یورپ (رپورٹس)

لگزمبرگ میں فلائر تقسیم کی مہم

(ظفراللہ سلام۔ مربی سلسلہ لکسمبرگ)

 اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لگزمبرگ کو گزشتہ 5 ماہ سے  پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت و خواہش کی روشنی میں لگزمبرگ کے طول و عرض میں پمفلٹ کے ذریعہ سے حضرت مسیح موعودؑ  کا پرامن پیار بھرا پیغام پھیلانے کی توفیق مل رہی ہے۔ 2019ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے لگزمبرگ میں جماعتی کاموں کی ذمہ داری جماعت جرمنی کے سپرد کی تھی۔ جس کے بعد سے شعبہ تبلیغ جرمنی کے ساتھ مل کر خاکسار کو لگزمبرگ میں تبلیغی و تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہورہی ہے۔ اپریل 2021ء میں مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جرمنی کی زیر نگرانی شعبہ تبلیغ جرمنی نے ڈھائی لاکھ فلائرز بطور تحفہ جماعت لگزمبرگ کو بھجوائے اور ساتھ ہی جرمنی سے ان کی تقسیم میں مدد کے لئے ٹیمیں بھیجنے کا بھی وعدہ کیا۔

چنانچہ 5؍ستمبر 2021ء کو ہمیں جماعت نَوئے وِیڈ، جرمنی سے  پہلے  تبلیغی وفد کو خوش آمدید کہنے کا موقع ملا۔ یہ وفد 4 احباب پر مشتمل تھا۔ اس وفد کے ساتھ لگزمبرگ کی نہایت مختصر جماعت سے بھی ہم 4 افراد ان کے ہمراہ ہو لئے۔ اس طرح یہ 8 افراد کا وفد 2300  فلائر تقسیم کر کے لگزمبرگ میں  فلائر تقسیم کرنے والا پہلا منظم وفد بننے کی سعادت پا گیا۔  جس میں درج ذیل احباب شامل تھے:

مکرم عثمان احمد باجوہ (ٹیم لیڈر)، عزیزم فصیح احمد سلام، مکرم منصور احمد چٹھہ، مکرم ناصر احمد، مکرم عمران احمد، مکرم مظفر احمد، مکرم مشہود بٹ صاحب اور خاکسار محمد ظفراللہ سلام (مربی سلسلہ)۔

دوپہر ساڑھے گیارہ بجے ان 8 افراد کی ٹیم  نے دعا کے بعد چار چار افراد  کی دو ٹیموں میں منقسم ہو کر دو گاڑیوں پر سوار لگزمبرگ میں جماعت احمدیہ کے قائم شدہ نماز سینٹر کے شہر ’’اَیش سِیُور آلسَیت‘‘  Esch sur Alzette کے قریب 4 بڑے شہروں کا رخ کیا۔ پہلے مرحلہ میں دو شہروں کی گلی گلی اور گھر  گھر  حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام پہنچانے کے بعد پروگرام کے مطابق دوبارہ نماز سینٹر میں جمع ہو گئے۔ جہاں نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں کھانا وغیرہ پیش کیا گیا۔ اسی اثناء میں ہمیں کچھ آرام بھی مل گیا اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم دوبارہ تازہ دم ہو چکے تھے۔ چنانچہ  پلان میں موجود 2 دیگر شہروں کی طرف اسی طرح چار چار افراد  کے وفد کی صورت میں فلائر تقسیم کے لئے نکل کھڑے ہوئے۔ یہ سلسلہ رات آٹھ بجے تک جاری رہا جس کے بعد ایک ریسٹورنٹ میں تمام احباب کے لیے عشائیہ کا انتظام کیا گیا۔ بعد ازاں سوا نو بجے کے قریب جرمنی سے آئے مہمانوں  نے واپسی کا رُخ کیا۔ تمام احباب نے  فلائر تقسیم کے ذریعہ سے خدمت دین کو نہایت سراہا اور  ہر ماہ دو بار فلائر تقسیم کے لئے لگزمبرگ آنے کی یقین دہانی کروائی۔  

اللہ تعالیٰ ان تمام احباب کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہمیں  پیارے آقا خلیفۃ المسیح کی راہنمائی میں حضرت مسیح موعود ؑ کی اس پیاری جماعت کی ہر لحاظ سے خدمت کا اعزاز حاصل کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button