عالمی خبریں

جماعت احمدیہ عالمگیر اور عید الفطر 2022ء

محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سےکورونا وبا کی پابندیوں میں کمی کے بعد تقریباً دو سال بعد افرادجماعتہائے احمدیہ عالمگیر مردوزن اور بچوںکو کثیر تعداد میںامسال نماز عید الفطر پڑھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

برطانیہ

مکرم شیخ لطیف احمد صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)تحریر کرتے ہیں کہ برطانیہ کی اکثر جماعتوں میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کا وقت صبح پونے گیارہ بجے مقرر کیا گیا تھا تاکہ تمام احمدی احباب صبح گیارہ بجے اپنے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ عید کو مسجد مبارک اسلام آباد سے ایم ٹی اے کی براہ راست نشریات کے ذریعہ دیکھ اور سُن سکیں لیکن اکثر جماعتوں میں وقت سے بہت پہلے ہی احباب جماعت اپنی اپنی مسجدوں میں پہنچ چکے تھے۔ ہر جماعت میں رضا کاران مختلف ڈیوٹیاں انجام دینے کے لیے علی الصبح ہی سے اپنے ذمہ دیے گئے فرائض کی ادائیگی میں تندہی سے مشغول ہوگئے تھے۔ بڑی مساجد میں عید سے ایک دن پہلے ہی تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔ عید سعید کے اس پُر مسرت موقع پر بعد نماز عید احباب جماعت میں مٹھائی تقسیم کی گئی، بچوں کو چاکلیٹ کے تحائف دیے گئے جبکہ بعض جماعتوں نے ریفریشمنٹ کے باکس بھی تقسیم کیے۔

اسلام آباد میں اس عید کے موقع پر انتہائی خوبصورت اور بہترین انتظامات کیے گئے تھے جس کی تفصیل الفضل انٹرنیشنل میں شائع کی جاچکی ہے۔ تاہم ذیل میں دیگر چند جماعتوں میں منعقد ہونے والے عید الفطر کے اجتماعات کی مختصر تفصیل تصاویر کے ساتھ قارئین الفضل کے لیے پیش خدمت ہے۔ یہاں یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ تمام مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ عید الفطر کو ایم ٹی اے کی لائیو نشریات کے ذریعہ براہ راست دیکھنے اور سُننے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھےجس سے تمام احباب جماعت مستفید ہوئے۔

مسجد بیت الفتوح لندن: یوکے میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد بیت الفتوح میں منعقد ہوا جس میں احباب جماعت کی کل حاضری تقریباً 7000تھی۔ مرد حضرات کے لیے مسجد کے علاوہ ایک وسیع مارکی بھی لگائی گئی تھی جبکہ لجنہ کے لیے بھی مسجد کے اندر انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز عید کے بعد بہت بڑی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ بچے اور نوجوان انتہائی خوشی کے ساتھ ایک دوسرے سے مل کر عید کی مبارکباد دے رہے تھے۔ یہاں پر مربی سلسلہ مولانا نسیم احمد باجوہ صاحب نے نماز عید پڑھائی۔

مسجد فضل لندن: لندن کی پہلی مسجد، مسجد فضل میں عید الفطر کی تقریب دعاؤں کے پاکیزہ ماحول میں منعقد ہوئی۔ قرب و جوار کے احمدی احباب، خواتین اور بچوں نے بڑے اہتمام سے اس میں شرکت کی۔ انتظامیہ کی طرف سے اس موقع پر وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔ مسجد فضل اور محمود ہال کے علاوہ عقب میں بھی ایک بڑی مارکی لگائی گئی تھی جبکہ کھلی جگہ پر دریاں بھی بچھائی گئی تھیں۔عملاً ہر جگہ جہاں نماز پڑھی جاسکتی تھی نمازیوں سے پُر تھی۔ایک اندازے کے مطابق تقریباً 1555 افراد نےاس بابرکت اجتماع میں شرکت کی اور یہ یوکے میں دوسرا بڑا اجتماع تھا۔ الحمد للہ۔ یہاں پر نماز عید امام مسجد فضل لندن مولاناعطاءالمجیب راشدصاحب نے پڑھائی ۔

مسجد دارالامان مانچسٹر: یوکے میں جماعت احمدیہ کا تیسرا بڑا عید کا اجتماع نارتھ ویسٹ ریجن کے شہر مانچسٹر میں واقع مسجد دارالامان میں منعقد ہوا جس میں ایک ہزار سے زائد احباب جماعت نےادائیگیٔ نماز عید کی سعادت حاصل کی۔ بچے، جوان، بوڑھے اور خواتین سب نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ نے اس عید کے موقع پرانہیں اکھٹا ہونے کا موقع فراہم کیا جس پر خدا کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ مربی سلسلہ مکرم محمد احمدخورشید صاحب نے نماز عید پڑھائی۔

مسجد بیت السبحان کرائیڈن: ساؤتھ ریجن لندن کے شہر کرائیڈن میں مسجد بیت السبحان میں عید الفطر کی تقریب میں تقریباً 950 احباب جماعت نے شرکت کی۔ یہاں بھی احباب جماعت کی کثیر تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مارکی لگائی گئی تھی۔ مکرم رضا احمد صاحب مربی سلسلہ نے نماز عید پڑھائی۔ لوگوں کی خوشی دیدنی تھی کہ دو سال کے بعد انہیں اجتماعی طور پر نماز عید کی ادائیگی کی توفیق حاصل ہوئی تھی۔

مسجد المہدی بریڈ فورڈ: نارتھ ایسٹ ریجن کی مسجد المہدی میں صبح دس بج کر35منٹ پر نماز عید ادا کی گئی۔ اس موقع پر بریڈ فورڈ کے تمام احبا ب و خواتین، بچوں اور بچیوں کے علاوہ دیگر شہروں سے آئے ہوئے افراد نے بھی شرکت کی اور کل حاضری تقریباً750رہی۔نماز عید سے قبل ریجنل مشنری مولانا مبارک احمدبسرا صاحب نے ریجن کی دو مساجدمسجد بیت الحمد اور مسجد المہدی میں ماہ رمضان میں نماز تراویح پڑھانے والے 12 نوجوانوں میں اُن کی حوصلہ افزائی کے لیے تحائف بھی تقسیم کیے۔ بعد ازاں آپ نے نماز عید پڑھائی۔

مسجد دارالبرکات برمنگھم: برمنگھم سینٹرل ریجن کی مسجد دارالبرکات میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کے لیے تقریباً 600 احباب جماعت تشریف لائے۔یہاں بھی تمام افراد دو سال کی پابندی کے بعد اجتماعی نماز عید میں شامل ہونے کے لیے بے حد شادمان تھےاور مسرت اُن کے چہروں سے عیاں تھی۔اس موقع پر بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ یہاں پر مکرم عبدالغفار صاحب مربی سلسلہ نے نماز عید پڑھائی۔

مسجد دارالسلام ساؤتھ آل: لندن کے مڈل سیکس ریجن کے علاقہ ساؤتھ آل میں واقع مسجد دارالسلام میں جوش و خروش سے عید سعید کی پُرمسرت تقریب منعقد کی گئی۔ تقریباً 350 احباب جماعت نماز عید کی ادائیگی میں شامل ہوئےاور اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کیا جس نے محض اپنی رحمت سے یہ خوشیوں بھرا دن سب کو دکھایا۔ مربی سلسلہ مکرم مجیب مرزا صاحب نے نماز عید پڑھائی۔

مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو: سکاٹ لینڈ ریجن کے خوبصورت شہر گلاسگو میں قائم جماعت احمدیہ کی مسجد بیت الرحمٰن میں بھی تقریباً 350 احباب جماعت نے نماز عید الفطر کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی۔تمام افراد کے چہروں سے خدا تعالیٰ کے شکرانے کے تاثرات عیاں تھے کہ اللہ تعالیٰ نےمحض اپنے فضل سے کورونا کی دو سالہ پابندیوں کے بعد عید کی خوشیوں کو اکٹھے منانے کی توفیق عطا فرمائی۔ مربی سلسلہ مکرم رواح الدین عارف صاحب نے نماز عید پڑھائی۔

مسجد بیت الاحد نیوہیم لندن: ایسٹ لندن کے ریجن نیو ہیم میں واقع مسجد بیت الاحد میں نماز عید کے موقع پر احباب جماعت کی حاضری 271تھی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں بھی مرد و خواتین نے نماز عید پڑھنے کی توفیق پائی۔ مکرم زوار بٹ صاحب مربی سلسلہ نے نماز عید پڑھائی۔

مسجد بیت الرحیم کارڈف: ساؤتھ ویسٹ ریجن کے شہر کارڈف میں قائم جماعت احمدیہ کی مسجد بیت الرحیم میں بھی نماز عید الفطر کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیاجس میں 170 احباب جماعت نے شرکت کی۔ خطبہ عید کے بعد تمام احباب میں ریفریشمنٹ بھی تقسیم کی گئی۔ ریجنل مشنری مکرم عمار احمد صاحب نے نماز عید پڑھائی۔

جرمنی

مکرم صفوان احمد ملک صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ جرمنی میں تقریباً 215جگہوں پر نماز عید کا انتظام ہوا جس میں مساجد، نماز سنٹرز اور ہالز وغیرہ شامل ہیں۔بڑے شہروں اور بڑی جماعتوں میں عید کے جملہ انتظامات اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کے لیے ایک سے زائد جگہوں پر انتظامات کیے گئے۔ مثال کے طور پر فرانکفورٹ میں تین جگہوں پر نماز عیدادا کی گئی۔ مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے بیت السبوح فرانکفورٹ میں نماز عید پڑھائی۔ بیت السبوح میں نماز عید ادا کرنے والے مردوزن کی تعداد تقریباً ساڑھے چھ سو تھی۔

ہمبرگ سے برادرم چودھری ظہور احمد صاحب لوکل سیکرٹری تربیت اطلاع دیتے ہیں کہ ہمبرگ جماعت کو امسال عیدالفطر کا اجتماع ایک وسیع وعریض اسٹیڈیم میں کرنے کی توفیق ملی جہاں کھیلوں کے متعدد میدان ہیںاور پردہ کی سہولت بھی ہے۔ اُن میں سے ایک گراؤنڈ میں مستورات اور دوسری گراؤنڈ میں مرد حضرات کے لیے نماز عید کے انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پر احمدی احباب کی خوشی بھی دیدنی تھی جو لمبے عرصہ کے بعد اپنی فیملیز کے ساتھ عید پڑھنے آئے۔ عید کے اس اجتماع میں تقریباً 1300خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ کورونا کے بعد پہلی بار خواتین کو بھی کسی اجتماع میں شریک ہونے کی توفیق ملی۔ صبح 10بجے مولانا لئیق احمد منیر صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز عیدپڑھائی۔ دعا کے بعد احباب جماعت سماجی فاصلے کو ملحوظ رکھتے ہوئے ایک دوسرےکو مبارک باد پیش کرتے رہے۔ خدام نے بھر پور انداز میں جملہ انتظامات کو مکمل کیا۔ آخر پر مرکزی انتظام کے تحت سب میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔

سیرالیون

مکرم ذیشان محمود صاحب (مربی سلسلہ سیرالیون) تحریر کرتے ہیں کہ سیرالیون کے دار الحکومت فری ٹاؤن کے مشرقی و مغربی ریجنز سمیت تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے مساجد، احمد یہ سکولز کے کھلے میدانوں یا عید گاہوں میں نماز عید کے متعد د بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال، خدام اور انصار نے ایک روز قبل ان عیدگاہوں کو و قار عمل کے ذریعہ تیار کیا تھا۔ ان کے علاوہ بھی تمام جماعتوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ ریجنز کے مرکزی اجتماعات میں اوسطاً حاضری ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار رہی۔ جبکہ جماعتوں کی اوسطاً حاضری چار صد سے آٹھ صد رہی جن میں احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت احباب کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ نماز عید کے بعد خطبہ عید میں احباب جماعت کو رمضان کی برکات کو جاری رکھنے، عید سے حقیقی فیض اٹھانے، حضور انور کی صحت و سلامتی اور نظام خلافت احمدیہ کی اطاعت و محبت میں بڑھنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے عمومی حالات کے حوالہ سے خصوصی دعاؤں کی تحریک کی گئی۔ اکثر مقامات پر نماز عید کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی گئی۔ نماز عید کے اجتماعات کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے۔

سیر الیون میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بوریجن میں مرکزی اجتماع بواحمدیہ کمپاؤنڈ میں ہوا جہاں قریباًدواڑھائی ہزار افراد شامل ہوئے۔ جبکہ ریجن بھر میں 70 مقامات پر نماز عید ادا کی گئی۔ بو احمد یہ ریڈیو کے ذریعہ ریجنل مبلغ صاحب کا خطبہ عید اور کارروائی لا ئیو نشر کی گئی۔ اس موقع پر نیشنل ٹی وی SLBC نے بھی کور یج کی۔

فری ٹاؤن کے مشرقی و مغربی ریجنز میں 28 مقامات پر اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ سب سے بڑا مرکزی اجتماع مسجد بیت السبوح میں ہوا جس میں اندازاً ڈھائی سے تین ہزار افراد شامل ہوئے۔ باقی ہر جگہ بھی ہزار، ڈیڑھ ہزار سے زائد احباب شامل ہوئے۔ ریجنٹ جماعت میں نماز عید کے بعد اخباری نمائندگان نے مکرم سعید الحسن شاہ صاحب مبلغ سلسلہ سے عید کے حوالہ سے سوال و جواب کیے۔

کینیمار یجن کے 8 سرکٹس میں 43 مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ مرکزی اجتماع ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول کے فٹبال گراؤنڈ میں ہوا۔ جس میں 13 سو سے زائد احباب شامل ہوئے۔ کینیما شہر میں ایک اور جگہ پرعید کا اجتماع ہوا۔ یہاں چند ماہ قبل نئی مسجد کا افتتاح ہوا تھا جس میں 120 نومبائعین اور قریباً 50 غیر از جماعت احباب شامل ہوئے۔

مکینی ریجن میں 80 مقامات پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماع ہوئے۔ مکینی شہر میں 15 مساجد میں نماز عید ادا کی گئی۔ بونکوبانہ جماعت میں ایک ہزار سے زائد افراد جبکہ مگبورکا جماعت میں 900سے زائد افراد نے نماز عید ادا کی۔

پورٹ لوکو ریجن کی تمام جماعتوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ 6 مقامات پر بڑے اجتماعات ہوئے۔ جہاں پانچ صد سے زائد افراد شامل ہوئے۔

میامبار یجن کی تمام جماعتوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ سب سے بڑا اجتماع سمیبےہوںجماعت میں ہوا۔ جہاں ساڑھے نو صد احباب شامل ہوئے۔

مشاکار یجن میں 40 مقامات پر نماز عید کے اجتماع ہوئے اور مرکزی اجتماع ریجنل ہیڈ کوارٹر میں ہوا جہاں ایک ہزار سے زائد افراد شامل ہوئے۔

داروریجن کی 25 جماعتوں میں عید کےاجتماع ہوئے۔ مرکزی اجتماع دارو ریجنل ہیڈ کوارٹر میں ہوا جہاں 450 احباب شامل ہوئے۔

واٹر لو کی 18 جماعتوں میں عید کے اجتماع ہوئے۔ روکوپر ریجن میں شدید بارش کے باعث مرکزی اجتماع ملتوی کرنا پڑا اور مساجد میں نماز عید ادا کی گئیں۔ اسی طرح مائل 91 میں 10 مقامات پر اور لُن سر ریجن کی بھی تمام جماعتوں میں نماز عید ادا کی گئی۔

ایک عرصہ بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے سیر الیون اور یورپ میں ایک ہی دن عید ہو ئی۔ خطبہ جمعہ کی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبۂ عید احمد یہ مسلم ریڈیو فری ٹاؤن، مکینی اور بو ریجن سے علی الترتیب کریول، ٹمنی اور مینڈھے زبان میں لائیو نشر ہوا جو احباب جماعت نے سنا اور دعا میں شامل ہوئے۔

بلغاریہ

مکرم جواد الدین عفان صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ بلغاریہ کی تین جماعتوں Plovdiv، Plevenاور Blagoevgrad میں نماز عید اد اکی گئی۔ کل حاضری 26تھی۔ Plovdiv جماعت میں نماز عید کے بعد خدام نے BBQکیا تھا۔

کیمرون

مکرم عبد الخالق نیر صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ کیمرون میں کُل20 مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جس میں 850 سے زائد افراد شامل ہوئے۔

کونگو کنشاسا

مکرم شاہد محمود خان صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ کونگو کنشاسا کے چار ریجنز Bandundu، Kikwit، Lumubasi اور Kinshasa میں نماز عید اد اکی گئی جہاں کُل حاضری 1777 رہی۔

چیک ریپبلک

مکرم کاشف جنجوعہ صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ جماعت چیک ریپبلک کے مرکز پراگ میں عید کی نماز ادا کی گئی جہاں کُل حاضری 24 تھی۔

ڈنمارک

مکرم محمد اکرم محمود صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ ڈنمارک کے تین مقامات پر نماز عید اد اکی گئی۔ کُل حاضری تقریباً 330تھی۔

فرانس

مکرم منصور مبشر صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ فرانس میں 6سے زائد مقامات پر نماز عید ادا کی گئی۔ سب سے بڑا اجتماع Saint-Prix میں ہوا۔

گوئٹے مالا

مکرم عامر نفیس صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ گوئٹے مالا میں 73 احمدی احباب نے نماز عید میں شرکت کی۔

آئیوری کوسٹ

مکرم عبد النور صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ آئیوری کوسٹ میں 150 کے قریب جماعتوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ کُل 30 ہزار سے زائد مرد و خواتین و بچگان نے نماز عید جماعتی نظام کے تحت ادا کی۔ اسی طرح 2000 سے زائد افراد نے حضور انور کا خطبہ عید الفطر لائیو دیکھنے اور سننے کی سعادت پائی۔

قرغیزستان

مکرم صباح الظفر صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ قرغیزستان کی تین جماعتوں مرکزی مشن بِشکیک(Bishkek)، جماعت کاشغَرکِشتَاک (Kashghar Kishtak) اور جماعت کَراکَول (Karakol) میں نمازِ عید پڑھنے کا اہتمام کیا گیا۔ بِشکیک اور کراکول میں مرد و خواتین نے نمازِ عید باجماعت ادا کی۔ جبکہ کاشغَر کِشْتاک میں صرف مرد احباب کے لیے نمازِ عید پڑھنے کا اہتمام کیا گیا۔ اس طرح تینوں جماعتوں میں شاملین کی کُل تعداد 157 رہی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عید کے موقع پر دو جماعتوں میں 7 افراد کو بیعت کرنے کی بھی سعادت نصیب ہوئی۔ الحمدللہ

سرینام

مکرم لئیق احمد مشتاق صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ سرینام میں مسجد ناصر پاراماریبو میں نماز عید ادا کی گئی۔ نماز عید میں 350مردوزن شامل ہوئے۔ متعدد غیر از جماعت دوست بھی نماز عید پڑھنے کے لیے آئے۔ عید کے بعد تمام شاملین کی سویوں اور کھانے سے تواضع کی گئی۔

سویڈن

مکرم رضوان افضل صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ سویڈن کی پانچ جماعتوں مالمو، سٹوک ہولم، گوتھن برگ، لُولیا اور کالمار میں نماز عید اد اکی گئی۔ کُل حاضری 1148تھی۔

تھائی لینڈ

مکرم کاشف احمد صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ تھائی لینڈ میں 13 مقامات پر نماز عید ادا کی گئی۔ کُل حاضری 594تھی۔ جبکہ 722 احباب و خواتین و بچگان نے حضور انور کا خطبہ عید براہ راست سنا۔

ساؤ تومے

مکرم انصر عباس صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ ساؤ تومے ملک کے دونوں جزیروں (ساؤ تومے اور پرنسپ) میں نماز عید ادا کی گئی۔ شدید بارش کے باوجود ساؤ تومے میں 500 سے زائد افراد نے نماز عید میں شرکت کی جو کہ ساؤتومے کی تاریخ کا سب سے بڑا مسلمانوں کا اجتماع تھا۔ نیشنل ٹیلیویژن اور ساؤتومے کے آفیشل پریس (STP Press)نے اس کی خبر نشر کی۔ اس روز شام کو جماعت کی طرف سے ایک عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں دیگر حکومتی و سیاسی dignitaries کے علاوہ وزیر اعظم صاحب ساؤ تومے مع اہلیہ شریک ہوئے۔

کینیا

مکرم محمد افضل ظفر صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ کینیا کے تمام ریجنز کی جماعتوں نے 96 مقامات پر نماز عید ادا کرنے کی سعادت حاصل کی جس میں تقریباً 8ہزار احمدی مردوزن اور بچوں نے شرکت کی۔ تقریباً ہر جگہ نماز عید کے بعد اجتماعی کھانے کا بندوبست کیا گیا جس میں غیر از جماعت مہمانوں کےعلاوہ سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نیز سٹریٹ چلڈرن کو مدعو کیا گیا۔ اس طرح مختلف جماعتوں میں 400کے قریب مہمانان کرام اس خوشی میں شامل ہوئے۔ کئی جماعتوں میں اس موقع پر مہمانان کرام اور سرکاری افسران کو جماعتی لٹریچر بھی تحفۃً دیا گیا جسے معزز مہمانوں نے بہت خوشی اور شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔ اس کے علاوہ بہت سی جماعتوں میں نقدی اور اشیائے خورونوش سے ضرورت مندوں کی مدد کی گئی۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق 600 خاندانوں کو اشیائے خورونوش کے پیکٹ بناکر دیے گئے۔

کبابیر

مکرم شمس الدین مالاباری صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ کبابیر میں مکرم محمد شریف عودہ صاحب نیشنل امیر نے نماز عید پڑھائی۔ احباب وخواتین بکثرت شامل ہوئے۔ عید کی رات کو ہماری مسجد اور بہت سے احمدی گھروں میں چراغاں کیا ۔یہ دلکش منظر احمدی محلہ کو رونق بخش رہاتھا۔ نماز عید کے بعد دوست ایک دوسرے کے گھر جاکر عید مبارک کا تحفہ پیش کرتے رہے۔

اسی طرح خاکسار نے ویسٹ بنک مشن دار الامن میں نماز عید پڑھائی۔ ویسٹ بانک کے احمدی دوست عید کے موقع پر پہلی دفعہ دار الامن میں جمع ہوئے۔

گنی کناکری

مکرم طاہر محمود عابد صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ گنی کناکری نے تین ریجنز کی 17جماعتوں میں عید کے اجتماعات کا انتظام کیا جہاں پر شاملین کی کُل تعداد 7542تھی۔

گنی بساؤ

مکرم احسن میمن صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ گنی بساؤ میں 152 مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔ جس میں 20540 احباب جماعت نے شمولیت اختیار کی۔ جن میں سے 11355 افراد نے براہ راست حضور انور کا خطبہ عید الفطر سنا۔

ارجنٹائن

مکرم مروان سرور گِل صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ ارجنٹائن میں عید الفطر کی ایک تاریخی تقریب منانے کی توفیق ملی۔ عیدکی مناسبت سے شہر La Plata، جو کہ Province Buenos Aires کا دار الحکومت ہے، اس کے mayor نے جماعت کے وفد کا استقبال کیا اور شہر کے council hall پر عید مبارک کا پیغام آویزاں کیا گیا۔ نیز council کے نمائندگان اور شہر کی interfaith committeeکے ممبران نے عید کی مناسبت سے ایک بین المذاہب پروگرام منعقد کیا جس کا مقصدارجنٹائن میں بسنے والے مسلمانوں کی حوصلہ افزائی اور دلجوئی تھا۔ اسی طرح صلوٰۃ العید کے لیے ہمیں councilکا امتیازی اور نہایت اہم palace مہیا کیا گیا جس میں شہر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نماز ادا کی گئی۔

جماعت کی طرف سے شہر کے mayor کو قرآن شریف کا تحفہ پیش کیا گیا اور دیگر حاضرین کو عید کی مناسبت سے مختلف جماعتی souvenirs اور تحائف پیش کیے گئے۔

برازیل

حافظ احتشام احمد مومن صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ برازیل میں امسال نماز عید 3 بڑے شہروں میں ادا کی گئی۔ برازیل کے مرکز Petropolis میں نماز عید مسجد بیت الاول میں ادا کی گئی جس میں 24 مرد و زن نے شرکت کی۔ نمازِ عید مکرم وسیم احمد ظفر صاحب صدر جماعت احمدیہ برازیل نے پڑھائی۔

Rio de Janeiro میں خاکسار (مربی سلسلہ) نے نماز عید پڑھانے کی توفیق پائی جہاں پر 15 مرد و زن نے شرکت کی۔ شاملین میں بعض غیر مسلم مہمان بھی شامل تھے جنہیں عید کے موقع پر مدعو کیا گیا تھا۔ نیز عید کے موقع پر 2 نوجوان پادریوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ یہ ہمارا پہلا موقع ہے کہ ہم کسی مسلم تہوار میں شامل ہوئے۔ عید کی نماز کے بعد تمام احباب کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ São Paulo شہر میں بھی احمدی احباب نے نماز عید ادا کی۔ شام کو مسجد بیت الاول میں تمام احباب جماعت نے مل کر BBQ کا اہتمام کیا۔ جس میں Rio de Janeiro کے احباب نے بھی شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور تمام خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں توحید الٰہی کے قیام کی بھر پور کوششیں کرنے اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کی تبلیغ کرتے ہوئے حقیقی عیدیں منانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button