پیغام حضور انور

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا احباب جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے نام خصوصی پیغام

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد (یوکے)

02-09-2021

پیارے احباب جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ 11 اور 12 ستمبر 2021ء کو اپنا دو روزہ جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق پا رہی ہے۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور شاملینِ جلسہ کو اس کی علمی و روحانی برکات سے بے انتہاء فائدہ اُٹھانے کی توفیق بخشے۔ کیونکہ یہ جلسہ مخصوص حالات میں ہورہا ہے اور اس میں ایک معین تعداد کو شامل ہونے کی اجازت ہے اس لئے جو جلسہ کے مقام پر نہیں جا سکتے ان کے لئے آن لائن جلسہ سننے کا انتظام ہے۔ ان کو چاہئے کہ وہ آن لائن اس جلسہ میں شامل ہوں اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی ان دُعاؤں کا وارث بنیں جو آپ نے جلسہ سالانہ میں شاملین کے لئے فرمائی ہیں۔

اللہ تعالیٰ کاآپ پر بڑا فضل اور احسان کہ اس نے آپ کو اس زمانہ کے امام کو ماننے اور اس کی جماعت میں شامل ہونے کی توفیق بخشی ہے ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت میں آنے کے بعد آپ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ ہمیشہ ان مقاصد کو پیشِ نظر رکھیں جو بیعت اور جلسہ کے انعقاد کے مقاصد ہیں ۔وہ مقاصد کیا ہیں؟ یہی کہ دُنیا کی محبت ٹھنڈی ہو۔خدا ترسی اور پرہیز گاری پیدا ہو۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں : ’’اس جلسہ سے مدعا اور اصل مطلب یہ تھا کہ ہماری جماعت کے لوگ کسی طرح با ر بار کی ملاقاتوںسے ایک ایسی تبدیلی اپنے اندر حاصل کرلیںکہ ان کے دِل آخرت کی طرف بکلی جھک جائیںاور ان کے اندر خداتعالیٰ کاخوف پیدا ہواور وہ زہد اورتقویٰ اور خداترسی اور پرہیز گاری اور نرم دلی اور باہم محبت اور مواخات میں دوسرے کے لئے ایک نمونہ بن جائیں‘‘۔

(روحانی خزائن جلد ۶۔ صفحہ ۳۹۴)

پس آپ میں سے وہ سب جو دنیوی کاموں اور کاروباروں کو چھوڑ کر جلسہ میں شامل ہونے لئے جمع ہوئے ہیں یا آن لائن جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں آپ کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ خالص ہو کر اس مقصد کے حصول کے لئے کوشش کرنے والے بن جائیں ۔نیکیوں میں بڑھنے والے اور تقویٰ کے معیاربلند کرنے والے بن جائیں۔اپنے نفسوں میں پاک تبدیلی پیدا کرنے کی سعی کرنے والے ہوں۔جب اللہ تعالیٰ نے آپ کو زمانے کے امام کو ماننے کی توفیق عطا فرمائی ہے تو ان معیاروں کے حصول کی بھی توفیق عطا فرمائے جو آپ اپنی جماعت سے چاہتے ہیں ۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام ان مقاصد کی توجہ دلاتے ہوئے ایک اور جگہ فرماتے ہیں :

’’بیعت کی حقیقت سے پوری واقفیت حاصل کرنی چاہئے اور اس پر کاربند ہونا چاہئے اور بیعت کی حقیقت یہی ہے کہ بیعت کنندہ اپنے اندر سچی تبدیلی اور خوفِ خدا اپنے دِل میں پیدا کرے اور اصل مقصود کو پہچان کر اپنی زندگی سے ایک پاک نمونہ پیدا کر کے دکھاوے ۔اگر یہ نہیں تو پھر بیعت سے کچھ فائدہ نہیں‘‘۔

(ملفوظات جلد پنجم صفحہ 604-605جدید ایڈشن مطبوعہ ربوہ)

پس جلسہ کے دنوں میں آپ علمی اور تربیتی طور پر قرآن،حدیث اور سُنت کی روشنی میںباتیں سُنیں گے تو خدا تعالیٰ کی ذات کا اِدراک ،اُس سے تعلق جوڑنے کی طرف آپ کی توجہ مبذول ہو گی۔اس علم کے ساتھ اپنے عمل کو بھی صیقل کرتے چلے جانے کی ضرورت ہے۔جو کچھ حاصل کیا ،اُس کو سنبھالنے اور اُس سے فیض اُٹھاتے چلے جانے کی ضرورت ہے ۔اپنے ہر عمل میںدوام اور باقاعدگی کی ضرورت ہے۔ان برکات کو سمیٹنے کے لئے اس جلسہ کو بھی فضل الہٰی سمجھنا چاہئے۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ایک بات جو آخر پر کہنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ ایم ٹی اے کے پروگراموں سے خود بھی فائدہ اُٹھائیںاور اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کریں۔میرے خطبات باقاعدگی سے سُنیں۔اس کے نتیجہ میں آپ کا تعلق خلافت سے بڑھے گا اور خلافت کی برکات سے بھی حصہ پائیں گے ۔اپنی اولادوں کو بھی خلافت کے ساتھ جوڑیں۔اس کی برکات سے آگا ہ کریں ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کے مقاصد کو تبھی پورا کرنے والے بنیں گے جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خلفا ء سے وفا اور اخلاص کا تعلق مضبوط کریں گے۔پھر احیا ء اسلام کا کام بھی خلافت احمدیہ کے ساتھ جڑ کر ہی سر انجام دیا جاسکتا ہے ۔اللہ تعالیٰ آپ کو ان نصائح پر عمل کرنے کی توفیق بخشے۔آمین۔

والسلام۔ خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button