایک کونسلر جناب Mauro Peralta نے لکھا کہ ’’خوش نصیب ہیں وہ جو خدا پر ایمان رکھتے ہیں (اس تعلق میں) یہاں آکر مجھے جوخوشی ہوئی ہے اس کے لیے میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔

میئر کے خصوصی نمائندہ جناب Agnes Dalzini بھی بہت متاثر ہو کر گئے انہوں نے اپنے تاثرات میں لکھا کہ ’’میئر کی طرف سے آپ کے گرم جوش استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘ انہوں نے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔

اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے بہترین نتائج پیدا فرمائے، برازیل میں جماعت کی ترقی کے سامان پیدا فرمائے اور اس پروگرام کی تیاری میں شامل سب رضا کاروں کو جزائے خیر عطا کرے۔ آمین

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ مبلغ انچارج برازیل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button