اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

مکرمہ امۃ اللطیف خورشید صاحبہ

٭… امۃالباری ناصر صاحبہ امریکہ سے تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کی بڑی بہن مکرمہ امۃ اللطیف خورشید صاحبہ 19؍جنوری 2022ءکومختصر علالت کے بعد پچانوے سال کی عمر میں ٹورنٹو میں انتقال کر گئی ہیں۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔

مرحومہ اصحاب مسیح موعودؑحضرت میاں فضل محمد صاحب ہرسیاں والے کی پوتی اور حضرت حکیم اللہ بخش مدرس دربان ڈیوڑھی حضرت اماں جان ؓکی نواسی اور مکرم میاں عبدالرحیم دیانت صاحب درویش قادیان کی بڑی بیٹی تھیں۔ آپ مکرم شیخ خورشید احمد صاحب مرحوم اسسٹنٹ ایڈیٹر روزنامہ الفضل ربوہ کی اہلیہ تھیں ۔

آپ 6؍اکتوبر1927ءکو قادیان میں پیدا ہوئیں۔ آپ نے پندرہ سال کی عمر سے لجنہ اماء اللہ کے لیے مختلف عہدوں پر خدمات سر انجام دینا شروع کیں ۔قادیان میں خدمات کی توفیق ملی پھر تقسیم بر صغیر کےبعدحضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ اور حضرت چھوٹی آپاؒ کے ارشاد پر مہاجرات کی انچارج کی خدمت ادا کی ۔طویل خدمات کی ایک جھلک دعا کی غرض سے پیش ہے :

جنرل سیکرٹری حلقہ دارالفتوح قادیان:1942ء

منتظم دارالخواتین ربوہ:1949ء

جنرل سیکرٹری حلقہ رتن باغ:1949ء

سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ مرکزیہ: 1950ءتا 1951ء

سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ مرکزیہ:1955ء تا 1962ء

جنرل سیکرٹری لجنہ ا ماء اللہ مرکزیہ ربوہ:1963ء

سیکرٹری شعبہ اشاعت لجنہ اماء اللہ مرکزیہ ربوہ:1963ء تا1982ء

سیکرٹری تجنید لجنہ اماء اللہ مرکزیہ ربوہ:1964ء

سیکرٹری اصلاح و ارشاد لجنہ اماء اللہ مرکزیہ ربوہ: 1965ء تا 1966ء

مدیرہ مصباح:1979ء تا 1986ء

کینیڈا ہجرت:1986ء

1986ء سے کینیڈا میں مقیم تھیں ۔یہاں بھی وہ لجنہ اماءاللہ کی اعزازی مشیر رہیں۔ لجنہ اماءاللہ کی تاریخ کی ابتدائی جلدیں اور المصابیح مرتب کرنے میں بھرپورمعاونت کی توفیق پائی۔ جماعت کی ایک چلتی پھرتی تاریخ تھیں ۔

حضرت چھوٹی آپا ؒ کے ساتھ قریباً چالیس سال کام کرنے کی سعادت ملی ۔خدمت خلق کا بہت شوق اور سلیقہ تھا۔ بہت ملنسار،سب کا بھلا چاہنے والی اور متوکل خاتون تھیں۔چندوں میں باقاعدہ تھیں۔ موصیہ تھیں ۔ سینکڑوں بچوں کو قرآن پاک پڑھایا ۔ خلافت کی فدائی تھیں ۔عمرہ کرنے کی سعادت پائی۔

پانچ بچے یاد گار چھوڑے ہیں ۔ لئیق احمد خورشید ۔ شاہد احمد خورشید ۔ زاہد احمد خورشید ، نصرت ظفر اور عفت ارشد ملک ۔

ایک پوتا مکرم وقاص خورشید مربی سلسلہ ہے۔ مرحومہ مکرم عبدالباسط شاہد صاحب مربی سلسلہ کی بہن تھیں ۔

احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اعلیٰ علیین میں مقام قرب اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

مکرمہ عطیہ بیگم صاحبہ

زوجہ ملک منصور احمد صاحب مرحوم

٭…عابد انور خادم صاحب ناظم تبلیغ مجلس انصار اللہ ساؤتھ ریجن ( یوکے )تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بہنوئی ملک محمد احمد صاحب آف لاہور کی والدہ عطیہ بیگم صاحبہ زوجہ ملک منصور احمد صاحب مرحوم آف ساہیوال مختصر علالت کے بعد مورخہ 12؍جنوری 2022ء کو بعمر 80 سال لاہور میں انتقال کر گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحومہ نے پسماندگان میں 4 بیٹے اور 3 بیٹیاں اور اگلی نسل کے متعدد بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔ مرحومہ وفا شعار، مہمان نواز اور بہت نیک خصائل کی مالک خاتون تھیں۔ خاوند کی وفات کے بعد 21 سال کا عرصہ نہایت صبر و شکر سے گزارا اور بچوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کی۔ خلافت احمدیہ کی عاشق اور نظام جماعت کی پابند تھیں۔ مرحومہ بفضل اللہ موصیہ تھیں۔ وفات سےاگلے روز آپ کی تدفین بہشتی مقبرہ ربوہ میں ہوئی۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کے اخلاق اور نیکیوں کو جاری رکھنے والا بنائے۔ آمین

فضل الرحمٰن صاحب رشید آف جھنگ

٭…آصف بلوچ صاحب یوکے سے تحریر کرتے ہیں کہ محترم فضل الرحمٰن صاحب رشید آف جھنگ ابن محترم مولانا عبدالرحمٰن صاحب مبشرآف ڈیرہ غازی خان 15؍جنوری 2022ء بروز ہفتہ مختصر علالت کے بعد بوجہ ہارٹ اٹیک بعمر74سال لیور پول یوکے میں وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔آپ خداتعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔آپ 1947ء کو جھنگ میں پیدا ہوئے۔آپ تقریباً ایک ماہ قبل اپنے بچوں کے پاس یوکے آئے تھے۔

آپ کی نماز جنازہ 18؍جنوری بروز منگل بعد نماز مغرب دارالامان مسجد مانچسٹر میں مکرم محمد احمد خورشید صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی اور بعد از اں تدفین کے لیے میت کو ربوہ پاکستان لے جایا گیا۔بہشتی مقبرہ میں تدفین کے بعد دعا کروائی گئی۔آپ صوبیدار میجرحضرت ڈاکٹر ظفر حسن صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نواسے تھے۔آپ انتہائی دعا گو،پابند صوم و صلوٰۃ، مہمان نواز، ملنسار اور دوسروں کی بےلوث مدد کرنے والے تھے۔نظام جماعت اور خلافت احمدیہ سے گہری وابستگی رکھتے تھے ۔ آپ کو جلسہ سالانہ برطانیہ میں متعدد بار شرکت کرنے کی توفیق ملی اور حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کر نے کی سعادت حاصل ہوتی رہی۔آپ کی اہلیہ محترمہ آپ کی زندگی میں ہی وفات پاگئی تھیں۔آپ نے پسماندگان میں دوبیٹے مکرم خاور رشید صاحب نائب صدر لیورپول اور عامر رشید صاحب حال مقیم جرمنی اور ایک بیٹی مکرمہ ڈاکٹرصائمہ رشید صاحبہ اہلیہ عرفان احمد صاحب جنہیں بحیثیت صدر لجنہ لیور پول خدمت کی توفیق مل رہی ہے اورمتعدد پوتے پوتیاں اور نواسیاں، یاد گارچھوڑی ہیں ۔

احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سب پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی دعاؤں کا حقیقی وارث بنائے۔آمین

رضوان احمد صاحب آف لاہور

٭… یاسر احمد سیالکوٹی صاحب مربی سلسلہ اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کے ماموں مکرم رضوان احمد صاحب مورخہ 15؍جنوری 2022ء بروز بدھ بوجہ ہارٹ اٹیک 42سال کی عمر میں قلیل علالت کے بعد وفات پا گئے ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

موصوف نے 3 بچے ،بڑا بیٹا عزیزم رافع احمد عمر 14 سال بیٹا جری اللہ عمر 12 سال بیٹی عزیزہ قندیل رضوان عمر 7 سال اور اہلیہ سوگوار چھوڑے ہیں

احباب سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے ؛ بچوں ، اہلیہ اور دیگر لواحقین کو صبر جمیل سے نوازےنیز ان کا حامی و ناصر ہو ۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button