امریکہ (رپورٹس)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کی روشنی میں جماعت احمدیہ امریکہ کی سالِ نَو کی تقریبات

(سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل امریکہ)

یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ جماعت احمدیہ کو ہر موقع پر خلافت احمدیہ کی طرف سے راہنمائی ملتی ہے اور جوں ہی وہ راہنمائی ملے احباب جماعت عالمگیر تمام دنیا میں ان ہدایات پر عمل پیرا ہونے کی پوری پوری کوشش کرتے ہیں۔ الحمد للہ ثم الحمد للہ۔

اب نیا سال شروع ہوا ہے اور گزشتہ سال کے آخری خطبہ میں 31؍دسمبر 2021ء کو جماعت احمدیہ کے روحانی پیشوا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تمام دنیا کے احمدیوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ نئے سال میں دعاؤں کے ساتھ داخل ہوں۔ نیز اس دن کا آغاز نماز تہجد سے کریں اور پھر اس تہجد کو مستقلاً اپنی زندگیوں کا حصہ بنالیں۔

حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد کی روشنی میں دنیا میں ہر جگہ جہاں جہاں ممکن تھا اپنی مساجد میں اپنے نماز سینٹرز میں اور اپنے اپنے گھروں میں سب نے نئے سال کا آغاز نماز تہجد سے کیا۔ الحمد للہ

ڈیٹرائٹ

ڈیٹرائٹ میں نماز تہجد کا اہتمام مسجد محمود میں کیا گیا اور خداتعالیٰ کے فضل سے اس میں خواتین، بچے اور مرد بہت ذوق اور شوق سے شامل ہوئے۔ اگرچہ شدید سردی تھی اور برفباری بھی تھی پھر بھی 90 سے زائد احباب مرد و زن شامل ہوئے۔ نماز تہجد کی ادائیگی کے بعد تمام احباب نے 15 منٹ تلاوت قرآن کریم کی اور پھر نماز فجر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز فجر کے بعد خاکسار نے درس دیا۔

درس میں خاکسار نے چند آیات، قرآنی (دعاؤں) کی تلاوت کی جو حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبہ جمعہ میں پڑھی تھیں اور جن کے پڑھنے کی تلقین فرمائی تھی۔ ان دعاؤں کے علاوہ بھی چند اور دعائیں اور ان کاترجمہ پڑھا۔

اس کے بعد خاکسار نے نئے سال کی مبارک باد دی اور خلافت کی برکات، اہمیت پر روشنی ڈالی اور نئے سال میں اس عزم کےساتھ داخل ہونے کی تحریک کی کہ وہ اپنے تعلق باللہ کو بڑھائیں۔ اپنے اوقات کو ذکر الٰہی میں گزاریں۔ قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کریں اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات باقاعدگی کےساتھ سنیں۔ نیز حضور کو باقاعدگی سے دعا کے لیے خط لکھا کریں اور MTA دیکھیں۔ نیز اپنے علم کو بڑھائیں اور جہاں جہاں مخالفین احمدیت بدظنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں ان کے جواب دیں۔ جس کے لیے انہیں حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا مطالعہ کرنا چاہیے اور خصوصاً نوجوانوں کو انگریزی زبان میں جو کتب ہیں ان کا مطالعہ کرکے اپنے علم کو بڑھانا چاہیے۔

اس کے بعد سب احباب کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ ناشتہ میں صد رجماعت مقبول احمد صاحب کی سرکردگی میں مکرم نسیم احمد خان صاحب اور ان کی ٹیم مبشر مرزا صاحب، محمود قریشی صاحب، بشارت وسیم صاحب اور دیگر احباب نے نہاری بنائی تھی جو نانوں کے ساتھ پیش کی گئی اور مٹھائی کے طور پر بقلاوا پیش کیا گیا۔ الحمد للہ۔

اس سے قبل جمعہ کی رات خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ نے بھی مسجد میں رات گزاری۔ ان کے پروگرام میں یہ بات خصوصیت کے ساتھ شامل تھی کہ وہ رات ٹھیک بارہ بجے نوافل کی ادائیگی کریں گے، جو انہوں نے کی اور اس کے ساتھ ساتھ پھر نماز تہجد میں بھی شامل ہوئے۔ اسی طرح اس روز بعد نماز عشاء خاکسار کے ساتھ خدام و اطفال کی سوال وجواب کی مجلس ہوئی۔ یہ مجلس بھی پون گھنٹہ سے زائد رہی۔

کولمبس

مکرم صدر جماعت رفیع احمد ملک صاحب رپورٹ کرتے ہیں کہ اوہایو سٹیٹ میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے مسجد میں ایک محدود تعداد نے باجماعت نماز ادا کی۔ ایسے احباب جنہوں نے ابھی ویکسین نہیں لگوائی تھی ان کو مسجد آنے کی اجازت نہیں تھی۔ لہٰذا انہوں نے اپنے اپنے گھروں میں باجماعت نماز تہجد کے ساتھ نئے سال کا آغاز کیا۔

مسجد میں نماز تہجد اور نماز فجر کی حاضری 36تھی۔ وہاں پر بھی نماز تہجد کے بعد موجود احباب نے تلاوت قرآن کریم کی اور پھر نماز فجر کی باجماعت ادائیگی ہوئی۔ نماز فجر کے بعد درس بھی دیا گیا۔

ڈیٹن بھی اوہایو سٹیٹ میں ہے اس لیے یہاں پر بھی محدود تعداد میں لوگ فضل عمر مسجد میں، جو امریکہ کی اولین مساجد میں سے ہے، نماز تہجد کے لیے تشریف لائے۔ مکرم جنرل سیکرٹری زکی احمد صاحب کی رپورٹ کے مطابق 15 مرد اور 8 خواتین شامل ہوئے۔ الحمد للہ۔

یہ رپورٹ صرف خاکسار کے ریجن کی جماعتوں کی ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ میں خداتعالیٰ کے فضل سے ہر جگہ ہر مسجد میں نماز تہجد کا اہتمام ہوا اور احباب دعائیں کرتے ہوئے نئے سال میں داخل ہوئے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کی روشنی میں ہر جگہ نماز تہجد سے اپنے سال نو کا آغاز کیا۔ الحمد للہ

جلسہ سالانہ قادیان

خداتعالیٰ کے فضل سے قادیان میں جلسہ سالانہ اپنی تاریخوں میں ہوا اور حضرت امیر المومنین نے بروز اتوار 26 دسمبر 2021ء جلسہ کے اختتامی اجلاس میں خطاب فرمایا۔ ہم نے ڈیٹرائٹ میں جمعہ کے دن اور پھر ہفتہ کے دن بھی اس کا اعلان کیا کہ احباب مسجد محمود میں آکر جلسہ کی کارروائی سنیں۔ چنانچہ اس کا پروگرام یہ بنایا گیا کہ مسجد میں پہلےتہجد ہو گی اور پھر اس کے بعد خطاب سنیں گے۔

الحمد للہ اس موقع پر بھی بڑے، چھوٹے بچے اور خواتین بڑے ذوق اور جذبے سے شامل ہوئے۔ نماز تہجد کے بعد ساڑھے پانچ بجے حضور انور کے خطاب کے لیے سب ہمہ تن گوش ہو کر بیٹھ گئے اور سب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب سنا اور حضور کے ساتھ دعا میں شامل ہوئے۔

اس کے بعد نماز فجر باجماعت ادا کی گئی اور پھر سب شاملین کو ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔ الحمد للہ

اللہ تعالیٰ ہمیں خلافت کی ہر آواز پر لبیک کہنے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button