کچھ جامعات سے

جامعۃ المبشرین برکینافاسو کے سال 2022-2021ء کے سمسٹر اول میں منعقد ہونے والے علمی مقابلہ جات کی چند جھلکیاں

جامعۃ المبشرین برکینافاسو کے طلباء میں علم کی جستجو پیداکرنے، علمی قابلیتوں کو بڑھانے، مسابقت کی روح پیدا کرنے اور ان کی ذہنی اور علمی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے مجلسِ علمی کے تحت مختلف علمی مقابلہ جات کرائے جاتے ہیں۔ طلباء کو 4گروپس (عدالت،صداقت، امانت، شجاعت) میں تقسیم کرکے ان کے درمیان مختلف مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات کے پوائنٹس شریک مقابلہ اور گروپ دونوں کو ملتے ہیں اور سال کے آخر میں اس پوائنٹ سسٹم کی بنیاد پر بہترین گروپ اور بہترین طالب علم کے انعام کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کے سال 2022-2021ء کے سمسٹر اول میں منعقد ہونے والے چارعلمی مقابلہ جات کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

1۔ مقابلہ تلاوت قرآن کریم

خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 21نومبر 2021ء کو جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں مجلس علمی کے تحت سال 2022-2021ء کا پہلا علمی مقابلہ ’’تلاوت قرآن کریم‘‘ منعقد ہوا۔ مقابلہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مقابلہ کے قواعد پڑھ کر سنائے گئے۔

ہر گروپ سے تین تین طلباء نے حصہ لیا۔ اس طرح کل 12طلباء اس مقابلہ میں شامل ہوئے۔ مقابلے میں مکرم حافظ نیمی آدم صاحب اور خاکسار بطور منصفین شامل ہوئے۔ اس مقابلہ میں اوّل پوزیشن بینن کے طالب علم حافظ Atchede Salam صاحب درجہ اولیٰ نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن مالی کے طالب علم عزیزم Traroé Siddiq صاحب درجہ ثالثہ نے اور تیسری پوزیشن بینن کے طالب علم عزیزم Assouma Fataou صاحب درجہ ثالثہ نے حاصل کی۔ مجموعی طور پر شجاعت گروپ پہلے نمبر پر رہا۔ مقابلہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

2۔ مقابلہ پیغام رسانی

مورخہ 28؍نومبر 2021ء کو جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں مجلس علمی کے تحت مقابلہ پیغام رسانی منعقد کروایا گیا۔ یہ ایک اجتماعی مقابلہ تھا اور ہر گروپ سے 4 طلباء پر مشتمل ایک ایک ٹیم نے اس مقابلہ میں حصہ لیا۔ اولًا مقابلہ کے قواعد پڑھ کر سنائے گئے۔ مقررہ پیغام کو ایک ممبر سے دوسرے ممبر تک زبانی پہنچانے کے لیے ہر ممبر کو دو منٹ کا وقت دیا گیا۔ جبکہ آخری ممبر نے اس پیغام کو تحریراً جمع کروایا۔

مقابلہ کے لیے پیغام سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کے ایک حصہ کا فرانسیسی ترجمہ تھا جو کہ 12؍اکتوبر 2012ء کو جماعتِ احمدیہ کی فرانسیسی ویب سائٹ islam-ahmadiyya.orgپر شائع ہوا تھا۔ بہترین طور پر پیغام پہنچانے پر شجاعت گروپ فاتح قرار پایا۔

3۔ مقابلہ لطائف

مورخہ 9؍دسمبر 2021ء کو جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں مجلس علمی کے تحت مقابلہ لطائف منعقد کروایا گیا۔ ہر گروپ سے تین تین طلباء نے حصہ لیا۔ اس طرح کل 12طلباء اس مقابلہ میں شامل ہوئے۔ مقابلے میں مکرم Yakouba Koalaصاحب اور مکرم حافظ نیمی آدم صاحب بطور منصفین شامل ہوئے۔ اس مقابلہ میں اوّل پوزیشن برکینافاسو کے طالب علم عزیزم Boni Abdoulصاحب درجہ ثالثہ نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن برکینافاسو کے طالب علم عزیزم Soulaman Saidou صاحب درجہ ثانیہ نے اور تیسری پوزیشن بینن کے طالب علم عزیزم Adamou Abdoul Hamed صاحب درجہ ثالثہ نے حاصل کی۔ مجموعی طور پر شجاعت گروپ پہلے نمبر پر رہا۔ مقابلہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

4۔ مقابلہ اذان

مورخہ 12؍دسمبر 2021ء کو جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں مجلس علمی کے تحت مقابلہ اذان منعقد کروایا گیا۔ ہر گروپ سے تین تین طلباء نے حصہ لیا۔ اس طرح کل 12طلباء اس مقابلہ میں شامل ہوئے۔ مقابلے میں حافظ نیمی آدم صاحب اور خاکسار بطور منصفین شامل ہوئے۔ طلباء کو ترنم، ادائیگی اور تحسین کی بنیاد پر پرکھا گیا۔

اس مقابلہ میں اوّل پوزیشن بینن کے طالبعلم عزیزم Assouma Fataouصاحب درجہ ثالثہ نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن مالی کے طالبعلم عزیزم Traoré Siddiq صاحب درجہ ثالثہ نے اور تیسری پوزیشن ریپبلک آف سینٹرل افریقہ کے عزیزم Youssuf Abdel Majid صاحب درجہ اولیٰ نے حاصل کی۔ مقابلہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ مجموعی طور پر عدالت گروپ پہلے نمبر پر رہا۔

دعا ہے کی اللہ تعالیٰ طلباء کی روحانی ، اخلاقی، علمی و دیگر اعلیٰ صلاحیتوں میں اضافہ فرماتا چلاجائے تا یہ اپنے فرائض احسن طور پر ادا کرتے ہوئے خلافت احمدیہ کے سلطان نصیر بننے والے ہوں۔ آمین۔نیز اللہ تعالیٰ ان شاملین مقابلہ اور اساتذہ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔آمین۔

(رپورٹ از حافظ محمد بلال طارق ، نگران مجلسِ علمی جامعۃ المبشرین برکینا فاسو)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button