اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

درخواستِ دعا

٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بڑے بھائی مکرم ماسٹر نذیر احمد بدر صاحب سابق امیر حلقہ سرشمیر روڈ ضلع فیصل آباد آج کل کافی بیمارہیں اورہسپتال کے ICUوارڈ میں داخل ہیں۔ دن بدن صحت کمزور ہوتی جا رہی ہے ۔ فکرمندی کی کیفیت ہے۔

احباب جماعت سے دردمندانہ دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ طور پر شفا عطا فرمائے اور صحت کاملہ و عاجلہ سے نوازے ۔ آمین

سانحہ ہائے ارتحال

٭…فضل احمد صاحب جماعت ہمبرگ جرمنی سے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ ثریا بی بی صاحبہ اہلیہ محترم ناصر احمد صاحب مرحوم مورخہ 28؍فروری 2022ءکو علالت کے بعد ہمبرگ جرمنی میں وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

آپ نے فروری 1953ء میں کھوکھر غربی ضلع گجرات کے ایک احمدی گھرانے میں آنکھ کھولی۔ آپ بچپن سے ہی پنجگانہ نماز کی عادی اور جوانی سے ہی نماز تہجد کی پابند تھیں۔ انہوں نے جب سے ہوش سنبھالا ہے اپنے والدین کو تہجد گزار اور صوم و صلوٰة کا پابند پایاہے ۔

آپ حضور انور کی تحریک پر باقاعدگی کے ساتھ روزانہ دو نوافل کا اہتمام کرتی تھیں۔ اپنی زندگی کا اہم ترین سنگ میل اس بات کو قرار دیتی تھیں جب آپ نے باوجود مکمل ان پڑھ ہونے کے، کئی سال کی لگاتار محنت کے بعد 62 سال کی عمر میں قرآن کریم ناظرہ مکمل کیا۔

آپ لازمی چندہ جات کے ساتھ طوعی تحریکات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ آپ نے بیت الرشید کی تعمیر نو کے لیے اپنا زیور ہدیہ کرنے کی توفیق بھی پائی۔ ہر سال عید کے موقع پر غرباء کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ آپ بہت مہمان نواز تھیں۔

اسی طرح خاکسار کے والد محترم ناصر احمد صاحب ابن ملک علی محمد کھوکھر صاحب آف کھوکھر غربی کی وفات 18؍ستمبر 2018ء کو ہوئی۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔آپ بچپن سے پابند صوم و صلوٰة تھے۔ آپ نے اپنے بچوں کے دلوں میں جماعت احمدیہ مسلمہ کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری اور انہیں پنجگانہ نماز کا عادی بنایا۔آپ چندہ جات میں بہت باقاعدہ تھے اور لمبا عرصہ ہمبرگ میں سیکرٹری تربیت اور صدر جماعت کے طور پر خدمات بجا لاتے رہے۔

آپ ہمیشہ دعا کرتے تھے کہ بوقت وفات آپ کی کوئی نماز قضا نہ ہو۔ الحمدللہ آپ نے وفات سے تھوڑی دیر قبل تہجد اور باجماعت فجر کی نماز ادا کرنے کی توفیق پائی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ دونوں مرحومین سے رحمت و رأفت کا سلوک فرماتے ہوئے انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ دے اور ان کی اولادوں کو تا قیامت خلافت احمدیہ کا فرمانبردار اور معاون و مددگار بناتا چلا جائے۔ آمین۔

اعلانِ ولادت

محترم شاہد مسعود صاحب مبلغ سلسلہ بندوكو ریجن ، آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ تحریر کرتے ہیں کہ الله تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے خاکسار کو مورخہ 15؍ اپریل(١٤ رمضان المبارک )2022ء بروز جمعة المبارک دوسری بیٹی کی صورت میں اپنی رحمت سے نوازا ہے۔ حضورِ انور ایدہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نومولودہ کا نام بشریٰ شاہد تجویز فرمانے کے ساتھ ساتھ وقفِ نَو کی بابرکت تحریک میں قبول فرمایا ہے۔ بچی مکرم مسعود احمد درد صاحب مرحوم ڈرگ روڈ ضلع کراچی کی پوتی اور مکرم سید محمّد سرور شاہ صاحب گلزار ہجری، گلشن اقبال، ضلع کراچی کی نواسی ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کے اللہ تعالیٰ نومولودہ کو صحت و سلامتی والی لمبی اور فعال زندگی عطا فرمائے اور نیک صالحہ ، خادمہ دین بنائے اور ہر دو حسنات سے نوازے، والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے ۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button