یورپ (رپورٹس)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کی ایک روزہ کھیلوں میں شرکت اور دعا

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

(اسلام آباد، ٹلفورڈ۔ 04 ؍جولائی 2021ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کی جانب سے منعقد ہونے والی ایک روزہ کھیلوں کا مختصر دورہ فرمایا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی فرمائی۔

یاد رہے کہ ویورلی ایبے سکول ٹلفورڈ میں منعقد ہونے والی یہ کھیلیں کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھتے ہوئے منعقد کی گئیں جن میں شمولیت کے لیےویکسینیشنکے دونوں ٹیکوں کا لگا ہونا، مقام اجتماع پر کورونا کے لیے کیا جانے والا ٹیسٹ منفی آنا، ماسک پہننا اور سماجی دوری برقرار رکھنا ضروری شرائط تھیں۔ ان کھیلوں کے انعقاد کے پیچھے Mercy4Mankind کے نام سے خدمتِ انسانی کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کا نیک مقصد کارفرما تھا۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جب ازراہِ شفقت صدر مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ محترم عبدالقدوس عارف صاحب کی دعوت کو قبول فرماتے ہوئے تقریباً پونے سات بجے کھیلوں کے مشاہدے کے لیے گراؤنڈ میں رونق افروز ہوئے تو خدام نے فرطِ محبت سے نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے۔ حضور گراؤنڈ سے کچھ فاصلے پر لگے احاطے میں تشریف فرما ہوئے۔ حضورِ انور نے خدام کے مابین ہونے والے رسہ کشی کے فائنل اور پھر سلو سائیکلنگ کے مقابلہ جات کو دیکھا۔ حضورِ انور نے سلو سائیکلنگ کا مقابلہ جیتنے والے خادم، مسرور ریجن سے تعلق رکھنے والے عزیز جاذب چیمہ کی حوصلہ افزائی فرمائی اور ان کا نام دریافت فرمایا۔

بعد ازاں ریجنل قائدین اور نیشنل عاملہ کے مابین رسہ کشی کا نمائشی مقابلہ ہوا۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت دورانِ مقابلہ فرمایا کہ ریجنل قائدین ذرا بیٹھ کر رہیں تو جیت جائیں گے۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا اور ریجنل قائدین کی ٹیم نے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ اکبر بٹ صاحب (ریجنل قائد ہارٹفورڈشائر) نے کہا کہ ہماری جیت سراسر حضورِ انور کے ارشاد کی تعمیل کی بدولت ممکن ہوئی۔

قریباً سات بجے حضورِ انور نے دعا کروائی اور واپس اسلام آباد تشریف لے گئے۔ یاد رہے کہ مارچ 2020ء سے کورونا لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا ہو جانے کے بعد امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ایسی کسی عوامی تقریب میں یہ پہلی شمولیت ہے۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ وہ دن پھر لوٹیں کہ ہم اپنے امام سے براہِ راست زیادہ سے زیادہ فیض پا سکیں اور رونقیں بحال ہوں۔ آمین

نعمان احمد مجلس مچم پارک، شریف ریجن نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ کہ کافی عرصے کے بعد ہمارے پیارے حضور ہمارے درمیان رونق افروز ہوئے۔ حضورِ انور جب تشریف لائے تو ایسا محسوس ہوتا تھاکہ فرشتوں کی ایک فوج ہماری محفل میں شامل ہو گئی ہے۔ میں اپنے آپ کو دیکھوں تو اس قابل بھی نہیں سمجھتا لیکن ہمارے پیارے حضور، پوری دنیا کے امام اور خلیفۂ وقت ہمارے درمیان رونق افروز تھے۔ اس بات کو سوچ کر میں خوب استغفار کرتا رہا۔ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنے جذبات کا اظہار کر سکوں۔

بعد ازاں مقابلہ جات کی تقریب تقسیمِ انعامات ہوئی۔ مشرف احمد صاحب (معاون صدر مجلس خدام الاحمدیہ) نے اعزاز پانے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس کے بعد کھیلوں کی یہ تقریب برخاست ہوئی۔یاد رہے کہ ان مقابلہ جات میں 260 خدام شامل ہوئے۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کو ان تاریخی مقابلہ جات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہے کہ حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنی تشریف آوری سے اس پروگرام کو بابرکت اور یادگار بنا دیا۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عمر اور صحت میں برکت عطا فرمائے اور حضور کے خدام اپنے پیارے امام سے فیضیاب ہوتے رہیں۔ آمین

(رپورٹ: جواد قمر، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button