حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(18؍نومبر ۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 255,825,093

صحت یاب ہونے والے: 231,233,528

وفات یافتگان: 5,141,615

٭…روس کا خلا میں اپنے سیٹلائٹ کو میزائل سے تباہ کرنے کا تجربہ کامیاب رہا۔ اس کے متعلق امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ زمین سے کیے گئے اس میزائل حملے سے متعلق امریکا کو پیشگی اطلاعات نہیں دی گئی تھیں، اس بابت اتحادیوں سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے روسی اقدام کو غیرذمہ دارانہ اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تجربے سے سیٹلائٹ کے پندرہ سو سے زائد بڑے اور لاکھوں چھوٹے ٹکڑے خلا میں بکھر گئے ہیں جو تمام ملکوں کے مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔ ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ روس جو صلاحیت حاصل کرنا چاہتا ہے اسے دیگر ممالک سلامتی کے لیے خطرے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب روس کے اینٹی سیٹلائٹ میزائل ٹیسٹ پر امریکی بیان کو منافقانہ قرار دیتے ہوئے روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکا خود خلا میں نئے ہتھیاروں کے تجربات کررہا ہے جبکہ دیگر ممالک جن میں چین اور بھارت اور خود امریکا بھی شامل ہے اسی طرح کےتجربے کرچکے ہیں۔

٭…اسرائیل کی ایک اسلحہ ساز کمپنی نے متحدہ عرب امارات میں اپنی شاخ کا افتتاح کردیا۔ یہ کمپنی فوجی ڈرون طیاروں سمیت شمسی توانائی سے چلنے والے فوجی سامان تیار کرتی ہے۔ کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی مقامی شراکت داروں کو ایڈوانس ٹیکنالوجی منتقل کرے گی۔

٭…آرمینیا اور آذربائیجان کےدرمیان سرحدی جھڑپوں کے حوالے سے دارالحکومت یریوان سےآرمینیا کی وزارتِ دفاع نے جاری بیان میں کہا تھا کہ آذربائیجان کی فوج کے حملے میں متعدد آرمینین فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ تازہ جھڑپوں میں فوجی ٹھکانے آرمینیا کے قبضے سے نکل گئے ہیں۔

اگلے روز روس کے ثالثی کردار ادا کرنے کے بعد کےبعدآرمینیا کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، آرمینیا کی مشرقی سرحد پر صورتحال اب نسبتاً مستحکم ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس آرمینیا اور آذربائیجان میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد روس نے ہی ثالثی کرائی تھی۔

٭…سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے ورچوئل اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب اور چین ہائیڈروجن توانائی شعبے میں تعاون کریں گے، اس سلسلے میں سعودی کابینہ نے چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار وزیر توانائی کو تفویض کیا ہے۔ اجلاس میں حوثیوں کے ڈرون حملوں اور 3حوثی دہشتگردوں کو بلیک لسٹ کرنے کے سلامتی کونسل کے فیصلوں کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔

٭…شمالی افریقی ملک لیبیا کے پہلے براہِ راست صدارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 24؍ دسمبر کو ہوگا۔ لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے 49 سالہ سیف الاسلام قذافی نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنے نامزدگی کے کاغذات جنوبی شہر سیبہا میں واقع ہائی نیشنل الیکٹورل کمیشن کے دفتر میں جمع کروادیے۔ واضح رہے کہ 2011ء میں لیبیا کے رہنما معمر قذافی کی حکومت کا تختہ اُلٹا گیا تھا اور معمر قذافی اس دوران قتل کردیے گئے تھے۔ جس کے بعد سے لیبیا میں خانہ جنگی جاری ہے اور ملک عدم استحکام کا شکار ہے۔

٭…طالبان نے اتوار کو کابل کی سڑکوں پر امریکا اور نیٹو کی چھوڑی ہوئی فوجی گاڑیوں اور اسلحہ کو استعمال کرتے ہوئے پریڈ کی۔ اس پریڈ کے دوران روسی ایم آئی 17 ہیلی کاپٹرز نے پرواز بھی کی۔ اس موقع پر افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللّٰہ خوارزمی نے کہا کہ پریڈ طالبان کے نئے تربیت یافتہ فوجیوں کی گریجویشن کا حصہ تھی۔ آج ہی (اتوار) 250 نئے تربیت یافتہ فوجیوں نے گریجویشن مکمل کی ہے۔

٭…اسرائیل کےصدر اسحاق ہرزوگ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان پہلی مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین اسرائیل کے ساتھ جامع شراکت داری اور صحت مند و مستحکم ترقی کے فروغ کےلیے تیار ہے۔اسرائیلی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام کامعاملہ اٹھانےکے ساتھ کہا کہ اسرائیل چین کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی، معاشی ترقی، زراعت اور کھیلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔

خیال رہے کہ چین اور اسرائیل نے 1992 میں سفارتی تعلقات قائم کیےتھے اور دونوں ممالک کے صدور کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت ہوا ہے جب 2 ماہ بعد دونوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کو 30 سال ہونے جارہے ہیں۔

٭…بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کےسکھ ارکان پارلیمنٹ کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سےکرتار پور راہداری کھولنے کی درخواست پر بھارتی حکومت نے باباگورو نانک کی 552 ویں سالگرہ پر 19 نومبر سے اسے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔بھارت نے کورونا کے سبب 16 مارچ 2020ء کو کرتار پور راہداری بند کی تھی جو تاحال بند ہے۔بھارت میں سکھوں کی تمام تنظیموں نے بھی راہداری کھولنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔

٭…عرب اتحاد نے بحیرۂ احمر میں حوثیوں کی جانب سےنصب کی گئی ایک بارودی سرنگ ناکارہ بنا دی ہے۔ اب تک 207 بحری بارودی سرنگیں ناکارہ بنائی جاچکی ہیں۔ یہ بحری بارودی سرنگیں عالمی تجارت اور جہاز رانی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

٭…میانمار کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صحافی ڈینی فینسٹر کو رہا کر دیا گیا ہے، معاملےکی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ اقوام متحدہ میں سابق امریکی سفیر بل رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ڈینی فینسٹر کو میانمار میں ان کےحوالے کر دیا گیا ہے۔ وہ جلد ہی براستہ قطر امریکا روانہ ہوجائیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلکنکن نے امریکی صحافی ڈینی فینسٹر کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے ڈینی فینسٹر جلد اپنی فیملی کے ساتھ ہوں گے۔

٭… انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے شہر سرینگر میں ایک مبینہ انکاؤنٹر میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے انتہا پسندوں کے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کر لیا ہے۔تاہم ہلاک ہونے والے چار میں سے تین افراد کے لواحقین نے پولیس کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اس انکاؤنٹر پر سوال کیا ہے جس میں ‘معصوم’ افراد مارے گئے۔ لواحقین کا مطالبہ ہے کہ ان کے پیاروں کی لاشیں ان کے حوالے کی جائیں۔جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے بھی پولیس کے دعوے پر سوال اٹھایا ہے اور اس بارے میں غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔پیر کی شام تقریباً چھ بجے پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ‘سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں انکاؤنٹر کا آغاز کیا گیا ہے جس میں پولیس اور سکیورٹی حکام شامل ہیں۔’کچھ دیر بعد پولیس نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے ایک انتہا پسند کو ہلاک کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں پولیس نے بتایا کہ ‘(انکاؤنٹر میں) ایک نامعلوم شدت پسند مارا گیا ہے۔’ پھر پولیس نے ایک ٹویٹ میں ایک اور نامعلوم شدت پسند کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

٭…مصر میں گزشتہ ہفتے شدید طوفانی بارشوں کے بعد بننے والے سیلابی ریلے بچھوؤں کی ایک بڑی تعداد کو ان کے بلوں سے نکال کر دور دراز علاقوں میں لے آئی۔ بچھوؤں کی یلغار سے اب تک 3 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ انتظامیہ نے طبی مراکز میں اینٹی وینم کی بڑی خوراکیں پہنچانے کے ساتھ شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بیابان، سبزے اور درختوں کے قریب نہ جائیں اور گھروں تک محدود رہیں۔

٭…نیوزی لینڈ میں 11سال قبل نومبر 2010ء میں مغربی ساحل پر دریائے پائیک کی کان میں میتھین گیس کے دھماکوں سے 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کان سے اب انسانی باقیات ملی ہیں۔ یاد رہے کہ حفاظتی اقدامات کے طور پرکان کو اس وقت بند کر دیا گیا تھا اور برسوں تک اس میں داخلے پر پابندی تھی۔ 2019ء میں تفتیش کاروں کو کان تک رسائی دی گئی تھی۔

٭…افریقی ملک یوگنڈا میں ایک پیدل اور دو موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آوروں کے حملوں میں 3 افراد ہلاک جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیدل خودکش بمبار نے پولیس چوکی کے نزدیک دھماکا کیا جس کے بعد موٹر سائیکل سوار خودکش بمباروں نے دھماکا کیا۔ جبکہ کسی گروپ نے تاحال دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

٭…بھارتی ریاست تری پورہ میں پولیس کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف پُرتشدد واقعات کی تردید پر دو خاتون صحافی ریاست تری پورہ میں جلائی گئی مسجد اور مسلمانوں کی املاک کی ویڈیوز سامنے لے آئیں جس پر پولیس نے دونوں صحافیوں پر مقدمہ درج کر کے انہیں ہوٹل سے نکلنے سے روک دیا۔

٭…انگلینڈ کے شہر لیورپول میں اسپتال کے باہر گاڑی میں دھماکےکو پولیس نے دہشت گردی قرار دے دیا ہے۔ مسافر ٹیکسی میں دھماکا خیز مواد لایا تھاجو لیورپول ویمنز ہاسپٹل کے استقبالیہ کے قریب پھٹ گیا۔ پولیس کے مطابق اس دہشت گرد دھماکے کی منصوبہ بندی کم از کم 7 ماہ قبل کی گئی۔ عراقی نژاد 32 سالہ عماد السوالمین نے شہر میں اپریل میں ایک مکان کرائے پر لیا اور اسی وقت سے بم بنانے کے لیے متعلقہ خریداریاں شروع کردیں۔ سیاسی پناہ میں ناکام رہنے والا عماد ذہنی بیماری کا شکار تھا جو مارا گیا۔

لیور پول میں کار دھماکے کے بعد برطانوی حکومت نے ٹیرر تھریٹ لیول ’کافی‘ سے ’سخت‘ کردیا۔ یاد رہے کہ مجموعی طور پر تھریٹ لیول کے 5 درجے ہیں۔ اس وقت لیول چوتھے درجے پر ہے، اب اسے آخری لیول کردیا گیا جسے ’کریٹیکل‘ کہا جاتا ہے۔

٭…بھارت میں ریئل اسٹیٹ ٹائیکون للیت گویل کو منی لانڈرنگ کے الزام میں 4 روز قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دلی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ للیت سے فارن ایکسچینج منیجمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اور فنانشل فراڈ کے معاملے پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔یاد رہے کہ للیت گویل کا نام پنڈورا لیکس میں بھی آیا تھا۔ جس کےمطابق للیت گویل نے77 ملین ڈالرز مالیت کے اثاثے برٹش ورجن آئی لینڈز منتقل کیےتھے۔

٭…دبئی ٹریفک جام جیسے مسئلے سے بچاؤ اور اس کے حل کے لیے ایک اڑنے والی گاڑی لانچ کرنے جا رہا ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں مقیم ایک کمپنی کی جانب سے اڑنے والی گاڑی لانچ کی جائے گی، امریکی کمپنی(LuftCar) ایک خود مختار گاڑی کی تیار ی میں مصروف ہے جسے 2023ء میں دبئی میں اُڑنے کے لیے لانچ کیا جائے گا۔ ہائیڈروجن گیس سے چلنے والی یہ گاڑی 24-2023ء میں استعمال اور بکنے کے لیے تیار ہو گی، اس گاڑی کی قیمت 350,000 امریکی ڈالرز ہوگی جس میں بیک وقت 5 افراد سفر کر سکیں گے۔

٭…نئی دلی کمیشن برائے ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کے لیے جاری ہدایات میں کہا ہے کہ نئی دلی میں تمام تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہنے چاہئیں، جبکہ غیر ضروری ٹرکوں کا داخلہ21 نومبر تک بند رہنا چاہیے۔ نئی دلی میں ہاٹ اسپاٹس پر کم از کم دن میں 3 مرتبہ اینٹی اسموگ گنز سے چھڑکاؤ نیز 300 کلو میٹر تک موجود11 میں سے 6 تھرمل پاورپلانٹس کو کام بند کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اسموگ کے سبب نئی دلی میں 50 فیصد سرکاری ملازمین کو گھر سے کام کرنا چاہیے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button