افریقہ (رپورٹس)

زیمبیا میں پھل دار پودوں کی مفت تقسیم

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ زیمبیا کو ضلع پیٹوکے(Petauke) میں ایک ہزار پھل دارپودے مفت تقسیم کرنے کی توفیق ملی ۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

بارشوں کے موسم کی وجہ سے دیہاتی جماعتوں کا دورہ کرنا مشکل ہوتا ہے ا س لیے تبلیغ کے لیے نئے راستوں کی تلاش اور جماعت کا تعارف زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے خدام و اطفال کے ساتھ مل کر شجر کاری کا منصوبہ بنایا گیا اور بیگز میں آم ، جامن ، آواکاڈو، پپیتااور امرود کے 1500سے زائد بیج بوکر مشن ہاؤس میں نرسری تیار کی گئی اس طرح مسلسل 3ماہ کی محنت کے بعد یہ پودے تیار ہو گئے ۔
اس کے بعد خاکسار نے پیٹوکے شہر کی ممبر آف پارلیمنٹ اور ڈسٹرکٹ کمشنر صاحبہ کے ساتھ رابطہ کیا کہ جماعت احمدیہ ضلع کے لوگوں میں مفت ایک ہزار پھل دار پودے تقسیم کرنا چاہتی ہے جس پر انہوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا ۔

چنانچہ اس پروگرام کے لیے 2جگہوں کا انتخاب کیا گیا ۔

پہلی تقریب Kabvumbe Basic Schoolمیں منعقد کی گئی ۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ کمشنر ، فارسٹ آفیسر ، ایجوکیشن آفیسر، کونسل سیکر ٹری ، ایریا کونسلر، ایم ۔پی کے پرسنل سیکرٹری، اساتذہ کرام ، 22ہیڈ مینز ، 500طلبا اور 350دیہاتی لوگوں سمیت کل 900افراد نے شرکت کی ۔

سب مہمانوں کے تعارف کے بعد خاکسار نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورجماعت کا تعارف کروایا کہ جماعت مختلف ممالک میں انسانیت کی خدمت اور امن کا پیغام کس طرح پہنچا رہی ہے ۔ جس کے بعد تمام گورنمنٹ آفیشلز نے باری باری تقاریر کیں اور جماعت کے اس کام کو بہت سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ ان میں سے کسی پودے کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔

پروگرام کے آخر میں مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ کمشنر صاحبہ نے اس کاوش کے لیے جماعت احمدیہ کا شکر یہ ادا کیا اور تمام حاضرین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے ان پھل دار پودوں کی حفاظت کی تو بڑے ہو کر نہ صرف یہ ہماری غذائی ضرورت کو پورا کر سکیں گے بلکہ ہم ان پودوں کے پھلوں کو فروخت کر کے اپنی غربت بھی دور کر سکیں گے اس لیے ان کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ا س کے بعد انہوں نے سکول میں پودا لگا کر اس تقریب کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

دوسری تقریب کا انعقاد مورخہ 22جون 2019ء کو مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب کے ساتھ پیٹوکے شہر کے ایگریکلچر شو میں ہوا ۔ ا س موقع پر جماعتی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا ۔ اس پروگرام کے لیے وزیر اطلاعات ، ڈسٹرکٹ کمشنر اور دیگر گورنمنٹ آفیشلز کو مدعو کیا گیا تھا چنانچہ وزیر اطلاعات ، ڈسٹرکٹ کمشنر اور دیگر گورنمنٹ آفیشلز نے جماعتی سٹال کا وزٹ کیا جس پر مکرم امیر صاحب نے سب کو جماعت کا مختصر تعارف کروایا اور وزیر اطلاعات کو قرآن کریم، لائف آف محمد ﷺ اور ورلڈ کرائسز اینڈ دی پاتھ وے ٹو پیس تحفۃً دی اور 350پھل دار پودے بھی ان کی خدمت میں پیش کیے تا کہ وہ لوگوں میں تقسیم کر دیں ۔ اس پروگرام میں 2ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی ۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان 2پروگراموں کے ذریعہ سے 2ہزار سے زائد افراد میں جماعتی لٹریچر تقسیم کیا گیا۔

ان پروگرامز کو لوکل ریڈیو اپنے نیوز بلیٹن میں مسلسل 2دن تک نشر کرتا رہا ۔ اس طرح میڈیا کے ذریعہ بھی جماعت کا پیغام ایک لاکھ سے زائد افراد تک پہنچا ۔ (ان پودوں کی مالیت بارہ سو یو ایس ڈالر تھی)

(رپورٹ : طاہر احمد سیفی ۔ مبلغ سلسلہ پیٹوکے ۔ زیمبیا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button