حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(17؍جنوری۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 328,938,451

صحت یاب ہونے والے: 267,791,642

وفات یافتگان: 5,558,866

٭…یوکرین کی حکومتی ویب سائٹس سمیت 70 ویب سائیٹس جمعرات کی شب بڑے پیمانے پر سائبر حملہ کیا گیا۔ یوکرین کی وزارت خارجہ، وزارت تعلیم سمیت کابینہ اور ایمرجنسی منسٹری کی ویب سائٹ بھی ڈاؤن ہوئیں۔ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر یوکرائنی، روسی اور پولش میں پیغام جاری کیے گئے۔ ترجمان یوکرینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سائبرحملے سے متعلق نتیجہ اخد کرنا قبل ازوقت ہے، یوکرین کے خلاف روسی حملوں کا طویل ریکارڈ موجود ہے۔سائبر حملے سے متاثر ہونے والی زیادہ تر ویب سائٹس تک دوبارہ رسائی حاصل کرلی گئی ہےسائبر حملے میں پرسنل ڈیٹا لیک ہونے سے محفوظ رہا؟۔

٭…وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ روس یوکرین میں جارحیت کرنے کا ماحول بنارہا ہے۔ روس مشرقی یوکرین میں آپریشن کیلئے پہلے ہی اپنے آپریٹوز تعینات کرچکا ہے۔ یوکرین میں تعینات روسی آپریٹوز کو شہری علاقوں میں کارروائیوں کی تربیت دی گئی ہے، روسی آپریٹوز افراتفری پھیلانے کیلئے دھماکا خیزمواد سے اپنی پروکسی فورسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں ۔

ترجمان پینٹاگون کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روسی جارحیت کی انٹیلی جنس رپورٹ قابل بھروسہ ہے۔ انٹیلی جنس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یوکرین پر روسی جارحیت جنوری اور فروری کے وسط میں ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب روس یوکرین پر جارحیت نہ کرنے کے موقف پر قائم ہے۔

٭…شمالی کوریا کی جانب سے 2 ریلوے ٹیکٹیکل گائیڈڈ میزائل کے تجربے کیے ہیں۔ حکام کے مطابق میزائل تجربہ ریلوے بورن رجمنٹ کی کارروائی کی مہارت جانچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے ستمبر 2021ء میں پہلی بار ٹرین سے میزائل فائر کرنے کا تجربہ کیا تھا، شمالی کوریا کا رواں ماہ یہ تیسرا میزائل تجربہ ہے۔

شمالی کوریا نے رواں ماہ 5 اور 11 جنوری کو ہائپر سونک میزائل کے تجربات کیے تھے جن کے بعد امریکا نے شمالی کوریا پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ امریکا پابندیاں عائد کر کے جان بوجھ کر صورتِ حال خراب کر رہا ہے۔ شمالی کوریا کو ملکی دفاع کا حق حاصل ہے۔

٭…افغانستان میں اقتدار میں آنے کے بعد طالبان نے غیرقانونی سرگرمیوں اور داعش سے روابط کے شبہ میں تقریباً 3 ہزار ارکان کو برطرف کردیا۔ لطیف اللّٰہ حکیمی نے بتایا کہ یہ افراد اماراتِ اسلامی کا نام بدنام کر رہے تھے۔ انہیں جانچ پڑتال کے عمل کے بعد تحریک سے نکالا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایک شفاف پولیس اور آرمی بنائی جاسکے۔ یہ لوگ کرپشن، منشیات کی اسمگلنگ اور حتیٰ کہ لوگوں کی نجی زندگیوں میں مداخلت کرنے میں بھی ملوث تھے۔

٭…امریکی ریاست ٹیکساس میں کولی ولی کی بیتِ اسرائیل نامی یہودی عبادت گاہ میں ایک شخص نے راہب سمیت 4 افراد کو یرغمال بنالیا تھا۔ پولیس کارروائی سے یرغمال بنائے گئے 3 یرغمالیوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ یرغمال بنانے والا شخص مارا گیا۔ اس کی شناخت جاری نہیں کی گئی۔ ایف بی آئی کی ٹیم واقعےکی تحقیقات کر رہی ہے۔یرغمال بنانے والے شخص نے دیگر مطالبات کے ساتھ پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ عافیہ صدیقی افغانستان میں امریکی فوج اور حکومتی اہلکاروں پر مبینہ قاتلانہ حملے اور قتل کی کوشش کرنے کے 7 الزامات میں ٹیکساس کی جیل میں 86 برس کی قید کاٹ رہی ہیں۔

٭…نائیجیریا کے شہر اسابا میں گرجا گھر کی عمارت منہدم ہونے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ عمارت کے ملبے سے 18 افراد کو نکال لیا گیا، جن میں سے زخمی ہونے والے 11 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ عمارت گرنے کے وقت گرجا گھر میں عبادات جا ری تھیں، عمارت منہدم ہونے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

٭…ایران کے مغربی علاقے کے کئی شہروں میں اتوار کی صبح سنی جانے والی زوردار دھماکوں کی آوازوں سے متعلق ایرانی وزارتِ داخلہ کے عہدیدار ماجد میر احمدی کا کہنا ہے کہ یہ آوازیں بجلی گرنے سے پیدا ہوئیں۔ متعلقہ سیکیورٹی اور عسکری اداروں سے رابطہ کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ان آوازوں کا تعلق کسی خاص واقعے سے نہیں ہے۔

٭…صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں حکومتی ترجمان کے گھر کے سامنے کیے گئے خودکش بم دھماکے میں حکومتی ترجمان محمد ابراہیم موالیمو زخمی ہوگئے۔ صومالی حکومت کے میڈیا ادارے کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا موغادیشو کے ایک روڈ جنکشن پر کیا گیا اور کسی گروپ نے ابھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی فوری طور پر یہ پتہ چل سکا ہے کہ اس حملے میں کون ملوث ہے۔

٭…ہفتہ 15؍ جنوری کے روز جنوبی بحرالکاہل میں واقع ٹونگا جزائر کے قریب زیرِ سمندر آتش فشاں پھٹنے سے امریکا کے ویسٹ کوسٹ میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی تھی جس کی بنا پر کیلی فورنیا سمیت کئی ریاستوں میں ساحلی علاقوں کو بند کر دیا گیا ۔ آتش فشاں کے پھٹنے سے آنے والے زلزلے کی شدت 7.4ریکارڈکی گئی۔سمندر میں آتش فشاں پھٹنے سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان واقع ٹونگا جزیرے کے ساحلوں سے ایک میٹر سے زیادہ اونچی لہریں ٹکرائیں۔ آتش فشاں پھٹنے کے بعد سے ٹونگا میں فون اور انٹرنیٹ کی سروسز معطل ہیں اور وہاں ہونے والے جانی اور مالی نقصان سے متعلق تاحال کوئی واضح معلومات نہیں ملیں۔

٭…قازقستان میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت مخالف پُرتشدد مظاہروں میں 19 فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت 225 افراد ہلاک ہوئے۔ قازقستان میں حکومت کے خلاف 2 جنوری کو شروع ہونے والے مظاہرے کئی روز تک جاری رہے تھے۔

٭…بیلجیم میں سیکریٹری آف سٹیٹ برائے کنزیومر پروٹیکشن کی جانب سے جاری کردہ ایک وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید 36 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، یہ اضافہ گذشتہ سال دسمبر میں ہونے والے اضافے کے علاوہ ہے۔

٭…برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ اب سے کورونا ویکسینیشن کا کورس پورا کرنے والے افراد کو سفر سے پہلے کورونا ٹیسٹ نہیں کروانا پڑے گا، مزید برآں برطانیہ آمد کے بعد دوسرے دن پی سی آر ٹیسٹ کے بجائے 5 سے 10 منٹ میں نتیجہ بتانے والا لٹرل فلو ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس سے پہلے 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو برطانیہ آمد سے دو دن پہلے پی سی آر ٹیسٹ یا لٹرل فلو ٹیسٹ کروانا لازمی تھا۔

٭…امریکی مرکز انسداد امراض کا کہنا ہے کہ کپڑے کے ماسک سرجیکل ماسک کے مقابلے میں کورونا سے تحفظ نہیں دیتے۔ کورونا کی اومی کرون قسم کے خلاف این 95 ماسک سب سے زیادہ موثر ہیں۔

٭…تھائی لینڈ کی وزارتِ صحت کے مطابق دارالحکومت بینکاک میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کا شکار 86 سالہ خاتون کا انتقال ہواہے۔ اس ویرینٹ کے سبب یہ پہلی موت ہے۔اسی طرح ایران میں عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سے پہلی تین اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

٭…برطانوی ماہرین نے اپنی تحقیق میں کہا ہے کہ اومی کرون وائرس سے بڑے بچوں کے مقابلے میں ایک سال سے کم عمر بچے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں لیکن وہ بھی زیادہ بیمار نہیں ہوتے۔ اومی کرون کا شکار زیادہ تر بچے جلد ٹھیک ہوجاتے ہیں اور ایسے بچوں کی تعداد کم ہوتی جا رہی ہے جنہیں آکسیجن کی ضرورت پڑے۔

٭…عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پروگرام کوویکس نے 1 ارب کورونا وائرس کی ویکسین کی خوراکوں کی تقسیم کا سنگِ میل عبور کر لیا۔ یہ کام گزشتہ برس فروری 2021ء میں گھانا سے شروع کیا گیا تھا جو روانڈا میں پہنچ کر تکمیل کو پہنچا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کوویکس نے طے کیا تھا کہ 2021ء کے آخر تک 2 ارب ویکسین دنیا میں تقسیم کر دے گا لیکن مطلوبہ تعداد میں ویکسین کی فراہمی میں ناکامی کی وجہ امیر ملکوں میں ویکسین کی ذخیرہ اندوزی رہی۔ امیر ملکوں نے زیادہ پیسے دے کر غریب ملکوں کو کورونا ویکسین سے محروم رکھا۔

٭…سوئیڈن کی وزیراعظم میگڈلینا اینڈرسن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ سوئیڈن کی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہی ہیں۔ وزیراعظم حکومتی امور گھر سے انجام دیں گی۔

٭…عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈ راس کے مطابق اب تک دنیا بھر میں 9 اعشاریہ 4 ارب ویکسینز لگائی جاچکی ہیں۔ اتنی ویکسینز لگنے کے باوجود افریقہ کے 50 فیصد لوگوں کو ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں مل سکی۔ ماہرینِ صحت کے مطابق آبادی کے بڑے حصے کے ویکسینیشن سے محروم رہنے سے ہی نت نئے ویرینٹ سامنے آ رہے ہیں نیز اومی کرون بڑھنے سے بوسٹرز ڈوزز کی طلب بڑھے گی، یہ طلب ویکسین کی غریب ملکوں کو تقسیم متاثر کرے گی۔

٭…آسٹریلیا کی وفاقی عدالت نے سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی ویزا اپیل مسترد کر دی جس پر سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچچ کا کہنا تھا کہ دس روز تک جوکووچ کے ساتھ برا رویہ اپنا کر آسٹریلیا نے جوکووچ کی تذلیل کی ہے۔ ایسا کر کے آسٹریلیا نے خود اپنی تذلیل کی ہے، جوکووچ سر اٹھا کر اپنے ملک واپس آسکتا ہے۔ واضح رہے کہ جوکووچ کورونا ویکسین لگوائے بغیر آسٹریلیا پہنچے تھے جس پر آسٹریلوی حکام نے دو بار ان کا ویزہ منسوخ کیا۔ اپیل مسترد ہونے پر جوکووچ کو اب آسٹریلیا سے ملک بدر کر دیا جائے گا۔

٭…جاپان بھر میں ہائی سکول کے نصف ملین طلباء ملک کے سینکڑوں مقامات پر یونیورسٹی کے داخلہ کے لیے سالانہ امتحان دے رہے ہیں۔ اسی دوران داخلہ ٹیسٹ کیلئے آنے والے طلباء پر 17 سال کے طالب علم نے چاقو حملہ مبینہ طور پر حملہ کیا، ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب ٹوکیو کے میٹرو پولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ حملے کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی کسی گرفتاری کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

٭…طبی جریدے دی جرنل آف دی الزائمرز ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی نیویارک یونیورسٹی گروسمین اسکول آف میڈیسین کی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کووڈ 19 کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں میں مختصر مدت تک خون میں ایسے پروٹین کی سطح بہت زیادہ ہوتی ہے جو دماغی نقصان کا باعث سمجھے جاتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ بیماری کے بعد مختصر وقت تک ان پروٹن کی سطح دیگر بیماریوں بشمول الزائمر سے متاثر افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں مارچ سے مئی 2020 کے دوران بیمار ہونے والے مریضوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس تحقیق میں 251 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 71 سال تھی مگر ان میں دماغی تنزلی یا ڈیمینشیا کی علامات کووڈ سے بیمار ہونے سے قبل نہیں تھیں۔ 161 افراد کے کنٹرول گروپ (54 دماغی طور پر صحت مند، 54 میں معمولی دماغی مسائل اور 53 میں الزائمر کی تشخیص ہوئی تھی) میں کووڈ کی تشخیص ہوئی تھی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button