آسٹریلیا (رپورٹس)

آسٹریلیا میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے بیشتر خطبات میں فرمایاہے کہ اسلام کا پرامن پیغام پہنچانا ہر احمدی کافرض ہے۔ اس ہدایت کی روشنی میں جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ نے ریجنل ٹاؤنز میں اسلام کا پرامن پیغام پہنچانے کا ایک خصوصی پروگرام بنایا ہے۔

4؍جولائی 2021ء کو احباب جماعت ایڈیلیڈ، آسٹریلیا نماز فجر کے لیے مسجد نور میں اکٹھے ہوئے۔ نماز کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ) نے تبلیغ کے حوالے سے کچھ ضروری گزارشات کیں۔ دعا کےبعد احباب جماعت ایک ریجنل ٹاؤن مائی لور (Mylor) کے لیے روانہ ہوئے۔مائی لور ایڈیلیڈ شہرکے مضافات میں واقع ہے اور اس ٹاؤن کی کل آبادی تقریباً گیارہ سو نفوس پر مشتمل ہے۔

وہاں پہنچ کرٹاؤن کی مین مارکیٹ میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگایا گیا۔ نمائش میں قرآن کریم کے دس تراجم، مختلف جماعتی کتب جیسے Life of Muhammad sa، اسلامی اصول کی فلاسفی، عالمی بحران اور امن کی راہ اور اسلام اور عصر حاضر کے مسائل کو پیش کیا گیا۔

صبح نوبجےمارکیٹ کو لوگوں کے لیے کھولا گیا۔ شدید ٹھنڈ اور تیز بارش کی وجہ سے شروع میں بہت کم لوگ مارکیٹ کو وزٹ کرنے کے لیے آئے۔ یہ صورتحال دیکھ کر چند احباب جماعت تھوڑے مایوس ہوگئے۔ پھر تما م احباب جماعت نے مل کر درود شریف پڑھنا شروع کردیا اور دعا کی۔ چند منٹ کے بعد ہی بارش تھم گئی اور لوگ بکثرت مارکیٹ میں آنا شروع ہوگئے۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور درود شریف کی برکت سےجماعت کے سٹال پر سب سے زیادہ ہجوم ہوگیا۔ الحمدللہ

200سے زائد لوگوں نے مارکیٹ کو وزٹ کیا اور ان میں سے 100سے زائد افراد نےجماعت کی نمائش اور بک سٹال کو وزٹ کیا۔ احباب جماعت نے ان کو اسلام کا مختصر تعارف پیش کیا۔ علاوہ ازیں کافی لوگوں کے ساتھ اسلام کے تعارف کے علاوہ مندرجہ ذیل موضوعات پر تفصیلی بات ہوئی۔

٭…ہستی باری تعالیٰ

٭…مقصد حیات

٭…جہاد

٭…اسلام میں عورتوں کے حقوق

٭…آزادی مذہب

٭…خدمت خلق

لوکل کاؤنسلر Honourable Leith Mudgeنے جماعت کی نمائش کو وزٹ کیا اور امن کے حوالے سے جماعت احمدیہ کی کاوشوں کوخوب سراہا۔ Honourableکاؤنسلر نے MTAکو انٹرویو بھی دیا اور کہا :

It is great to see this Muslim community coming and talking about

faith and trying to spread peace. So, it was great to hear from them today

Honourableکاؤنسلرنے نمائش کی چند تصاویر بھی لیں اور اسی دن دوپہر کو اپنے Facebookاکاؤنٹ سے اس پیغام کے ساتھ ان کو شیئر کیا۔

I dropped in early this afternoon to the Mylor Market and caught up

the members of the Muslim Community who had a stall spreading a message of peace

نمائش کے دوران ایک بات یہ محسو س کی گئی کہ کافی لوگ قرآن کریم کو چھونے سے ڈر رہے تھے۔ ان کے ذہن میں یہ غلط تصور قائم تھا کہ غیر مسلموں کا قرآن کریم کو چھونا اور پڑھنا منع ہے۔ ان کو یہ بتایاگیا کہ قرآن کریم ایک عالمی کتاب ہے اور اس میں تمام لوگوں کےلیے ہدایت موجود ہے۔ ان کو مزید بتایاگیا کہ لوگوں کے فائدے کے لیے جماعت احمدیہ نے قرآن کریم کے ستر سے زائد زبانوں میں تراجم کیے ہیں۔

نمائش کے دوران تائید الٰہی کا ایک اوردلچسپ واقعہ رونما ہوا۔ ایک آسٹریلین شخص جماعت کے بک سٹال پر آیا اس کے ساتھ اسلام کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گفتگو کے دوران مربی صاحب نے ان کو اسلام کا تعارف کروایا اور تعارف کے دوران بتایا کہ ہم اسلام کی پرامن تعلیم پر عمل کرتے ہیں اور ہماری جماعت کے لوگ اپنے اپنے ملک وفادار شہری ہوتے ہیں اور اس کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے ہیں اور مزید یہ کہ اس تعلیم کو راسخ کرنے کےلیے کہ ہم ہر سال آسٹریلیا کی تما م جماعتوں میں آسٹریلیا ڈے کا پروگرام مناتے ہیں۔یہ سن کر وہ شخص بہت متاثر ہوا۔ اتفاق سے وہ شخص اپنی کمیونٹی مائی لور میں آسٹریلیا ڈے کے آرگنائزر میں سے تھا۔ اس نے جماعت کو اگلے سال کے آسٹریلیا ڈے کے پروگرام میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگانے کی دعوت دی۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل سے جماعت کے لیے تبلیغ کی نئی راہیں کھول دیں۔ الحمدللہ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرآن کی نمائش اور بک سٹال انتہائی کامیاب رہا۔ قرآن کریم کا ایک نسخہ اور دیگر جماعتی کتب کثیر تعداد میں پمفلٹس لوگوں کو پڑھنے کے لیے تقسیم کیے گئے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کےفضل سے کافی لوگوں تک اسلام کا پرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احباب جماعت کی اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ان کو احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ، آسٹریلیا)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button