یورپ (رپورٹس)

جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام،جماعت احمدیہ یونان

(ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان)

’’وقت تھا وقت مسیحا نہ کسی اور کا وقت

میں نہ آتا تو کوئی اور ہی آیا ہوتا‘‘

(درثمین صفحہ 160)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو مورخہ 20؍مارچ 2022ء بعد از نماز ظہر و عصر ایتھنز مشن ہاؤس میں جلسہ یوم مسیح موعود(علیہ السلام) منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

پیارے آقا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت اس جلسہ کے لیے راجہ برہان احمد صاحب استاد جامعہ احمدیہ یوکے کی منظوری بطور مرکزی مقرر عنایت فرمائی۔

جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے مورخہ 27؍فروری 2022ء کو ایک میٹنگ مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ کی صدارت میں ہوئی جس میں جلسہ کی تیاری کے حوالہ سے احباب جماعت کے ذمہ مختلف کام لگائے گئے۔ جلسہ سے پہلے سب احباب کو جو یونان کے مختلف شہروں میں مقیم ہیں انفرادی طور پر بذریعہ ٹیلی فون اورمیسج جلسہ کی اطلاع دی گئی۔ جو احباب ایتھنز یا گردو نواح میں رہتے ہیں وہ مشن ہاؤس تشریف لے آئے لیکن جو احباب دوسرے شہروں میں مقیم ہیں وہ جلسہ میں آن لائن شامل ہوئے۔

اس جلسہ کا آغاز مرکزی مہمان مولانا راجہ برہان احمد صاحب استاد جامعہ احمدیہ یوکے کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عقیل احمد بھٹی صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یونان نے سورۃالجمعہ کی ابتدائی 5آیات کی تلاوت کی اور ان کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا۔

حدیث نبویؐ مکرم راحیل احمد گھمن صاحب نے پیش کی۔ بعد ازاں اقتباس از تحریرات حضرت مسیح موعود علیہ السلام مکرم ادریس احمد کاہلوں صاحب نے پیش کیا جس کا انگریزی ترجمہ مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے پڑھ کر سنایا۔

اس جلسہ کی پہلی تقریر یونانی زبان میں تھی جو مکرم مبارک احمد بشیر صاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ یونان نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام ازروئے بائبل‘‘ پیش کی۔ اس کے بعد تقریر بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام از روئے قرآن‘‘ مکرم مشتاق احمد صاحب قائد مال مجلس انصار اللہ یونان نے پیش کی۔

بعدازاں کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’حمد و ثنا اسی کو‘‘ مکرم داؤد احمد جنجوعہ صاحب نے بترنم پیش کیا۔ جس کے بعد جلسہ کی تیسری تقریر انگریزی زبان میں مکرم نیشنل صدر صاحب نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام از روئے قرآن و بائبل‘‘ کی۔ بعد ازاں مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی نظم ’’نشاں کو دیکھ کر انکار کب تک پیش جائے گا‘‘ کے چند اشعار پیش کیے۔

اس پروگرام کی اختتامی تقریر مہمان خصوصی نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ پیش کی اور اختتامی دعا بھی کروائی۔ دعا کے بعد حاضرین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔

جلسہ میں حاضر احباب کی تعداد20رہی جبکہ ایتھنز کے علاوہ آسپرو پرگوس، تھیوا، کاتیرینی، یاننا، تھیسالونیکی، سکیرو، آملیادا وغیرہ شہروں کے احباب آن لائن شامل ہوئے جن کی تعداد 24تھی۔ اس طرح کل حاضری 44رہی۔ الحمد للہ علی ذالک۔

اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت مسیح موعود و مہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیم کے فیضان سے خود بھی فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور اسے یونان کے ہر کونے میں پھیلانے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ارشد محمود ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button