نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 07؍اپریل 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم محمد امجد صاحب (فارنہم۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 06مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم محمد امجد صاحب ( فارنہم ۔یوکے)

30؍مارچ2022ء کو 69سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے نارووال میں نائب صدر کے علاوہ ضلعی سیکرٹری ضیافت کے طو رپر خدمت کی توفیق پائی ۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند ، نیک، مخلص اور ایک باوفا انسان تھے۔پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم مبارک امجد صاحب فارنہم جماعت کے فعال ممبر ہیں اور بیٹرسی اور ومبلڈن پارک میں قائد مجلس کے طورپر خدمت کی توفیق پاچکے ہیں ۔

نماز جنازہ غائب

1۔مکر مہ طاہرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم امتیاز احمد باجوہ صاحب (ربوہ)

16مارچ 2022ء کو70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ خدمت دین کا بہت شوق رکھتی تھیں۔ لمبا عرصہ ربوہ کے مختلف محلہ جات میں مال کے شعبہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت کا بے حد احترام کرنے والی خاتون تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند ، بہت سادہ، نیک اور بے نفس وجود تھیں۔کم وسائل کے باوجود صبر سے گزارا کرتی تھیں۔ ہمیشہ اولاد کی نیک تربیت کی کوشش کرتی رہیں۔ خلافت سے وفاداری اور فرمانبرداری ان کی نمایاں خوبی تھی۔واقفین زندگی کی بہت زیادہ قدر کرتی تھیں۔ نظام سلسلہ کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کرتی تھیں۔ سلسلہ کے کام بہت ذوق شوق سے کرتی تھیں۔ آ پ کو لمباعرصہ سیکرٹری مال اور سیکرٹری تحریک جدید کے طور پر خدمت کا موقع ملا۔چندہ جات بہت باقاعدگی سے اداکرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کی دو بیٹیاں مکرمہ لبنیٰ اظہر صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اظہر منگلا صاحب( استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا) اور مکرمہ شیریں فراز صاحبہ اہلیہ مکرم احمد فراز صاحب( مبلغ سلسلہ وصدر جماعت لتھوانیا )اپنے شوہروں کے ساتھ میدان عمل میں ہونے کی وجہ سے والدہ کے جنازہ اور تدفین میں شامل نہیں ہوسکیں۔

2۔مکرم اللہ بخش صاحب ابن مکرم سلطان محمود صاحب (ربوہ)

16؍دسمبر 2021ء کو 67سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحوم نے1973ءمیں بیعت کی سعادت حاصل کی اور اپنے گاؤں میں اکیلے احمدی تھے۔احمدیت کی وجہ سے گھر والوں کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جس کا بڑے حوصلہ اور صبر وہمت کے ساتھ مقابلہ کیا ۔آپ کچھ عرصہ الفضل میں اور پھر دارالضیافت میں اور بعدازاں پانچ سال دفتر بیت المال آمد میں کام کرتے رہے ۔ رمضان میں ہر سال مسجد مبارک میں بھی ڈیوٹی دیتے تھے۔نمازوں کے پابند ، سادہ مزاج ، محنتی ، بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

3۔مکر م چودھری محمد اقبال گھمن صاحب (بہاولپور)

14؍دسمبر 2021ء کو 72سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کے پابند اور تہجد میں باقاعدہ تھے۔چندوں کو ہمیشہ وقت سے پہلے اد ا کرتے تھے۔ بہت دعاگو، اپنوں اور غیر وں کا خیال رکھنے والے ، خوش اخلاق، شکر گزار ، ملنسار اور مخلص انسان تھے ۔خلافت کے ساتھ نہایت گہرا اخلاص اور وفا کا تعلق تھا۔آپ نے متعدد جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔آپ گریڈ 18کے انتہائی فرض شناس افسر تھے ۔ اونچا عہدہ ہونے کے باوجود انتہائی سادہ او ر نمود و نمائش سے بالکل پاک تھے۔ مرحوم موصی تھے اور اپنی زندگی میں ہی حصہ جائیداد کی ادائیگی کردی ہوئی تھی۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں ۔

4۔مکر مہ رضیہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد صدیق صاحب پٹواری(چونڈہ ضلع سیالکوٹ)

11 مارچ 2022ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ آپ 1960ءمیں بیعت کرکے جماعت میں شامل ہوئیں اور انتہائی مشکل حالات میں عہد بیعت کو بخوبی نبھایا۔آپ صوم وصلوٰۃ کی پابند اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی ، بہت نرم دل، حلیم طبع، غریب پرور،نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہراتعلق تھا اوراپنی اولاد میں بھی ہمیشہ خلافت سے محبت پید ا کی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹاں شامل ہیں ۔آپ کے دو پوتے مکرم کا شف احمد جنجوعہ صاحب(مربی سلسلہ) چیک ریپبلک میں اور مکرم اعجاز احمد جنجوعہ صاحب(مربی سلسلہ ) Fulda جرمنی میں اور ایک نواسے مکرم سہیل رضا جنجوعہ صاحب( مربی سلسلہ ) ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔

5۔ مکر مہ حلیمہ بشریٰ صاحبہ اہلیہ مکرم ارشد رانا صاحب (ٹورانٹو۔ کینیڈا)

20؍مارچ 2022ء کو 76سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ آپ حضرت مولا بخش صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی اور مولوی محمد حفیظ صاحب بقاپوری (درویش قادیان ۔سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ وسابق ایڈیٹر اخبار بدر) کی سب سے بڑی بیٹی تھیں۔آپ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ، دعا گو، ایک باہمت، نیک اور ملنسار خاتون تھیں ۔خلافت سے خاص محبت اور لگاؤتھا۔آپ نے شادی سے پہلے قادیان میں اور شادی کے بعد کراچی میں پہلےناصرات اور پھر لجنہ کے مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی ۔ کراچی میں صدر لجنہ حلقہ گلشن مریم کے طورپر بھی خدمت بجالاتی رہیں۔قرآن کریم کا لفظی ترجمہ بھی پڑھاتی رہیں ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔

6۔عزیزہ طیبہ اکرم بنت مکرم محمد اکرم صاحب( ربوہ )

10؍دسمبر 2021ء کو 20سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند اور دینی اور اخلاقی لحاظ سے بہت اچھی تھیں۔مرحومہ اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button