افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول، موروگورو، تنزانیہ میں ’’مسرور ہال‘‘ کا افتتاح

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے 28؍فروری بروز پیر احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول، موروگورو، تنزانیہ میں ’’مسرور ہال‘‘ کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ مسرور ہال کا باقاعدہ افتتاح مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے دعا سے کیا۔

احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ کے موروگورو ریجن میں واقع ہے۔ یہ سکول جماعت احمدیہ تنزانیہ کا پہلا پری اینڈ پرائمری سکول ہے۔ اس کا آغاز سال 2013ء میں آٹھ طلبہ سے ہوا اور اس وقت سکول میں طلبہ کی تعداد 310 کے قریب ہے۔ الحمدللہ علی ذالک۔

مکرم امیر صاحب نے اس سکول کے آغاز کی ذمہ داری جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو سونپی۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے پہلے پرنسپل مکرم شیخ کریم الدین صاحب (حال مبلغ سلسلہ مبیا و کٹاوی ریجنز) نے اپنے اسٹاف ممبران کے ہمراہ اس سکول کے آغاز میں نمایاں کردار ادا کیا۔ پہلی کلاس جامعہ کی ہال میں شروع کی گئی۔ اسی دوران ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کے تعاون سے ابتدائی عمارت کی تعمیر شروع ہوئی۔

سال 2014ء میں مکرم عابد محمود بھٹی صاحب کا تقرربطور پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ ہوا۔ اور انہوں نے پرنسپل جامعہ کے ساتھ ساتھ بطور نگران احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا۔

تنزانیہ کے تعلیمی نظام میں پری کلاسز میں تین سالہ نصاب مقرر ہے۔ جبکہ پرائمری کلاسز میں سات سالہ نصاب ہے۔ احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول انگلش میڈیم سکول ہے اور ہمارے اس سکول میں 2013ء سے ،آغاز کے ساتھ ہر سال ایک کلاس کا اضافہ ہوتا چلا آیا۔ اور بالآخر 2021ء میں اس سکول کے ابتدائی طلبہ کی پہلی کلاس STANDARD 7 کے امتحانات پاس کر کےاس درسگاہ سے فارغ التحصیل ہوئی، جملہ 27 طلبہ نمایاں گریڈز کے ساتھ کامیاب ٹھہرے۔ الحمدللہ۔

2014ء میں تعمیر ہونے والی عمارت 2کمروں اور 2بیوت الخلاپر مشتمل تھی۔ اور اس وقت سال 2022ء تک 10 کلاس رومزپر مشتمل تین کشادہ عمارتیں ، 3کمروں پر مشتمل دفاتر کی عمارت، طلباء، طالبات اور اساتذہ کے لیے الگ الگ بیوت الخلا کی وسیع عمارت، مجوزہ کمپیوٹر لیبارٹری کی عمارت اور ایک وسیع و عریض ’’مسرور ہال‘‘ کی عمارت سکول کا حصہ ہیں۔

سکول اسٹاف میں کل 14مستقل اساتذہ،6 رضاکار اساتذہ اور 5مستقل کارکنان شامل ہیں۔ جبکہ نگران احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول مکرم عابد محمود بھٹی صاحب جامعہ سٹاف کی معاونت سے سکول کے جملہ انتظامی امور کی نگرانی کرتے ہیں۔

مورخہ 28؍فروری 2022ء کو مکرم امیر صاحب تنزانیہ نے ’’مسرور ہال‘‘ کا افتتاح کیا۔ فیتہ کاٹنے کے بعد تختی کی نقاب کشائی کی گئی۔ اس کے بعد امیر صاحب کو سکول کا دورہ کروایا گیا۔ بعد ازاں تقریب کا آغاز ہوا۔ سکول کے طالب علم عزیزم یوسف علی ماکامے نے تلاوت کی اور انگریزی ترجمہ پڑھا۔ سکول کی مختصر تاریخ منظوم انداز میں سواحیلی زبان میں پیش کی گئی۔ جس کے بعد سکول کے جملہ طلبہ نے ’’سکول گیت‘‘ پڑھا، جس میں مہمان خصوصی کے لیے استقبالیہ کلمات اور بچوں کی سکول سے محبت کا اظہار تھا۔ بعد ازاں مکرم عمر بشیر استاد سکول نے ایک رسالہ پیش کیا جس میں مختصر تاریخ، کامیابیاں اور چیلنجز کا اظہار کیا گیا۔

بعدہ مکرم امیر صاحب نے طلبہ و جملہ حاضرین سے خطاب کیا۔ آپ نے جماعت کا تعارف کروایا، خدمت انسانیت میں جماعت احمدیہ مسلمہ کے نمایاں کردار سے آگاہ کیا۔ مزید برآں بچوں کو محنت سے تحصیل علم کی تاکید کی اور اساتذہ کو دلجمعی اور حب الوطنی کے جذبہ کو مد نظر رکھ کر تعمیر قوم کا حق ادا کرتے ہوئے محنت سے فریضہ ادا کرنے کی تلقین کی۔ آپ نے سکول اور جامعہ کی انتظامیہ کے لیے اظہار تشکرکیا۔

آخر پر مکرم عابد محمود بھٹی صاحب پرنسپل جامعہ و نگران احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔ جس کے بعد شاملیں میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔

یہ تمام ترقیات آج ہم خلافت کی برکت سے سمیٹ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پیارے آقا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و عمر میں برکت ڈالے۔ آمین۔ اور ہم سب خلافت کے حقیقی خدام ثابت ہوں،اور خلیفہ وقت کی بابرکت قیادت میں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا غلبہ اسی طرح پھیلتا ہوا دیکھنےکی توفیق پاتے رہیں۔ آمین

(رپورٹ: عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button