یورپ (رپورٹس)

وائس آف اسلام ریڈیو یوکے کی سالانہ آن لائن کانفرنس2021ء

منعقدہ 27 و 28 نومبر 2021ء

تیاری و انتظامات

اللہ تعالیٰ کے فضل سے وائس آف اسلام ریڈیو کی سالانہ آن لائن کانفرنس2021ء مورخہ 27و 28؍نومبر 2021ء منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کی تیاریاں اکتوبر کے آخر میں شروع ہوگئی تھیں۔ جنرل سیکرٹری برائے ریڈیو وائس آف اسلام مکرم مجیب احمد مرزا صاحب، مربی سلسلہ کی سرپرستی میں ایک آٹھ رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ارکان کمیٹی کے ساتھ متعدد اجلاسات کیے گئے۔ نیز ریڈیو وائس آف اسلام کے بورڈ کے ارکان کے ساتھ بھی مندرجہ ذیل امور کی تیاری کے لیے ایک میٹنگ کی گئی:

٭…ریڈیو وائس آف اسلام کے رضاکاروں سے کانفرنس کے حوالہ سے مشورہ لینے کے لیے ایک سروے کی تیاری

٭…کانفرنس کی تشہیر کے لیے پوسٹرز اور ایک ویڈیو کی تیاری

٭…ریڈیو وائس آف اسلام کے سٹوڈیو کے تعارف پر مبنی ایک ویڈیو کی تیاری

٭…شاملین کانفرنس کے لیے ایک کوئز کی تیاری

٭…مقررین سے رابطہ

٭…تمام تکنیکی و فنیّ پہلؤوں کا انتظام

کانفرنس کا پہلا روز۔ 27؍نومبر بروز ہفتہ

کانفرنس کے پہلے روز کے پروگرام کا آغاز مورخہ 27؍نومبر بروز ہفتہ دوپہر ایک بجے ہوا۔ پہلے روز ریڈیو وائس آف اسلام کے مختلف شعبہ جات کے علیحدہ علیحدہ اجلاسات منعقد ہوئے۔ ان اجلاسات کی صدارت ہر ایک شعبہ کے متعلقہ رکن بورڈ نے کی۔ نیز شعبہ جات کے انچارج بھی ان کی مدد کے لیے موجود تھے۔ ان اجلاسات کے دوران شاملین کو ارکان بورڈ سے کھل کر بات کرنے کا موقع ملا۔ نیز انہیں تفصیلی ہدایات دی گئیں اور سوال و جواب کا بھی موقع دیا گیا۔ ان اجلاسات کا دورانیہ اوسطاً ایک ایک گھنٹہ رہا۔ پہلے روز کی حاضری کُل 130 تھی۔

کانفرنس کا دوسرا روز۔ 28؍نومبر بروز اتوار

کانفرنس کے دوسرے روز افتتاحی تقریب کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم مولانا عطاءالمجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن نے کی۔ افتتاحی اجلاس مندرجہ ذیل امورپر مشتمل تھا:

تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب برموقع افتتاح ریڈیو وائس آف اسلام دکھایا گیا۔ بعد ازاں ‘اسٹوڈیو ریڈیو وائس آف اسلام’ پر ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ اس کے بعد صدر مجلس نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس اجلاس میں کُل حاضری 141 تھی۔

دوسرے روز کا دوسرا اجلاس

دوسرے روز کے دوسرے اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوا جس کی صدارت نائب امیر یوکے مکرم اکرم احمدی صاحب نے کی۔ اس اجلاس میں مرکزی Press&Media ٹیم سے تین ممبران نے شرکت کی اور میڈیا کے حوالہ سے حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دی ہوئی قیمتی ہدایات کی روشنی میں تقریر کی ۔

اس کے بعد بورڈ کے ارکان کی طرف سے پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں اکثر نے ہفتہ والے روز منعقد ہونے والے اجلاسات میں اٹھائے گئے اہم نکات کو تمام شاملین کانفرنس کے فائدہ کے لیے پیش کیا۔ اس اجلاس کے اختتام پر شاملین کانفرنس نے کوئز میں حصہ لیا جس میں دینی معلومات، معلومات عامہ اور حالات حاضرہ پر مبنی سوالات کیے گئے۔ یہ کوئز وقت کی کمی کی وجہ سے نماز اور کھانے کے وقفہ کے بعد ہوا۔ یہ اجلاس دوپہر 2 بج کر 15 منٹ پرر ختم ہوا۔

اختتامی اجلاس

اس کانفرنس کے اختتامی اجلاس کا آغاز دو پہر 2بج کر20منٹ پر ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب یوکے نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ اور دعا کے بعد مکرم امیر صاحب اور بورڈ کے ارکان کے ساتھ تمام شاملین کانفرس کی مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں ریڈیو وائس آف اسلام کے اغراض و مقاصد نیز رضاکاران کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس کا اہم ترین پہلو ہمارے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا وہ خصوصی پیغام تھا جو کہ حضور انور نے شاملین کانفرنس کے لیے ازراہ شفقت مرحمت فرمایا تھا۔ مکرم امیر صاحب نے آخر پر یہ رُوح پرور پیغام پڑھ کا سنایا۔

کانفرنس کا اختتام سہ پہر چار بجے دعا کے ساتھ ہوا۔

(رپورٹ: زوار احمد بٹ۔ مربی سلسلہ ریڈیو وائس آف اسلام یوکے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button