یورپ (رپورٹس)

Stop WW3 کی مہم زیر اہتمام شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے

امام جماعت احمدیہ عالمگیر کا متوقع تیسری عالمی جنگ کی بابت انتباہ اور پیغام امن Stop WW3 کی مہم زیر اہتمام شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے

امام جماعت احمدیہ حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے گذشتہ چند خطبات جمعہ میں روس اور یوکرائن کے حالیہ تنازعہ کے تناظر میں دنیا کے موجودہ حالات کی سنگینی کا ذکر کرتے ہوئے نہ صرف احباب جماعت کو متوقع تیسری عالمی جنگ کے خطرات کو ٹالنے کے لیے مسلسل دعاؤں کی تحریک فرمارہے ہیں بلکہ انہوں نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی اس جنگ کی ممکنہ تباہی سے متنبہ کرتے ہوئے خون ریزی سے بچنے کی تلقین فرمائی۔حضور انور نےفرمایا:

یہ امر نہایت افسوسناک ہے کہ یوکرائن میں جنگ چھڑ گئی ہے اور حالات انتہائی سنگین صورتِ حال اختیار کر چکے ہیں۔ نیز یہ بھی عین ممکن ہے کہ روسی حکومت کے آئندہ اقدامات اوراس پر نیٹو(NATO) اور بڑی طاقتوں کے ردّعمل کے باعث یہ جنگ مزید وسعت اختیار کر جائے۔ اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کے نتائج انتہائی خوف ناک اور تباہ کن ہوں گے۔ لہٰذا یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ مزید جنگ اورخون ریزی سے بچنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے۔ اب بھی وقت ہے کہ دنیا تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹ جائے ۔ مَیں روس، نیٹو (NATO)اور تمام بڑی طاقتوں کو پُرزور تلقین کرتاہوں کہ وہ اپنی تمام تر کوششیں انسانیت کی بقا کی خاطر تنازعات کو ختم کرنے میں صَرف کریں اور سفارتی ذرائع سے پُر امن حل تلاش کریں۔

(پریس ریلیز 24فروری 2022ء، الفضل انٹرنیشنل یکم مارچ 2022ء)

اس ضمن میں احباب جماعت کوبھی دعاؤں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا: دنیا کے، جنگوں کے جو آج کل کے حالات ہیں اس کے لیے دعا کریں۔ یہ خوفناک سے خوفناک ترہوتے جارہے ہیں۔ اب تو ایٹمی جنگ کی بھی دھمکیاں دی جانے لگی ہیں۔ جیسا کہ پہلے بھی مَیں نے کہا ہےاور کئی دفعہ کہہ چکا ہوں کہ جس کے خوفناک نتائج ہوں گے اور اس کے نتائج اگلی نسلوں کو بھی بھگتنے پڑیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہی ہے جو ان لوگوں کو عقل دے۔ ان دنوں میں درود بھی بہت پڑھیں۔ استغفار بھی بہت کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے گناہوں کو بھی معاف فرمائے اور دنیا کے لیڈروں کو بھی عقل اور سمجھ عطا فرمائے۔

(خطبہ جمعہ 4 مارچ 2022ء، الفضل انٹرنیشنل 25؍مارچ 2022ء)

حضورِانور نےیوکرائن کے جنگ زدہ علاقوں میں مزید شورش بڑھنے پر احباب جماعت کو ایک مرتبہ پھر دعاؤں کی طرف خاص طور پر توجہ دلاتے ہوئے فرمایا:

جیسا کہ میں ہمیشہ تحریک کر رہا ہوں آجکل دنیا کے حالات کے لیے دعائیں کرتے رہیں، ان میں کمی نہ کریں۔ خاص طور پر یہ دعا کریں کہ دنیا اپنے پیدا کرنے والے کو پہچاننے لگ جائے، یہی ایک حل ہے دنیا کو تباہی سے بچانے کا۔ اللہ تعالیٰ رحم فرمائے اور ہماری دعائیں بھی قبول فرمائے۔

(خطبہ جمعہ فرمودہ 18مارچ 2022ء)

حضورِانور کے بار بار توجہ دلانے پر جماعت احمدیہ یوکے نےبھی برطانیہ کی حکومت اور عوام کو بالخصوص اور دنیا بھرکے لیڈرز اور اقوام کو بالعموم متوقع تیسری عالمی جنگ کے بد اثرات کا احساس دلانے اور روس یوکرائن تنازعہ کے پُرامن سفارتی حل کی طرف توجہ دلانے کے لیے مورخہ 26؍مارچ 2022ء بروز ہفتہ بوقت صبح ساڑھے11بجے برطانیہ کے 28 بڑے شہروں میں اجتماعی طور پر Stop WW3 کا دن منانے کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں شعبہ تبلیغ یوکے نے ریجنل امراء، مقامی صدران اور مقامی سیکرٹریانِ تبلیغ کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی جس میں اس پروگرام کی تمام تر تفصیلات اور لائحہ عمل طے کیا گیا۔ ایک پریس ریلیز کے ذریعہ تمام جماعتوں کو ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ اپنے اپنے شہر کی مخصوص وسطی جگہوں پر اسٹالز، بینرز اور لیف لیٹس کے ذریعہ عوام الناس میں اس جنگ کے خطرات اور نقصانات کو اُجاگر کرنے کی کوششیں کی جائیں اور جماعت احمدیہ کے پیغام ِامن کی تشہیر بھی کی جائے۔ جنگ کے نقصانات اور حضورِانور کے پیغام پر مشتمل ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کرکے سوشل میڈیا پر تشہیر کے لیے تمام جماعتوں کو بھجوائی گئی۔

شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے کی جانب سے منعقدہ Stop WW3 کو کامیاب بنانے کے لیے مجلس خدام الاحمدیہ یوکے اور مجلس انصار اللہ یوکے نے بھی اپنے تمام ممبران کو اس مہم میں بھرپور طور پر شرکت کرنے کے لیے ایک سَرکلر کے ذریعہ تفصیلات فراہم کیں۔ اور اس طرح جماعت احمدیہ یوکے کے تمام مرد ممبران بشمول بچے بوڑھے اور جوان اس مہم میں شامل ہوگئے اور ایک ہفتہ قبل بھی تمام جماعتوں میں ممبران کو بار بار یاددہانی بھی کروائی گئی۔

لندن کے علاوہ برطانیہ کے 27 بڑے شہروں میں ممبران جماعت احمدیہ نے نہ صرف متوقع تیسری عالمی جنگ کی تباہ کاریوں کے نقصانات اور بد اثرات کے بارہ میں لوگوںمیں شعور اُجاگر کرنے کی کوشش کی بلکہ جماعت احمدیہ عالمگیر کے امام حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے امن کے پیغام کو بھی لوگوں تک پہنچایا۔ برمنگھم، مانچسٹر، گلاسگو، بیلفاسٹ، بریڈ فورڈ، کارڈف، برسٹل، ایڈنبرا، لیڈز، لیسٹر اور نیوکاسل سمیت برطانیہ کے دیگر شہروں میں تقریباً ایک لاکھ 24 ہزار لیف لیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی بہت بڑی تعداد میں پیغام امن کو شیئر کیا گیا۔

آئی ٹی وی سینٹرل نیوز، بی بی سی برمنگھم، برکشائر لائیو، بی بی سی کوونٹری، واروک شائر ریڈیو اور بہت سے مقامی اخبارات کے نمائندگان نے پارلیمنٹ اسکوائرلندن اور دیگر شہروں میں ہونے والی ریلیوں کی کوریج بھی کی جبکہ اردو نیوز چینل بول ٹی وی نے بھی جماعت احمدیہ کی اس امن ریلی کی کوریج کی۔ ایم ٹی اے، وائس آف اسلام اور ریویو آف ریلیجنز کی ٹیمیں بھی اس ریلی کی کوریج کرنے والوں میں شامل تھیں۔

اس ضمن میں سوشل میڈیا ایپ ٹوئٹر پر بھی 48ہزار کے قریب ٹویٹس کی گئی جو کہ ری ٹوئیٹس، لائکس اور کومینٹس کے ذریعہ اکیاسی لاکھ تک پہنچ گئی تھیں۔ اس سلسلہ میں ایک ٹوئٹر ٹرینڈ StopWW3 #دو گھنٹے تک تیسری پوزیشن پر رہاجس کے ذریعہ ہزاروں افراد تک پیغام پہنچا۔ احمدی احباب کی اکثریت نے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر حضورِانور کے پیغام امن کے مختلف پوسٹرز اور پیغامات لگائے جنہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق تین ہزار غیر احمدی دوستوں نے دیکھا۔

اس کے علاوہ تمام شہروں میں ہونے والی ریلیوں میں شامل احباب جماعت کو خصوصی طور پر تیارکی گئی ٹی شرٹس بھی مہیا کی گئی تھیں جنہیں پہن کرلیف لیٹس تقسیم کرتے ہوئے وہ مقامی لوگوں اور دنیا کو نہ صرف امن کا ایک خوبصورت پیغام دے رہے تھےبلکہ متوقع عالمی جنگ کو روکنے کا پیغام بھی دے رہے تھے۔

ذیل میں لندن اور چند دیگر شہروں میں ہونے والی ان ریلیوں کی ایک مختصر رپورٹ مع تصاویر قارئین الفضل کے لیے پیش خدمت ہے۔

لندن

اس دن کا سب سے بڑا اور کامیاب اجتماع وسطی لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر میں منعقد ہوا جس میں جماعت احمدیہ لندن کی مختلف جماعتوں کے تقریباً 1000 احباب جمع ہوئے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں Stop WW3 کے پوسٹرز اور بینرز اُٹھائے ہوئے تھے۔ ایک گاڑی پر میڈیا ڈسپلے کے ذریعہ بھی لوگوں کو جنگ کی بجائے امن کا پیغام دکھایا جارہا تھا۔ نوجوان خدام اور اطفال اپنے والدین کے ساتھ شامل ہوئے۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور بہت سے افراد نے احمدی احباب سے مختلف سوالات بھی کیے جن کے تفصیلی جوابات بھی دیے گئے۔ اس موقع پر بعض غیر احمدی افراد جماعت احمدیہ کے امن کےپیغام سے متاثر ہوکر احباب جماعت کے ساتھ پوسٹرز اور لیف لیٹس لےکر کھڑے رہے۔

مکرم رضا احمد مربی سلسلہ نے سورۃ المائدہ کی آیت9 کی تلاوت کے بعد اس کا انگریزی ترجمہ پیش کرکے پارلیمنٹ اسکوائر لندن میں اس اہم پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔ جس کے بعد مکرم فاروق آفتاب صاحب نے ایک مختصر تقریر میں حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس مہم کی غرض و غایت بیان کی اور حضورِانور کے پیغام امن کا ایک اقتباس پڑھ کر سنایا۔ سیکرٹری تبلیغ یوکے مکرم ابراہیم اخلف صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک انتہائی اہم دن ہے کیونکہ آج برطانیہ کے اٹھائیس شہروں میں اس مہم کو منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں جماعت احمدیہ کے ایک ہزار سے زائد ممبران موجود ہیں اور ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ آج دنیا کے حالات عالمی جنگ کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے معاشی حالات بھی ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ ان حالات پر جماعت احمدیہ کو بہت زیادہ تشویش ہے اور ہمارے امام حضرت مرزا مسرور احمد ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دنیا کے لیڈرز کو ان حالات کا پُر امن حل نکالنے کی کاوشوں کے لیے تلقین کی ہے۔ مکرم ابراہیم اخلف صاحب نے اس موقع پر برطانیہ کے شہریوں کو بھی جماعت احمدیہ کے ساتھ مل کر دنیامیں امن قائم کرنے کی دعوت دی ۔

بعد ازاں محترم منصور شاہ صاحب قائمقام امیر جماعت احمدیہ یوکے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن کے سفیر ہیں لہٰذا یہاں ہم کسی ملک کی حمایت میں نہیں بلکہ ہم دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے اپنے خلیفۃ المسیح کا پیغام پہنچانے کی غرض سے جمع ہوئے ہیں جنہوں نے بارہا جنگ کے خطرات سے دنیا کو آگاہ فرمایا اور اس کے پُرامن حل کی طرف بھی توجہ دلائی۔

محترم منصور شاہ صاحب نے مہم میں شامل احباب کو چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ لیف لیٹس تقسیم کرنے اور لوگوں کے سوالات کے جوابات دینے کی نصیحت بھی کی۔ انہوں نے آخر میں اس مہم کی بھرپور کامیابی کے لیے اجتماعی دعا بھی کروائی۔ بعد ازاں جمع ہونے والے بچے بوڑھے جوان پوسٹر اور بینرز لےکر مخصوص مقامات پر کھڑے ہوگئے جبکہ احباب جماعت کی ایک بڑی تعداد لیف لیٹس تقسیم کرنے کے لیے نکل کھڑی ہوئی۔

لندن کے مختلف علاقوں ویسٹ منسٹر، ٹرافلگر اسکوائر، پکاڈلی سرکس، آکسفورڈ اسٹریٹ، ایجویئر روڈ، یوسٹن، کینسنگٹن، نائٹس برج، لندن برج اور ساؤتھ بینک کے لوگوں میں تقریباً 40000 لیف لیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر لوگوں نے مثبت تاثرات کا اظہار بھی کیا اور جماعت احمدیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

لندن کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی تمام جماعتوں کو امن ریلیوں کے انعقاد کے لیے مخصوص مقامات سپرد کیے گئے تھے جہاں ریجنل امراء نے مقامی صدران اورقائدین خدام الاحمدیہ کے ساتھ مل کرانتظامات کیے۔ خدام، اطفال، انصار نے اپنے علاقوں میں جمع ہوکر اس مہم کو بھرپور طور پر کامیاب بناتے ہوئے جماعت احمدیہ کا پیغام لوگوں تک پہنچایا۔ اس موقع پر غیر احمدی مقامی افراد نے خاصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور احمدی احباب سےاسلام، احمدیت، روس یوکرائن تنازعہ کے تناظر میں متوقع عالمی جنگ اور اس ضمن میں جماعت احمدیہ کی امن کی کاوشوں سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے جن کے احمدی احباب نے تسلّی بخش جوابات بھی دیے۔

ویلز اینڈ ساؤتھ ویسٹ ریجن

ریجنل امیر ویلز اینڈ ساؤتھ ویسٹ ریجن مکرم سعادت احمد صاحب نے اپنے ریجن کی جماعتوں کو اس مہم میں بھرپور شرکت کے لیے یاددہانی کرواتے ہوئے اس مہم میں زیادہ سے زیادہ احباب جماعت کو شامل کرکے اسے کامیاب بنانے کی ہدایت کی۔ چنانچہ کارڈف، برسٹل اور سوانزی کے شہروں میں خدام، اطفال اور انصار نے اسٹال لگا کر پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے اور حضورِانور کے پیغام امن پر مشتمل لیف لیٹس بھی تقسیم کیے ۔

اس امیج کا "ALT" ٹیگ نہیں ہے. اور اس کی فائل کا نام WhatsApp-Image-2022-04-03-at-9.24.45-PM-1024x768.jpeg ہے

مجلس انصار اللہ

شعبہ تبلیغ مجلس انصار اللہ یوکے نے 18تا 27مارچ 2022ءعشرہ تبلیغ مناتے ہوئے اس مہم کے سلسلہ میں نہ صرف حضورِانور کے امن کےپیغام پر مشتمل ایک پوسٹر بنا کر روزانہ کی بنیاد پر تمام انصار کو ٹوئٹر پر شیئر کرنے اور واٹس ایپ اسٹیٹس پر لگانے کے لیے بھجوایابلکہ ناظمین سوشل میڈیا انصار اللہ کو اپنی اپنی مجالس کی کاوشوں کی تصاویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔

اللہ تعالیٰ اس مہم میں شامل تمام کارکنان پر اپنا فضل فرمائے اور اس مہم کے ثمرات کو بار آور کرتے ہوئے دنیا کو عالمی جنگ سے محفوظ فرمائے اوردنیا کی بڑی طاقتوں کو امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی پیغام امن پر مشتمل نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ یہ دنیا انسانیت کے لیے امن و سکون کا گہوارہ بن سکے۔ اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو۔ آمین

(رپورٹ: شیخ لطیف احمد، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button