مصروفیات حضور انور

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کی مصروفیات مورخہ27؍ تا 30؍ جون 2019ء

مورخہ27؍ تا30؍ جون 2019ء کے دوران حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيزکی گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکی ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…28؍ جون بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد مبارک ،اسلام آباد ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساری دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ ميں حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ اور ان کے صاحبزادے حضرت اسامہ بن زید ؓ کی سیرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمايا ۔ نیز مکرم صدیق آدم دنبیا صاحب (مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ) اور میاں غلام مصطفیٰ صاحب (میرک، پاکستان) کی وفات پر ان کا ذکر خیر فرمایا اور ان کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مبارک معیت میں فلسطین کے مقامات مقدسہ کا دورہ کرنے والے واقفینِ نَو خدام

٭…آج نمازِ عصر کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے واقفینِ نو کے ایک گروپ کی حضور انور کے ساتھ تصویر ہوئی جو گذشتہ ماہ مقاماتِ مقدسہ کی زیارت کےلیے فلسطین گیا تھا۔ ان واقفینِ نَو نے فلسطین سے اجتماعی طور پر اپنے پیارے امام کے لیے ایک تحفہ بھی لیا تھا جو انہوں نے اس موقع پر خدمتِ اقدس میں پیش کیا۔ اس کے بعد خدام الاحمدیہ یوکے کے ایک اور گروپ کی حضور انور کے ساتھ تصویر ہوئی جو اپریل 2019ء میں ایک ہفتے کے لیے تبلیغی دورہ پر جارجیا (Georgia) گئے تھے۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مبارک معیت میں تبلیغی دورے پر جارجیا جانے والے خدام

٭… آج شام کو سات بجے سے کچھ قبل شاہدین جامعہ احمدیہ جرمنی 2018ء کو حضور انور کے ساتھ ملاقات کرنے کا شرف حاصل ہوا۔حضور انور نے ان مربیان کو گذشتہ ملاقات میں سورۃ الکہف کی تفسیر بیان فرمودہ حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ و السلام کے مطالعے کا ارشاد فرمایا تھا۔ اس ملاقات میں حضور انور نے مربیان سلسلہ سے سوالات پوچھے۔ اس کے بعد حضور انور نے نہایت شفقت سے ان مربیان کو باری باری ان کی پہلی تقرری کے حوالے سے پوچھا اور ہدایات سے نوازا۔ حضور انور نے ان مربیان کو دعا اور حکمت سے کام کرنے نیز اپنے نمونے قائم کرنے کی طرف خاص توجہ دلائی۔ (جن مربیان کی تقرری بیرون ملک ہوئی) ان کو حضور انور نے فرمایا کہ لوگوں سے رابطے قائم کریں۔ نیز حضورِ انور نے اپنے ملک کی زبان سیکھنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مبارک معیت میں شاہدین جامعہ احمدیہ جرمنی 2018ء

حضور انور نے ان مربیان سے جرمنی میں اسلام کے خلاف ہونے والے اعتراضات کے بارے میں دریافت فرمایا جس پر ان مربیان نے کچھ اعتراضات کا ذکر کیا۔ اس پر حضور انور نے ان اعتراضات کے تفصیلی جوابات عطا فرمائے۔ آخر پر ان مربیان کو حضور انور کے ساتھ مصافحہ کرنے کا اور ایک گروپ فوٹو اتروانے کا شرف حاصل ہوا۔

٭…آج شام کو ساڑھے سات بجے کے قریب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اسلام آباد ٹلفورڈ کے بعض دفاتر کا وزٹ فرمایا ۔نیز جماعتی گیسٹ ہاؤسز اور مکرم ظفر احمد صاحب (عملہ حفاظت خاص) اور مکرم حافظ اعجاز احمد صاحب (استاد جامعہ احمدیہ یوکے) کے گھروں میں تشریف لے جا کر انہیں برکت بخشی ۔

٭…29؍ جون بروز ہفتہ: آج شام کو نمازِ عصر کے مسجد مبارک اسلام آباد کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا ۔ حضور انور 6؍بجے کے قریب اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے اور multi-purpose hall کے ساتھ منسلک ایک کمرے میں تشریف لے گئے جہاں پر کچھ ممتاز مہمانوں نے حضور انور سے ملاقات کرنے کا شرف حاصل کیا۔اس کے بعد حضور انور multi-purpose hall میں تشریف لائے جہاں پر پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس پروگرام کی تفصیلی رپورٹ صفحہ نمبر 15 سے ملاحظہ فرمائیں۔

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز

اس ہفتے کے دوران حضورِ انور نے تین روز دفتری جبکہ پانچ روز ذاتی ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہنمائي حاصل کی۔
اس عرصہ کے دوران93؍ فيمليز اور45؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 14؍ ممالک سے تھا جن ميں امریکہ، کینیڈا، جرمنی، پاکستان، ناروے، آسٹریلیا، سویڈن، چیک رپبلک، گھانا، کینیا، فرانس، ترکی، انڈیا اور یوکےشامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button