مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت عشرہ صلوۃ اور سالِ نو کا کامیاب پروگرام
مکرم مولوی محمد مورث کمارا صاحب مبلغ سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ زمانے کی جدت کا ایک تقاضا یہ بنتا جا رہا ہے کہ لوگ ہر ملک و قوم کے رسومات و رواجوں پر بلا سوچے سمجھے عمل کرتے ہوئے اسے اپنی زندگیوں کا حصہ بناتے جا رہے ہیں خواہ ایسی رسومات و خیالات ان کے مذہبی اقدار کے خلاف ہی کیوں نہ ہوں۔ لیکن اس دور میں جماعت احمدیہ ہی وہ واحد جماعت ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متبعین کو ہر ملک و قوم کے رسوم و رواج سے بچا کر اصل اسلامی تعلیم کی جانب موڑ رہی ہے۔
زمانے کی جدت کے نام پر سالِ نو کا آغاز پوری دنیا کے ہر ملک اور ہر رنگ و نسل کے لوگوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس پر مذہبی اقدار کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں۔ لیکن اس زمانہ میں بھی جماعت احمدیہ سے وابستہ دین اسلام کے پیروکار اپنی دینی اقدار کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔
سیرالیون اگرچہ مسلم اکثریتی ملک ہے لیکن کرسمس اور نئے سال کو بھی بطور تہوار مکمل طور پر منایا جاتا ہے۔ مسلمان بھی عیسائیوں، ہندوؤں اور دیگر مذاہب کے ساتھ سال کا آخری ہفتہ شور و غوغا، ناچ گانے اور دیگر لغویات میں مصروف رہتے ہیں۔
مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت سال نو کے آغاز پر خدام اور اطفال کو زمانے کی اس رو سے بچانے کے لیے ایک موثر تربیتی پروگرام تشکیل دیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد خدام اور اطفال کو خلفائے احمدیت کے ارشاد پر لبیک کہنا اور من و عن عمل کو یقینی بنانا تھا۔
پہلا عشرہ صلوٰۃ
مورخہ 20؍جنوری 2018ء کو حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لندن کی تین جماعتوں کی مجالس عاملہ کی ایک ملاقات میں ارشاد فرمایا تھا کہ
’’ہر دو ماہ بعد عشرہ صلوٰة منایا کریں۔ اس طرح سال میں چھ دفعہ کوشش کریں گے تو نماز کی حاضری میں ضرور فرق پڑے گا۔‘‘
(الفضل انٹرنیشنل 16؍ مارچ 2018ء صفحہ 2)
اسی ارشاد کو مد نظر رکھتے ہوئے مورخہ 25 دسمبر 2021ء تا 4 جنوری 2022ء ایک عشرہ صلوٰۃ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد خدام و اطفال کو نماز کی اہمیت کے ساتھ ساتھ باجماعت نماز کی ادائیگی کی طرف توجہ دلانا تھا۔
عشرہ صلوٰۃ اور سالِ نو کے پروگرام کو ریجنل قائدین کے ذریعہ تمام مجالس کے خدام و اطفال تک پہنچایا گیا۔ اس حوالے سے مختلف انفوگرافکس بھی تیار کر کے واٹس ایپ کے ذریعہ دوران عشرہ شیئر کیے جاتے رہے۔
اس عشرہ کی کامیابی و یاددہانی کے لیے اہتمام تربیت کے تحت خدام کو روزانہ موبائل پر ایک پوسٹ بھیجی جاتی تھی جو نماز کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں قرآن کریم، حدیث نبویﷺ، حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلفائے وقت کے اقتباسات وغیرہ پر مشتمل ہوتی۔ اس کے علاوہ خدام اور اطفال کو روزانہ قرآن کریم کے دو رکوع کی تلاوت یا قاعدہ یسرنا القرآن کا ایک صفحہ اور روزانہ درود شریف پڑھنے کی تلقین کی گئی۔
اسی طرح عشرہ صلوٰۃ کے دوران نئے سال کے پروگرام کو بھی شامل کیا گیا۔
پروگرام سال نو
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کو سال نو کا کامیاب پروگرام منانے کی توفیق ملی۔ پروگرام کے تحت نئے سال کے سنگم پر انفرادی و اجتماعی نوافل کا اہتمام کیا گیا۔ اکثر مجالس میں باجماعت نوافل ادا کیے گئے۔ نیز خدام اور اطفال نے ساری رات مساجد میں ہی گزاری تا کہ علی الصبح نماز تہجد اجتماعی طور پر ادا کی جائے مبادا گھر جانے سے نماز تہجدرہ جائے۔ اسی طرح خدام و اطفال نے نفلی روزہ رکھا اور عیادت مریضان کے لیے ہسپتال گئے اور مریضان کو نئے سال کی مبارکباد دی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
نماز تہجد، اجتماعی سحری، نماز فجر اور دروس کے بعد خدام و اطفال نے تلاوت کی۔ انفرادی طور پر صدقہ دیا گیا نیز حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے۔
پروگرام کے مطابق تمام ریجنز میں مثالی وقار عمل کا انعقاد کیا گیا۔ خدام و اطفال نے سڑکوں سے پلاسٹک بیگز اور کچرا اٹھایا، مساجد کی اندرونی و بیرونی صفائی کی گئی۔ نالیوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ سڑکیں برابر کی گئیں نیز مختلف خالی پلاٹس اور wharfs کی صفائی کی گئی۔ لجنہ و ناصرات بھی وقار عمل میں بھرپور حصہ لینے کے ساتھ ساتھ دیگر پروگرامز میں شامل ہوئیں۔
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 31؍دسمبر 2021ء کے خطبہ جمعہ میں جماعت کو دعاؤں، استغفار، درود شریف، نوافل، اجتماعی و انفرادی تہجد کے ساتھ جن دعاؤں کی تحریک فرمائی وہ بھی خدام و اطفال سمیت تمام احباب جماعت تک فوری پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پروگراموں کو باثمر فرمائے اور خدام و اطفال کو پنجوقتہ نماز قائم کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین
(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)