افریقہ (رپورٹس)

ریفریشر کورس مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر کو خدام کی تعلیم و تربیت کی غرض سے نیشنل سطح پر ایک ریفریشر کورس کے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی۔ اس ریفریشر کورس کا مقصد حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے منشا کے مطابق خدام الاحمدیہ کو تنظیمی اعتبار سے مضبوط کرنا اور نیشنل و ریجنل سطح پر مجالسِ عاملہ و قائدین کو فعال بنانا تھا۔

اس ضمن میں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ حال ہی میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مکرم یوسف ایرو صاحب کی بطور صدر خدام الاحمدیہ نائیجر منظوری ارسال فرمائی تھی۔ چنانچہ مورخہ 11؍اکتوبر کو مکرم صدر صاحب کی قیادت میں اِس پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور برنی کونی شہر میں ملک کے طول و عرض سے خدام تشریف لائے اور اگلے روز ریفریشر کورس کا سلسلہ صبح سے بعد ظہر تک جاری رہا اور بعد ازاں ظہرانے کے بعد تمام خدام اپنے اپنے ریجنز کو واپس تشریف لے گئے۔

مورخہ 12؍اکتوبر 2021ء صبح کے وقت مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج نائیجر کی زیرِ صدارت کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ تلاوت اور خدام الاحمدیہ کے عہد کے بعد مکرم عبد الرحمٰن صاحب اور حسن محمد صاحب نے ترانہ خدام الاحمدیہ ترنم سے سُنا کر سماں باندھ دیا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ نائیجر نے خدام الاحمدیہ کے قیام کے مقصد اور خدام کی ذمہ داریوں پر ارشادات خلفائے احمدیہ کی روشنی میں تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اِس بات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے کہ بعض خدام ابھی جماعتی نظام میں نئے ہیں، انتہائی سادہ الفاظ اور آسان مثالوں کے ذریعہ سے خدام الاحمدیہ کا تنظیمی اور جماعت کا انتظامی ڈھانچہ سب کے لیے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم نائب امیر جیبو چیماگو صاحب نے خدام کو کچھ نصائح سے نوازا اور آخر پر امیر صاحب نے دعا کروائی اور ریفریشر کورس اپنے اختتام کو پہنچا۔

پروگرام کے اختتام کے بعد مکرم محمد جمال صاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ نائیجر کی زیرِ نگرانی خدام نے وقارِ عمل کے ذریعہ وائنڈاپ کیا جس میں تمام خدام نے بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا اور بعد ازاں اپنی اپنی منزل کو روانہ ہوئے۔

ریفریشر کورس کے انعقاد کے ذریعہ چالیس احمدی خدام کی تعلیم و تربیت کا موقع پیدا ہوا اور وقار عمل کے ذریعہ جماعت کے سینکڑوں ڈالرز کی بچت بھی کی گئی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button