افریقہ (رپورٹس)

ریجنل اجتماع خدام و اطفال انکائی، کونگو برازاویل

(سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل کونگو برازاویل)

مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ انکائی لکھتے ہیں کہ انہیں مورخہ 26؍دسمبر 2021ء کو اپنا دوسرا ریجنل اجتماع خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ اجتماع انکائی حلقے کی ایک جماعت JEAN DESILمیں منعقد کیا گیا۔ اجتماع سے تین ماہ پہلے ہی حلقے کی جماعتوں کو تیاری کے لیے سلیبس دے دیا گیا تھا۔ جس کے مطابق خدام و اطفال نے بھر پور تیاری کی تھی۔

صدر جماعت JEAN DESILنے لوکل انتظامیہ سے اجتماع کی اجازت حاصل کی۔ اور پھر خدام و اطفال نے مل کر کھیلوں کے لیے گراؤنڈ تیار کی اور وقارعمل کرکے مسجد کے ارد گرد کے احاطہ کو صاف کیا۔ 26؍دسمبر کو صبح دس بجے اجتماع کا ٹائم مقرر تھا۔ الحمد للہ تمام خدام و اطفال وقت مقررہ پر مسجد بیت الناصر JEAN DESIL میں پہنچ گئے تھے۔

مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ اجتماع میں شرکت کے لیے انکائی سے وہاں پہنچے۔ ان کی صدارت میں اجتماع کا آغاز باقاعدہ تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں خدام و اطفال کا عہد دہرایا گیا۔ نظم کے بعد مکرم معلم سلسلہ نے ’قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر نہیں ہوسکتی ‘پر تقریر کی اور خدام و اطفال کو اطاعت خلافت اور حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ساتھ ذاتی تعلق بنانے کے بارے میں تلقین کی۔ بعدازاں دعا ہوئی۔

دعا کے بعد خدام و اطفال کے ورزشی مقابلے کروائے گئے۔ ورزشی مقابلوں میں دوڑ، لمبی چھلانگ، کلائی پکڑنا وغیرہ شامل تھے۔ اجتماع کے آخر پر فٹ بال کا ایک نمائشی میچ بھی کروایا گیا۔ کھیلوں کے مقابلے کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی۔

ایک بجے نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد مسجد بیت الناصر کے ہال میں علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، نظم، تقریر، دینی معلومات اور اذان کے مقابلے شامل تھے۔ اس علاقے میں اکثریت نومبائعین کی ہے جنہوں نے عیسائیت کو خیر باد کہہ کر جماعت احمدیہ مسلمہ میں شرکت کی ہے۔ اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسلام کی بنیادی چیزیں سیکھ کر مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

اجتماع میں 103 خدام اور 55 اطفال نے شرکت کی۔ اجتماع کے آخر پر تمام حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ اجتماع میں شرکت کرنے والوں کے ایمان کو مضبوط کرتا چلا جائے اور انہیں جماعت کے لیے مفید وجود بنا دے۔ ان کی روحانیت میں اضافہ فرمائےاور خلافت احمدیہ کے حقیقی جاںنثاروں میں شامل کرے۔ آمین

(رپورٹ: سعید احمد۔ مبلغ سلسلہ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button