عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…یورپین یونین کے خارجہ امور کے لیے مرکزی ترجمان پیٹر اسٹانو نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے متعلق ان خدشات سے اتفاق کرتا ہے جس کا اظہار اسلام آباد میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں کیا گیا۔ یورپین یونین افغانستان میں بھوک اور موسمی مسائل پر ان خدشات سے اتفاق کرتا ہے۔ اسی کا اظہار یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل بار بار کر تے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اسی صورتحال کے پیش نظر یورپین یونین نے اس اجلاس میں شرکت کی، جہاں اس کی نمائندگی افغانستان کے لیے یورپین یونین کے خصوصی نمائندے ٹوما نکلسن نے کی تھی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یورپین یونین اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ذریعے افغان عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر مسائل کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

٭…برطانوی پارلیمنٹ کے 28 اراکین نے مشترکہ طور پر لکھے گئے خط میں لندن میں قائم بھارتی ہائی کمیشن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی فورسز کے جعلی مقابلوں اور کشمیریوں سے ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کیا اور جواب طلب کیا۔ خط میں کہا گیا کہ سماجی کارکن خرم پرویز کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالا گیا ہے، گرفتاری کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا گیا ہے۔ گرفتاری کی وجوہات بتائی جائیں اور معاملے کی شفاف انداز میں تحقیقات کی جائیں۔

٭…سعودی عرب کے ادارۂ فلکیاتی علوم کے مطابق 22 اور 23؍ دسمبر کی درمیانی شب سعودی وقت کے مطابق 3بج کر 23 منٹ پر چاند کعبے کے عین اوپر تھا جس سے برصغیر سمیت وسطی و مغربی ایشیا، یورپ اور افریقہ کے علاوہ امریکہ کے مشرقی علاقے اور کینیڈا کے لوگوں نے قبلے کی سمت کا صحیح تعین کیا ہے۔

٭…ترکی میں استنبول سے امریکی سفارت کار کو جعلی پاسپورٹ اجراء کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار سفارت کار لبنان میں امریکی قونصل خانے کا رکن ہے۔ امریکی سفارت کار گرفتار کیا گیا ہے۔ترک پولیس کے مطابق 11؍نومبر کو استنبول ایئرپورٹ پر جعلی پاسپورٹ کاحامل شخص پکڑا گیا تھا۔ جس نے بتایا کہ پاسپورٹ امریکی سفارت کار نے 10 ہزار ڈالرز میں دیا تھا۔ مسافر اس وقت ضمانت پر رہا ہے جبکہ امریکی سفارت کار کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

٭…امریکی جریدے نیوز ویک نے 2024ء کے امریکی صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ہار پر انتہا پسندوں کے ٹولے کا بےقابو ہوکر کیپٹل ہِل پر دھاوا بولنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ جریدے نے لکھا ہے کہ انتہا پسند گروپس کے ارکان بڑھ رہے ہیں۔ لوگ یہ باتیں کھلے عام کررہے ہیں کہ بائیڈن کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ضرورت پڑنے پر موجودہ حکومت کو گرایا جانا ہوگا۔ صرف 2020ء میں 17 لاکھ امریکیوں نے مزید 40 لاکھ بندوقیں خریدی ہیں، جب کہ 2021ء میں اندازہ ہے کہ مزید 20 لاکھ بندوقیں خریدی جائیں گی۔

٭…لیبیا کے وزیر تعلیم موسیٰ المقریف کو بچوں کو درسی کتابوں تاحال فراہم نہ کرنے کی لاپرواہی پر تحقیقات کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔ محکمہ پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ اس کیس میں وزیر منصوبہ بندی سمیت متعدد دیگر افسران بھی مطلوب ہیں۔ معمر قذافی کے دور سے لیبیا کے حکام ستمبر میں تعلیمی سال کے آغاز پر ہر طالب علم کو مفت نصابی کتب فراہم کرنے کے لیے رقم مختص کرتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ بچے کتابوں کی فوٹو کاپی کرواکر پڑھائی کررہے ہیں۔

٭…مڈغاسکر کے شعبہ پولیس کے لیے تعینات وفاقی وزیر سرج گیلے کا ہیلی کاپٹر ایک آپریشن کے دوران سمندری حدود کی فضا میں حادثے کا شکار ہو کر سمندر میں گر گیا جس کے بعد وزیر نے مسلسل 12 گھنٹے تیراکی کر کے ساحل پر پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ تا حال حادثے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔ ہیلی کاپٹر میں 2 مزید سیکیورٹی پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔

٭…فلپائن میں سمندری طوفان ‘رائے’ کی تباہ کاریوں سے مختلف حادثات میں اموات کی تعداد208 جبکہ 52 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ساحلی علاقوں سے 3 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، طوفان سے فلپائن کے جنوبی اور وسطی ساحلی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

٭…17 سے 21 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں منعقد ہونے والا سالانہ ورلڈ اکنامک فورم منسوخ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں سردیوں کے لیے معروف سیاحتی مقام ڈیوس میں ہرسال ورلڈ اکنامک فورم کے تحت اجلاس منعقد ہوتا تھا جس میں دنیا بھر سے 50 سے زائد سربراہان مملکت و حکومت اور 100 سے زیادہ ارب پتی اور کاروباری افراد شریک ہوتے اور مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں۔ اس فورم میں شرکت کی فیس 50 ہزار ڈالر فی آدمی ہے جبکہ ممبر شپ فیس اور پارٹنر شپ فیس 65ہزار ڈالر سے لے کر 6لاکھ 50 ہزار ڈالر تک ہوتی ہے۔ گزشتہ سال بھی یہ اجلاس کورونا کے باعث آن لائن منعقد ہوا تھا۔

٭… سائنسدانوں نے جنوبی چین کے صوبے جیانگژی کے شہر گانزو میں ایک بالکل محفوظ ڈائنو سار کے ایمبریو (جنین) کی دریافت کا اعلان کیا ہے، جو مرغی کی طرح اپنے انڈے سے نکلنے کی تیاری کر رہا تھا۔ محققین کے اندازے کے مطابق یہ کم از کم 66 ملین سال (ساڑھے 6کروڑ سال سے زیادہ) پرانا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ بغیر دانتوں کے تھیروپوڈ ڈائنو سار، یا Oviraptorosaursہے اور اسے بے بی ینگلیانگ (Baby Yingliang) کا نام دیا گیا ہے۔

محقق ڈاکٹر فیون ویسم ما کا کہنا ہے کہ یہ آج تک کی تاریخ میں ملنے والا بہترین ڈائنوسار ایمبریو ہے۔ فوسل سے پتہ چلتا ہے کہ جنین ایک گھماؤ والی حالت میں تھا جسے ‘ٹکنگ’ کہا جاتا ہے، جو کہ پرندوں میں انڈوں سے نکلنے سے کچھ دیر پہلے کی حالت ہوتی ہے۔ اس دریافت نے محققین کو ڈائنو سار اور جدید پرندوں کے درمیان تعلق کے بارے میں بھی بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دی ہے۔

ینگلیانگ سر سے دم تک 10 اعشاریہ 6 انچ (27 سینٹی میٹر) لمبا ہے اور چین میں ینگلیانگ اسٹون نیچر ہسٹری میوزیم میں 6 اعشاریہ 7 انچ لمبے انڈے کے اندر آرام کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس انڈے کو 2000ء میں دریافت کیا گیا تھا جس کے بعد اسے 10 سال تک محفوظ رکھا گیا۔

٭…ملائیشیا میں جمعہ سے شروع ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ریاست سیلنگور میں مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک جبکہ متاثرہ 8 ریاستوں میں 50 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

٭…نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کے باعث مرحلہ وار اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے اب 16 جنوری کی بجائے فروری 2022ء کے آخر میں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے قرنطینہ کے بغیر جنوری کے وسط سے آسٹریلیا کے ساتھ سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ غیرملکیوں کے لیے اپریل میں نیوزی لینڈ کی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

٭…عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈ روس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کے لیے دنیا کو مل کر مشکل اقدامات کام کرنا چاہئیں۔ بہتر ہو گا کہ ملکوں کو ہجوم سے بچنے کے لیے اپنے قومی دنوں کی تقریبات کو منسوخ کرنا چاہیے۔ کورونا وائرس کا اومی کرون ویرینٹ ، ڈیلٹا ویرینٹ کی نسبت تیزی سے پھیلتا ہے اور ویکسین شدہ افراد بھی اومی کرون سے متاثر ہو رہے ہیں، اومی کرون میں ویکسین کے خلاف مزاحمت زیادہ ہے۔

٭…شنگھائی جیاؤ تانگ یونیورسٹی اور وبائی امراض پر تحقیق کرنے والے ادارے کی مشترکہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ‘سائنوفارم’ کے دوسرے ڈوز کے 9 ماہ بعد بوسٹر ڈوز لگوانے سے ‘اومیکرون’ کے خلاف محض 20 فیصد اینٹی باڈیز تیار کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔ کورونا کی پہلی قسم کے مقابلے ‘اومیکرون’کی قسم پر ‘سائنو فارم’ ویکسین کی افادیت انتہائی کم ہے اور دوسرے ڈوز لگوانے کے 9 ماہ بعد تیسرا ڈوز لگوانے سے بھی کوئی خاص فرق نہیں پڑ رہا۔

٭…کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کیسز کی تعداد ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے جس کے بعد یورپ اور امریکہ سمیت متعدد ممالک میں نئی پابندیاں متعارف کرادی گئی ہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران امریکہ میں پونے دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ بھارت اور اسرائیل کے ساتھ ساتھ متعدد یورپی ممالک نے بھی بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب کرسمس اور نئے سال کی تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے۔

پیرس نے نئے سال کی تقریبات کو منسوخ کردیا ہے جرمنی نے ان تقریبات میں لوگوں کی تعداد کو 10 لوگوں تک محدود کردیا جبکہ نائٹ کلب بند کرتے ہوئے فٹبال میچز سمیت بڑے مجمعوں اور تقریبات پر پابندی لگا دی ہے۔

٭…آسٹریا میں نئی پابندیاں لاگو کرتے ہوئے رات 10بجے کے بعد کاروبار کھولنے اور لوگوں کی بلاضرورت نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔

٭…اومیکرون وائرس دنیا بھر میں سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں منظر عام پر آیا تھا لیکن جہاں ایک طرف دنیا بھر میں وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، وہیں دوسری جانب جنوبی افریقہ میں نئے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ گزشتہ ہفتے جمعرات کو جنوبی افریقہ میں وائرس کے 27 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے لیکن منگل کو یہ تعداد کم ہو کر 15ہزار 424 ہو گئی۔

٭…اسرائیل نے بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے سخت سفری پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 60سال سے زائد عمر کے افراد طبی عملے کو ویکسین کا چوتھا ڈوز لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ اسرائیل دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے ملک کی بڑی آبادی کو وائرس کی تیسرا ڈوز لگایا تھا حالانکہ ان کے اس اقدام کو متعدد ماہرین نے غیرضروری قرار دیا تھا تاہم بعد میں یہ ماہرین بھی اس اقدام کو درست ماننے پر مجبور ہو گئے تھے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینٹ نے ٹوئٹ میں چوتھے ڈوز کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ دنیا ہمارے نقش قدم پر چلے گی۔ اسرائیل نے سفری پابندیاں متعارف کراتے ہوئے امریکا سمیت 50 ممالک کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button