حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…دنیا کے درجنوں ممالک میں آئینی طریق پرتحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں پارلیمانی یا صدارتی حکومتوں کا خاتمہ تاریخ کا حصہ ہے۔ برطانیہ میں 17، جرمنی میں 8، ناروے اور کینیڈا میں 6، ترکی میں 5، جاپان اور اٹلی میں 4، بھارت اور نیپال میں 3، 3 وزرائے اعظموں کو عدم اعتماد کے ووٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

برطانیہ میں 1742ء میں سر رابرٹ والپول سے لے کر اب تک تحریکِ عدم اعتماد کے نتیجے میں 17 وزرائے اعظم کو اپنے عہدے چھوڑنے پڑے ہیں۔ 1784ء میں وزیر اعظم ولیم پِٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی لیکن اُنہوں نے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا۔سیاسی دباؤ مزید بڑھا تو بادشاہ جارج سوم نے ولیم پِٹ کی درخواست پر پارلیمان تحلیل کردی، اس اقدام نے مستقبل کے لیے سیاسی مثال قائم کی۔

اسی طرح بھارت میں وزرائے اعظم وشواناتھ پرتاب سنگھ، دیوے گوڑا اور اٹل بہاری واجپئی کو بھی عدم اعتماد کے ووٹ میں شکست کے باعث عہدے چھوڑنےپڑے۔ پاکستان کے سابقہ وزیراعظم عمران خان اس کی تازہ مثال ہیں۔

٭…میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 23ویں وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

ایک دوز قبل اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی کے بعد تحریکِ انصاف کے امیدوار شاہ محمود قریشی کے مقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف نے 174 ووٹ حاصل کیے۔

نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علیل ہو جانے کے باعث تعطیل پر چلے جانے کی وجہ سے قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، سیاسی رہنماؤں، اراکینِ پارلیمنٹ اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

دوسری جانب انتخاب کے روز سابقہ وزیر اعظم عمران خان کی کال پر بعد از عشاء پاکستان بھر میں عوام کا ہجوم سڑکوں پر امڈ آیا جنہوں نے عدم اعتماد کی کامیابی پراحتجاج کیا۔یاد رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے خلاف لائی جانے والی تحریکِ عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوّث ہونے کا الزام لگایا ہے۔اس آئینی انتقال اقتدار کے خلاف سوشل میڈیا پر ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘کا ٹرینڈ مسلسل تیسرے روز بھی سب سے اوپر رہا۔ اس کے علاوہ ادارہ جات کے خلاف بھی منظم طور پر ٹرینڈ چلائے گئےجن کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

٭…روسی صدر ولادیمر پوٹن، ترک صدر رجب اردگان، سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان اور بھارتی وزیر اعظم نریند مودی نے وزیراعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارکباد کا پیغام کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

٭…امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پر ردعمل دینے سے گریز کرتے ہوئےکہا ہےکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات کے تسلسل کے لیے پرعزم ہیں۔پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے حوالے سے امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیںاور اچھے عسکری تعلقات ہیں اور ہم ان میں تسلسل قائم رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

٭… پاکستان کے صوبہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کا الیکشن کرانے کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ میں فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ 16 اپریل کو ہی وزیر اعلیٰ کے الیکشن کے لیے ووٹنگ کرائی جائے۔ڈپٹی سپیکر 16 اپریل کو ووٹنگ کا عمل مکمل کرائیں اور تمام فریقین قانون اور آئین کے تحت ذمہ داری نبھائیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کے اجلاس 16 اپریل تک ہی ملتوی کرنے کے خلاف قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور دیگر درخواست گزاروں نے عدالت کا رخ کیا تھا۔پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے اس وقت حمزہ شہباز اور پرویز الہیٰ کے درمیان مقابلہ ہونا ہے۔

٭… سابق وزیرِاطلاعات و قانون اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے خط پر تحقیقات نہیں کیں تو آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوگا۔حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وکی لیکس 2008 میں سامنے آئیں۔انہوں نے کہا کہ وکی لیکس کے مطابق فضل الرحمان، شہباز شریف، نواز شریف اور آصف زرداری نے امریکہ کو اپنی خدمات پیش کیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کب سازش شروع ہوئی اور کیسے یہاں تک معاملات پہنچے؟ پتا لگنا چاہیے، کمیشن خط کےحقائق عوام کے سامنے لائے۔سپریم کورٹ کل ہی خط پر کمیشن بنائے، پاکستان کو نئے انتخابات تک لے کر جانا منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک کال پر پاکستان باہر نکل سکتا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ تصادم کی طرف ماحول لے کر جایا جائے۔

٭…سری لنکا کی حکومت نے ملک دیوالیہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام بیرونی قرضوں سے نادہندہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے کہ معاشی بحران سے دوچار سری لنکا میں گزشتہ دنوں عوام نے صدر کے گھر کے باہر احتجاج کیا جو پُرتشدد صورت اختیار کر گیا۔ ملک گیر پُرتشدد احتجاج کے باعث ایمرجنسی کے بعد فوج کو بغیر کسی وارنٹ گرفتاری کے اختیارات دے کرتعینات کردیا گیا تھا۔یاد رہے کہ سری لنکا شدید معاشی بحران سے دوچار ہے، حکومت کے پاس تیل کی درآمد کے لیے غیر ملکی کرنسی اور تیل کے بحران کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔

٭…روس نے دوست ممالک کو 80 ڈالر فی بیرل قیمت پر تیل بیچنے کی پیشکش کرتےہوئے کہا کہ وہ دوست ممالک کو تیل کی مصنوعات بھی انتہائی سستی بیچنے پر تیار ہے۔واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 3 سے 4 فیصد کمی ہوئی ہے۔ برینٹ خام تیل 99 ڈالر فی بیرل سے کم جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل سطح پر موجود تھی۔جبکہ گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بڑھ کر 105 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔

٭…یوکرین نے جرمنی کے چانسلر فرینک والٹر سٹیمینر کو دورے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جرمن چانسلر،پولینڈ،ایسٹونیا،لیٹویا کے سربراہوں کے ساتھ کیئو جانا چاہتے تھے۔ جرمن چانسلر کا اس متعلق کہنا تھا کہ میں تیار تھا مگر تسلیم کرنا پڑے گا کہ کیئو ایسا نہیں چاہتا تھا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ جرمن چانسلر نارڈ اسٹریم 2 کے طرف دار اور روس سے بہتر تعلقات کے خواہشمند رہے ہیں۔

٭… روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے دوران یوکرین کی سیکیورٹی سروسز نے روسی صدر کے قریبی اور بااثر اتحادی وکٹر میدویدچوک کو گرفتار کرلیا ہے۔ روس کے اتحادی سیاست دان جنہیں یوکرین میں گرفتار کیا گیا ہے، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ یوکرین کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہیں۔

یوکرین کی سیکیورٹی سروسز کے سربراہ ایوان باکانوف نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھاکہ آپ روس کے اتحادی سیاست دان ہو سکتے ہیں اور برسوں تک جارح ریاست کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ آپ ان دنوں انصاف سے چھپ سکتے ہیں۔ آپ چھپنے کے لیے یوکرین کا ملٹری یونیفارم بھی پہن سکتے ہیں، لیکن کیا یہ آپ کو سزا سے بچنے میں مدد دے گا؟ ہرگز نہیں! یاد رکھیں کہ آپ کے جرائم کی کوئی حد نہیں ہے اور جہاں بھی پناہ لے لیں ہم آپ کو ڈھونڈ لیں گے!

٭…یوکرین کےصدر ولادیمیر زیلنسکی نے جنوبی کوریائی ارکان پارلیمان سے خطاب میں کہا کہ روس نے صرف یوکرین کو نہیں بلکہ یورپ کو بھی دھمکایا ہے۔ روس اگلے حملے کے لیے ہزاروں فوجیوں کو جمع کررہا ہے۔ روس نے یوکرین کے سینکڑوں انفراانسٹرکچرز کو تباہ کردیا، روس کےتباہ کیے گئے انفرا اسٹرکچر میں کم ازکم 300 اسپتال شامل ہیں۔ یوکرین کےشہر ماریوپول میں روسی حملے میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کا امکان ہے۔ روس اس وقت تک نہیں رُکے گا جب تک اسے رکنے پر مجبور نہیں کیا جاتا، اگر ہمیں اس جنگ سے بچنا ہے تو ہمیں مزید مدد کی ضرورت ہے۔

٭…پوپ فرانسس نے ایسٹر کے موقع پر ویٹیکن سٹی میں خطاب میں یوکرین میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہتھیار نیچے رکھ دیں اور ایسٹر کی جنگ بندی شروع کریں۔ ایسا دوبارہ مسلح ہونے یا دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے نہیں بلکہ جنگ بندی ایسی ہو جو حقیقی مذاکرات کے ذریعے امن تک پہنچ جائے۔

٭…امریکی جریدے فوربز کا دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنگ، کورونا اور مختلف ممالک کی معیشت میں سست روی سے دنیا کے ارب پتی افراد متاثر ہوئے۔ 36ویں سالانہ رینکنگ میں دنیا کے امیر ترین لوگوں میں 2668 افراد شامل ہیں۔ اس لسٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 87 افراد کی کمی ہوئی ہے۔

امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ ارب پتی افراد کی فہرست میں امریکا کا پہلا نمبر ہے جہاں 735 ارب پتی افراد کے پاس مجموعی مالیت 4.7 کھرب ڈالرز ہیں۔ امریکی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں، انکی مجموعی دولت ایک اندازے کے مطابق 219 بلین ڈالرز ہے جبکہ آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ایمازون کے بانی جیف بیزوس 171 بلین ڈالرز مالیت ہونے کے باعث لسٹ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

٭…نیویارک میں زیر زمین بروکلن کے 36 اسٹریٹ میں میٹرو ٹرین سب وے اسٹیشن میں فائرنگ اور بھگدڑ مچنے سے 29 افراد زخمی ہوگئے، حملہ آور نے گیس ماسک اور اورنج ویسٹ پہنا ہوا تھا۔اس نے ٹرین میں اسموک کینیسٹر بھی پھینکا۔ ٹرین اسٹیشن کے سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے کے سبب ملزم کی تلاش میں دشواری درپیش رہی۔

سیاہ فام حملہ آور کی شناخت فرینک جیمز کے نام سے ہوئی ہے۔ حملہ آور کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے 50 ہزار ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ حملے کے لیے کرائے کی گاڑی استعمال کی تھی۔کمشنر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ فوری طور پر بطور دہشتگردی نہیں دیکھا جارہا، حملے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

٭…فلپائن میں سمندری طوفان میگی کی تباہی سے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی۔ مسلسل جاری رہنے والی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں سو سے زائد افراد زخمی جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو اہلکاروں کی کوششیں جاری ہیں۔ زیر آب علاقوں سے 17 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

٭…امریکا میں مہنگائی کا 41 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اشیائے خوردونوش سے لیکر گھر کے کرائے تک سب کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے۔امریکا میں گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور گھر کے کرائے میں اضافے نے افراط زر کو 41 سال کی بلند ترین شرح 8.5 فیصد تک پہنچا دیا جبکہ مارچ کے مہینے میں گیس کی قیمتیں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 49 فیصد بڑھ گئیں۔

تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی ضروریاتِ اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ،گروسری ایک سال پہلے کے مقابلے میں 10 فیصد،کپڑوں کی قیمتوں میں 6.8 فیصد اور توانائی کی قیمتوں میں 32 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایک سال پہلے کے مقابلے مارچ میں بنیادی رہائش کے کرائے میں 4.4 فیصد اضافہ ہوا، جو 2007 کے بعد سب سے تیز ترین اضافہ ہے۔

٭…دنیا بھر سے ویڈیوشیئرنگ ایپ یوٹیوب کی سروس متاثر ہونے کے حوالے سے یوٹیوب کا کہنا ہے کہ کمپنی اس بات سے آگاہ ہے کہ صارفین کو ایپلیکیشن کی سروسز تک رسائی حاصل کرنے میں مسائل درپیش ہیں اور وہ اسے حل کرنے کوشش کررہی ہے۔ کمپنی نے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا ہے کہ ’کمپنی کو دنیا بھر سے رپورٹس موصول ہورہی ہیں کہ آپ میں سے کچھ صارفین کو یوٹیوب کے کچھ فیچرز کو استعمال کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا ہے، جیسے کہ اکاؤنٹ لاگ ان کرنا، اکاؤنٹس تبدیل کرنا اور نیویگیشن بار کے استعمال میں بھی پریشانی رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس بارہ میں 10 ہزار سے زائد شکایات موصول ہورہی ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button