یورپ (رپورٹس)

نیشنل سالانہ اجتماع وقف نو۔ جماعت احمدیہ ڈنمارک

مورخہ 17؍اپریل 2022ء کوواقفین و واقفات نو جماعت احمدیہ ڈنمارک کو اپنا سالانہ اجتماع مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

اس اجتماع کی تاریخیں سال کے آغاز میں بننے والے واقفین نو کے کیلنڈر میں شامل کی گئی تھیں اور گاہے بگاہے اس اجتماع کے انعقاد اور تیاری کے سلسلہ میں یاددہانی بھی کروائی جاتی رہی اور آن لائن کلاسز میں اس بات کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا کہ واقفین بھر پور طریق سے اس اجتماع میں تیاری کے ساتھ شامل ہوں۔ گذشتہ سال کورونا کی وجہ سے اجتماع منعقد نہ ہوسکا۔ امسال ڈنمارک کی حکومت نے کورونا کی پابندیاں ختم کردی ہیں، چنانچہ امسال وقف نو اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پروگرام کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت محترم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک نے کی۔ اس افتتاحی اجلاس میں واقفین و واقفات نو شامل تھے اسی طرح والدین نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔ واقفات نو نے ترانہ پیش کیا جس کے بعد تحریک وقف نو پر مبنی ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں اس تحریک کے آغازاور مقصد کو نہایت موثر انداز سے پیش کیا گیا اور اس تحریک میں شامل واقفین جو اب میدان عمل میں کام کررہے ہیں ان کی مختلف فیلڈ میں کام کرتے ہوئے چند مثالیں پیش کی گئیں۔

ڈاکومنٹری کے بعد محترم امیر صاحب نے افتتاحی خطاب میں والدین کو اس طرف توجہ دلائی کہ وہ خود نیک اور متقی بنیں اور واقفین نو بچوں کی تربیت کی طرف خصوصی توجہ دیں۔ یہ بچے جماعت کے ہیں۔ ان کی اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں حضور انور سے راہنمائی لیں اور تعلیم کے بعد ان کو جماعت کی خدمت کے لیے پیش کریں۔ محترم امیر صاحب نے واقفین کو حضور انور کے اس ارشاد کی طرف متوجہ کیا کہ وہ اپنا فارغ وقت جماعتی کاموں میں صرف کریں ۔ آخر پر اجتماعی دعا کروائی۔

مختصر وقفہ کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ واقفات نو کے مقابلہ جات نصرت ہال میں منعقد ہوئے جبکہ واقفین نو کے مقابلہ جات ناصر ہال میں ہوئے۔

اجتماع میں درج ذیل مقابلہ جات کروائے گئے: تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر، تقریر فی البدیہ اور اذان۔ اسی طرح خدام اور اطفال سے نصاب کا جائزہ لیا گیا۔ خدام کے جائزہ کے لیے ایک آن لائن جائزہ فارم بنایا گیا تھا۔

شام تین بجے اجتماع واقفین نو کی اختتامی تقریب خاکسار (سیکرٹری وقف نو جماعت احمدیہ ڈنمارک) کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جبکہ واقفات نو نےشام ساڑھے پانچ بجے صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ ڈنمارک کی صدارت میں یہ تقریب منعقد کی۔

الحمد للہ یہ اجتماع کامیا ب رہا۔ کُل حاضری 85 تھی۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع میں شامل ہونے والوں کے ایمان و ایقان میں ترقی عطا فرمائے اور ہمیں ہر آن خلیفہ وقت کی باتوں کو سننے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ۔ محمد اکرم محمود۔ سیکرٹری وقف نو و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button