امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے سب سے بڑے شہر São Paulo میں جماعتی سرگرمیاں

برازیل دنیا کا رقبے کے لحاظ سے پانچواں اور آبادی کے لحاظ سے چھٹا بڑا ملک ہے۔ اس ملک کا سب سے بڑا شہر São Paulo ہے جس کی آبادی 12 ملین سے زیادہ ہے۔

یہاں پر خداتعالیٰ کے فضل سے جماعت قائم ہے۔ خاکسار (مربی سلسلہ Rio de Janeiro) کو جنوری کے اختتام پر اس شہر کا دورہ کرنے کی توفیق ملی جس کا مقصد تبلیغی اور تربیتی سرگرمیاں سرانجام دینا تھا۔ دورہ کے دوران احمدی احباب کے گھروں کا وزٹ کیا گیا نیز ان کے ساتھ مل کر باجماعت نمازیں ادا کیں۔ اس کے علاوہ ایک نماز جمعہ بھی احمدی احباب کے ساتھ مل کر ادا کی گئی۔

اسی طرح احباب جماعت کے ساتھ مل کر شہر کے مشہور مقامات پر اسلام اور احمدیت کے تعارف پر مبنی بینرز لگائے گئے اور لوگوں سے بات چیت کی گئی۔ نیز پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ ایک بینر جس پر حضرت مسیح موعودؑ کی بڑی تصویر لگی ہوئی تھی اور Messiah has Come لکھا ہوا تھا لوگوں کی خاص توجہ کا مرکز بنی۔ لوگوں نے حضرت مسیح موعودؑ کے بارے میں مختلف سوالات کیے، جن کے جوابات دیے گئے۔

خاکسار کو Sao Paolo میں مختلف زیر تبلیغ افراد کے ساتھ رابطہ کرکے ان کے ساتھ ملاقاتیں کرنے کی توفیق بھی ملی۔ نیز ایک لیکچر کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں لوکل مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ ان میں بعض افراد، جو جماعت احمدیہ برازیل کی طرف سے منعقد کردہ اسلام کے بارہ میں کلاسز میں شامل ہوتے رہے ہیں نے ،جماعتی لٹریچر بھی خریدا۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک خاتون جو کہ اسلام اور قرآن کلاسز میں شامل ہورہی ہیں انہوں نے بیعت کر کے اسلام احمدیت میں شامل ہونے کی توفیق پائی۔

شہر میں بدھ مت کا بھی ایک سنٹر ہے جس کی سیکرٹری سے ملاقات کرنے اور انہیں جماعت کا تعارف کروانے کی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ شہر میں موجود مسلمانوں کی ایک مسجد میں بھی جانے کا موقع ملا اور وہاں کے امام کے ساتھ مل کر بے گھر لوگوں میں کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ برازیل کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقیات عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button