پیغام حضور انور

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم (برموقع جلسہ سالانہ برازیل2021ء)

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد (یوکے)

13-09-2021

پیارے ممبران جماعت احمدیہ مسلمہ برازیل

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے نہایت خوشی ہے کہ آپ 24 سے 26 ستمبر 2021ء کو اپنے جلسہ سالانہ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسےکو کامیابی سے ہمکنار کرے اور تمام شرکاء کو بے پناہ روحانی برکتیں حاصل ہوں اور وہ نیکی اورتقویٰ میں سبقت لے جانے والے ہوں۔

جلسہ سالانہ ایک منفرد اجتماع ہے جو جماعت کے ممبران کو یہ احساس دلاتا ہے کہ اسلام کی حقیقی تعلیم کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنی اخلاقی اور روحانی حالت کو بہتر بنائیں جس کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے تفصیل سے بیان کیا ہے تا کہ ہم اپنے خالق حقیقی یعنی اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے حقوق کو ادا کرنے والے بن سکیں۔

ہر وہ شخص جو جلسہ میں بذات خود شرکت کر رہا ہے یا virtuallyاس میں شامل ہو رہا ہے اس امر کو ذہن میں رکھے کہ آپ کا مقصد صرف اللہ کی رضا حاصل کرنا ہے۔ ہر ایک کو کثرت سے ذکر الٰہی میں مشغول ہونا چاہیے اور جلسہ میں شرکت کا حقیقی مقصد صرف یہی ہونا چاہیے۔

جلسہ کے دوران ، وقفوں میں اور رات کو بھی اپنی نماز وں میں کثرت سے ذکر الٰہی کریں اور پختہ عہد کریں کہ اے اللہ ہم اس جلسے میں نیک نیتی کے ساتھ شامل ہوئے ہیں جس کا قیام تیرے خاص کرم اور فرمان سے ہوا ۔ ہم اس جلسے میں تیری رضا حاصل کرنے اور تیرے ذکر کو بڑھانے اور تیری محبت کے حصول کے لیے شریک ہوئے ہیں۔

ہمیں وہ تمام برکات عطا فرما جو تو نے اس جلسہ کے لیے مخصوص کی ہیں اور ہمارے اندر وہ پاکیزہ تبدیلی پیدا کر جس کی تو ہم سے خواہش کرتا ہےاور جس کے لیے تو نے اپنے حقیقی عبد حضور ﷺ کو اس دنیا میں بھیجا ہے تاہم خلوص دل سے اس کے ہاتھ پر بیعت کر سکیں۔

موجودہ covid کی صورتحال کے دوران آپ کو اپنی روحانی حالت کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اپنے گھروں کو اللہ کی عبادت کی جگہ بنائیں۔ اپنی کوششوں کو پنجگانہ نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کرنے پر مرکوز رکھیں۔ اللہ کے ساتھ مخلص اور خاص تعلق قائم کرنے کے لیے مسلسل کوشش کریں۔ خلافت کے ساتھ مضبوط اور ذاتی تعلق پیدا کرنے کی کوشش کریں اور اپنے بچوں کو بھی اس الٰہی نظام کی بنیادی اہمیت کی تعلیم دیں۔ اس سلسلے میں آپ ایم ٹی اے کو کثرت سے دیکھیں اور خاص طور پر میرے جمعہ کے خطبات کو اور ایسے ہی دیگر مواقع پر دیے گئے میرے خطابات کو سنیں۔

یاد رکھیں کہ معاشرے کی ترقی، اسلام کا پھیلاؤ اور درحقیقت عالمی امن کا قیام، یہ سب بنیادی طور پر خلافت احمدیہ کے قیام سے جڑے ہوئے ہیں۔اس لیے برازیل کی جماعت کے ارکان کو ہمیشہ خلافت کے لیے وقف اور اس کا وفادار رہنا چاہیے۔

مَیں نے پہلے ذکر کیا ہے کہ covid وائرس نے لوگوں کو خدا کی طرف لوٹنے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا ہے۔ ہم سب کو پوری دنیا کے لیے دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ بنی نوع انسان کو اس وائرس کے مضر اثرات سے بچائے۔ ان حالات میں نہ صرف اپنی اصلاح ضروری ہے بلکہ تبلیغ میں اپنی کوششوں کو بڑھانا بھی ضروری ہے۔ ہمیں دنیا والوں کو یہ سمجھانا چاہیے کہ وہ خدا کی طرف رجوع کریں اور یہ مان لیں کہ حقیقی زندگی وہی ہے جو آخرت کی ہے۔

میں آپ کو یاد دلاتا ہوں کہ تبلیغ کا میدان اب بھی کھلا ہے اور آپ برازیل کے تمام باشندوں تک تبلیغ اور اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کے لیے اپنے اختیار میں موجود تمام options اور ذرائع استعمال کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو کامیابی سے ہمکنار کرے اور آپ سب کو اپنی بیعت کی ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے وفادار رہیں اور اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں تقویٰ، نیکی اور اسلام و انسانیت کی خدمت کی روح کو بڑھاتا چلا جائے۔ آپ سب پر اللہ کا فضل ہو۔ آمین

والسلام

خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button