افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون، BO ریجن میں تین مساجد کا بابرکت افتتاح اور ایک تقریب آمین

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جون 2021ء میں احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو بو ریجن میں تین نئی مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ ان مساجد اور پروگراموں کی مختصر رپورٹ قارئین الفضل کے لیے پیشِ خدمت ہے۔

احمدیہ مسجد پوجے ہوں جماعت

مورخہ 16؍جون کو تقریب کا باقاعدہ افتتاح مولانا سعیدالرحمن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں دن گیارہ بجے تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ عزیزم عدیل احمد طاہر نے تلاوت کی جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔

اس پروگرام میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے چار بچوں کی آمین بھی ہوئی۔ مکرم امیرصاحب نے ان بچوں سے قرآن سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔

مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں جماعت کا تعارف کروایا اور مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان کیں۔ آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس مسجد کا سنگِ بنیاد مولوی عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو نے 11؍اکتوبر 2020ء کو رکھا۔ اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 42*54  فٹ  ہے اور اس میں 250؍نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کے ساتھ مشن ہاؤس کا بھی کچھ حصہ تعمیر کیا گیا ہے جس میں سولر اور ایم ٹی اے کا انتظام بھی موجود ہے تا احبابِ جماعت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات سے مستفیض ہو سکیں۔

نمازیوں کی سہولت کے لئے بیت الخلاء اور غسل خانہ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

اس بابرکت تقریب میں ایک ممبر پارلیمنٹ، بٹالین کمانڈر، ایک سابقہ  صوبائی سیکرٹری، ایک سابقہ منسٹر، دو پیراماؤنٹ چیفس، تین چیفڈم امام، ٹاؤن امام، سیکشن امام،  ڈسٹرکٹ چیف امام متعدد غیر ازجماعت احباب سمیت 340؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

احمدیہ مسجد مانڈو جماعت

مورخہ 17؍جون کو تقریب کا باقاعدہ افتتاح امیر صاحب سیرالیون کی صدارت میں دن گیارہ بجے تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مولوی یوسف عبداللطیف بائیاں صاحب نے  مہمانوں کا تعارف کروایا۔ 

اس کے بعد اطفال اور ناصرات نے کورس میں  نماز سادہ، تنظیمی وعدہ، قرآن و حدیث کی دعائیں زبانی پڑھ کرسنائیں۔

اس مسجد کا سنگِ بنیاد مولوی عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو نے13؍مارچ 2018 ء کو رکھا۔ اس مسجد کا کل مسقف احاطہ35*40  فٹ  ہے اور اس میں 200 ؍نمازیوں کی گنجائش ہے۔  اس مسجد کے ساتھ ایک مشن ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہے اور احبابِ جماعت کے لئے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ سننے کے لئے سولر سسٹم اور ایم ٹی اے بھی انسٹال کیا گیا ہے۔

مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں جماعت کا تعارف پیش کیا اور حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد اور آپ کا مقام و مرتبہ بیان کیا۔

چیف امام  بو، پیراماؤنٹ چیف کے نمائندہ اور ایک سابق کونسلر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی کوششوں کو سراہا اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

 اس بابرکت تقریب میں چیف امام بو  ڈسٹرکٹ، پیراماؤنٹ چیف کے نمائندہ، سابق کونسلر، چیفڈم امام، 10 لوکل امام، سکولوں کے پرنسپل، اساتذہ اور غیرازجماعت احباب سمیت 280 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

احمدیہ مسجد ’’بیت العزیز‘‘ جاما کووا، کووا چیفڈم، میامبا چیفڈم

مورخہ 28؍ جون کو تقریب کا باقاعدہ افتتاح امیر صاحب سیرالیون کی صدارت میں  دن گیارہ بجے تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ مولوی اسماعیل کونٹے صاحب نے تلاوت کی اور مولوی یوسف عبداللطیف با ئیاں نے مینڈے ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد  مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔

امیر صاحب نے اپنے خطاب میں جماعت کا تعارف پیش کیا اور مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان کی۔  جس کے بعد بعض مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس مسجد کا سنگِ بنیاد مولوی عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو نے 11؍ نومبر 2020ء کو رکھا۔ اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 35*45 ہے اور اس میں 200 نمازیوں کی گنجائش ہے۔

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت مسجد کا نام مسجد بیت العزیز عنایت فرمایا ہے۔

اس بابرکت تقریب میں ایک پادری، چیفڈم  چیف امام،  ایک چیف، ایک ریجنٹ چیف، متعدد غیر ازجماعت اماموں اور دوستوں سمیت کل 470 افراد نے شرکت  کی۔

مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button