از مرکز

مخزن تصاویر

(جلسہ سالانہ یوکے 2019ء)

(حدیقۃ المہدی، الفضل انٹرنیشنل) جلسہ سالانہ برطانیہ میں علمی اور ادبی تقاریر اور تربیتی پروگرامز کے ساتھ مختلف شعبہ جات کی طرف سے لگائی جانے والی تاریخی اور معلوماتی نمائشیں بھی لگائی جاتی ہیں۔ شعبہ مخزنِ تصاویر تاریخی اور نادر تصاویر پر مبنی تصاویر کی نمائش پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتا ہے۔

یہ شعبہ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی کی خصوصی دلچسپی کے باعث اپریل2006ء میں قائم ہوا۔ اس شعبے کے ذمہ جماعت کی تاریخ کو تصاویر کی صورت میں محفوظ بنانا ہے۔ مخزن تصاویر کا دفتر اور نمائش کا بڑا ہال طاہر ہاؤس واقع Deer Park Road میں مستقل بنیاد پر قائم ہے، جہاں جمعہ کے علاوہ ہفتہ میں 6؍روز صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک نمائش کو دیکھا جاسکتا ہے۔ اللہ کے فضل سے ایک بڑی تعداد میں مقامی اور دیگر ممالک سے تشریف لانے والے احمدیوں اور دیگر مہمانوں کے لیے یہ نمائش دلچسپی کا باعث بنتی ہے۔ نمائش پر تصویر کا پس منظر اور تاریخ بتانے کے لئے عملہ موجود ہوتا ہے۔ اس وقت مخزن تصاویر کی Archives میں ڈیڑھ لاکھ تصاویر محفوظ ہیں جن میں سے چنیدہ تصاویر کو ہر سال جلسہ سالانہ برطانیہ کے موقع پر لگائی جانے والی خصوصی نمائش میں پیش کیا جاتا ہے۔ نمائش کا یہ سلسلہ 2008ء سے جاری ہے جہاں جلسہ کی کارروائی کے بعد اور اجلاس شروع ہونے سے قبل اسے دیکھا جاسکتاہے۔فیمیلیز رات 11 بجے تک اس نمائش سے محظوظ ہوتی ہیں۔

اس نمائش میں پیش کی جانے والی تصاویر کو 9 مختلف گروپس (sections)میں تقسیم کرکے خوبصورت اور منظّم انداز میں پیش کیا گیا ہے:

1.حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تصاویر

2.صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تصاویر۔ صحابہ کی تصاویر تو سینکڑوں میں ہیں۔ امسال جلسہ 2019ء پر 400 اصحابِ احمدؑ کی تصاویر نمائش کا حصہ ہیں۔

3.خلفائے سلسلہ کے ادوار کی تصاویر

3.خلفائے احمدیہ کے دورہ جات کی تصاویر

4.احمدیہ مساجد کی تصاویر

5.مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی سے ملاقات کی تصاویر

6.شہدائے احمدیت کی تصاویر

7.حضورِ انور کی بطور واقف زندگی گھانا میں قیام کی تصاویر

8.متفرق تصاویر کا ایک سیکشن ہے جس میں جماعت احمدیہ عالمگیر کی سرگرمیوں کی معلومات ہوتی ہیں۔

ہر تصویر کے نیچےموقعہ کی تفصیل انگریزی زبان میں درج ہے۔ جلسہ سالانہ پر نمائش لگانے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ نادر تصاویرکی تفاصیل بتانے والے مل جاتے ہیں۔ مثلا اس جلسہ پر ایک بزرگ نے 1938ء میں الٰہ دین بلڈنگ سکندر آباد برٹش انڈیا کے سامنے پوری جماعت کی تصویر حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ساتھ دیکھ کر اس میں موجود بہت سارے دوستوں کے نام بتا دیے۔

تصاویر کو دیکھ کر لوگوں مین دلچسپی بڑھی ہے اور نئے نئے آئیڈیاز لوگوں کی طرف سے ملتے ہیں۔ 2018ء میں 6 ہزار سے زائد جلسہ شرکاء نے نمائش کو دیکھا تھا۔

اس شعبہ میں ایک نیا احسن قدم نادر تصاویر پر ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے سلسلہ کا آغاز ہے۔ جن تاریخی واقعاتی تصاویر کا چناؤ کیا گیا ہے ان کی ویڈیو کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کے تصاویر کو زندہ کرکے لوگوں کے سامنے پیش کیا جارہا ہے۔ اب تک دو نادر تصاویر کو کمنٹری کے ساتھ سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک مسجد فضل لندن کی ہے اور دوسری 1927ء میں قادیان کے جلسہ گاہ کی ۔

اس تاریخی جلسے پر جلسہ گاہ چھوٹی پڑ گئی تھی اور حاضرین نے ایک رات میں نئی جلسہ گاہ تعمیر کرکے دکھا دی۔یہ تاریخی تصویر اور اس سے متعلق کمنٹری احمدیوں کی آئندہ نسلوں کے لئے محفوط کرنے کا اعزاز مخزن تصاویر کو حاصل ہوا ہےجس کے انچارج عمر علیم صاحب ہیں اور ان کے ساتھ اس شعبہ میں اسامہ کریم صاحب، مربی سلسلہ، عثمان احمد صاحب واقف زندگی کام کرتے ہیں۔ جلسہ کے دوران 15 کارکنان ڈیوٹی پر ہیں جن میں لوگوں کو گائیڈ کرنے کی خدمت نعمان احمد ہادی صاحب، مربی سلسلہ اور مبشر ریحان صاحب کے سپرد ہے۔

(جلسہ سالانہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل کی ویب سائیٹ www.alfazl.comسے استفادہ کیجیے۔ اور موبائل فون پر الفضل کی ایپلیکیشن انسٹال کرنے کے لیے Google Play Store یا Apple App Store پر جا کر alfazl لکھ کر تلا ش؍ سرچ کیجیے اور جلسے کے متعلق تازہ بتازہ خبروں سے لطف اندوز ہوئیے۔)

(رپورٹ: عرفان احمد خان)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button