افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول روکوپر، سیرالیون میں جلسہ سیرت النبیﷺ

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

مکرم ذیشان محمود صاحب (مربی سلسلہ و استاد اسلامیات و عربی احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر، سیرالیون) تحریر کرتے ہیں کہ

روکوپر احمدیہ سکول کو یہ خاص مقام حاصل ہے کہ یہ سیرالیون کا پہلا احمدیہ سکول ہے۔ اس کی بنا حضرت موٰلنا الحاج نذیر احمد علی صاحب مرحوم نے 1938 ء میں رکھی اورخود اس درسگاہ کے پہلے مدرس بھی بنے۔ آج یہ ادارہ پرائمری و سیکنڈری سکول کی شکل میں علیحدہ علیحدہ عمارت میں منقسم ہے اور دو ہزار سے زائد طلباء اکتساب علم حاصل کر رہے ہیں۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 27 اکتوبر 2021ء کو سکول میں ربیع الاول کے بابرکت ماہ کے حوالہ سے جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔

جلسہ کے انعقاد سے قبل حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خط تحریر کیا گیا۔ جلسہ سے قبل ہی حضور انور کا جوابی خط بھی موصول ہوا جس میں حضور انور نے جلسہ کی کامیابی اور شاملین کے لیے دعا کی۔ الحمد للہ علی ذلک

تیاری جلسہ

جلسہ کاموضوع درود شریف کی برکات رکھا گیا تھا۔ اس حوالہ سے ماہ ربیع الاول کے آغاز سے ہی طلباء و اساتذہ کو تلاوت ، نعت، تقاریر و اقتباسات کی تیاری کروائی گئی۔

جلسہ سیرت النبی ﷺ

مورخہ 27 اکتوبر 2021ء بروز بدھ بعد اسمبلی مکرم موسیٰ کے ڈی محمود صاحب (پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر و ریجنل صدر) کی زیر صدارت جلسہ سیرت النبیﷺ کا آغاز ہوا۔

اسمبلی کے معاً بعد حال ہی میں قرآن کریم ناظرہ مکمل کرنے والے طالب علم عزیزم ادریسہ کے کمارا نے سورۃالاحزاب کی آیات 57 و 58 مع انگریزی ترجمہ پیش کیں۔ جس کے بعد ایک طالب علم نے درود شریف کی برکات سے متعلق احادیث بیان کیں۔ ازاں بعدمولوی محمد سعید فوفانہ صاحب لوکل مشنری روکوپر سرکٹ نے درود شریف مع ترجمہ پیش کیا اور تمام شاملین نے ساتھ ساتھ دہرایا۔

اس کے بعد تین احمدی طالبات پر مشتمل گروپ نے معروف نعتیہ منظوم کلام

بدرگاہ ذیشان خیرالانام

مترنم آواز میں پڑھ کر سنایا۔ علیک الصلوٰۃ علیک السلام کے الفاظ میں تمام طلباء و اساتذہ نے ان کا ساتھ دیا۔

نظم کے بعدطلباء و اساتذہ کی جانب سے حسب ذیل تقاریر و اقتباسات پیش کیے گئے۔

اقتباسات و واقعات حضرت مسیح موعود علیہ السلام۔ اقتباسات خلفائے کرام۔ درود شریف کی برکات بیان فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ، رسول کریم ﷺ غیر مسلموں کی نظر میں۔

خاکسار نے ’’درود شریف کی برکات‘‘ جبکہ صدر مجلس نے ’’رسول اللہ ﷺ کا بچوں سے حسن سلوک‘‘ پر تقریر کی۔

تقسیم انعامات ’’انعامی مقابلہ مضمون نویسی‘‘

ماہ اکتوبر کے آغاز میں احمدی طلباء و طالبات کے مابین انعامی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء سے اپنے الفاظ میں رسول اللہ ﷺ سے اظہار محبت کے لیے 500 الفاظ میں مضمون لکھنے کا ٹاسک دیا گیا۔ اس حوالہ سے 30 سے زائد مضامین موصول ہوئے۔چنیدہ مضامین پر فائنل رزلٹ کے لیے مکرم احسن مقصود صاحب مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل نے فرائض منصفی سر انجام دیے۔

جلسہ سیرت النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر صدر مجلس نے اس مقابلہ کے نقد انعامات تقسیم کیے۔ پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے نام یہ ہیں۔

اول: عزیزم سانٹگی ایس کمارا (40000لیونز)

دوم: عزیزم سعیدو ایم سُمّہ (30000لیونز)

سوم: عزیزم عمارہ ٹی مانیئے(20000لیونز)

حوصلہ افزائی: عزیزہ عائشہ رحمان مانسیرے (10000لیونز)

قابل ذکر امر یہ ہے کہ ان خدام نے یہ انعامی رقم ماہِ اکتوبر کے اخیر میں منعقد ہونے والے نیشنل اجتماع خدام لاحمدیہ کی ٹرانسپورٹ کے لیے ادا کردی تاکہ وہ اجتماع میں شامل ہو سکیں۔

دعا و اختتام

جلسہ کے آخر پر خاکسار نے دعا کروائی۔ جس سے قبل ایک بار پھر درودشریف کا اجتماعی ورد کیا گیا۔ جلسہ میں 1200 سے زائد طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام شامل ہوئے۔

الحمدُللہ یہ جلسہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور پُر نور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں سے نہایت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام طلباء و اساتذہ کو اس مبارک موقع سے حقیقی رنگ میں مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ عبد الہادی قریشی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button