یورپ (رپورٹس)

جلسہ یوم مسیح موعود جماعت احمدیہ لٹویا

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ لٹویا کو 23؍مارچ 2022ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ یوم مسیح موعود منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ جلسہ رات ساڑھے آٹھ بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویا) کی زیر صدارت شروع ہوا۔

عزیزم انتصار محمودنے تلاوت قرآن کریم اور اس کا اُردو ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد عزیزم جاذب احمد شاہد نے درثمین اردو سے نظم بعنوان ’’محاسن قرآن کریم‘‘ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کرسنائے۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم توقیر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم نے کی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’یوم مسیح موعود (علیہ السلام) کیسے منایا جائے؟‘‘۔ دوسری تقریر کی سعادت مکرم مرغوب احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا کو حاصل ہوئی۔ موصوف کی تقریر کا موضوع تھا ’’مسلمانوں کے انتشار اور کمزوری کی اصل وجہ آنحضرتﷺ کی نافرمانی اور مسیح ومہدی کا انکارہے‘‘۔ اس کے بعد مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے ’’حضرت مسیح موعودعلیہ السّلام کا دعویٰ امام مہدی معہود‘‘ کے عنوان سے تقریر کی سعادت حاصل کی۔ اگلی تقریر مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کی تھی جس کا موضوع تھا ’’حضرت مسیح موعودعلیہ السّلام کا دعویٰ مثیل عیسیٰ مسیح ابن مریم اور حکم وعدل‘‘۔ اس کے بعدمکرم عطاء الصبور خان صاحب جنرل سیکرٹری جماعت لٹویا نے ’’حضرت مسیح موعودعلیہ السّلام کی بعثت کا مقصد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کرنے کی توفیق پائی۔ آج کے جلسہ میں کل 5تقاریر پیش کی گئیں۔

جلسہ کے اختتام پر خاکسارنے تمام مقررین اور سب حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی جس کے ساتھ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ جلسہ کے بعد نماز مغرب وعشاء جمع کرکے ادا کی گئیں اور شاملین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو دن دوگنی رات چوگنی ترقیات عطافرماتا چلاجائے۔

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button