افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں مجلس نصرت جہاں کے تحت قائم سکولز میں جلسہ ہائے یوم خلافت

مجلس نصرت جہاں کے تحت سیرالیون میں چھوٹے بڑے تین صد سے زائد پری، پرائمری، جو نیئر و سینئر سیکنڈری سکولز قائم ہیں۔ اور چار سکولز میں مرکزی مبلغین بھی بطور اساتذہ تدریس کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ تمام سکولز میں جماعتی ایام میں جلسے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ذیل میں ان چار سکولز میں منعقدہ جلسہ ہائے یوم خلافت کی رپورٹ پیش ہے جہاں مرکزی اساتذہ متعین ہیں۔

طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں

مکرم انیس احمد صاحب (مبلغ سلسلہ و استاد) تحریر کرتےہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 26؍مئی 2022ء بروز جمعرات طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں میں جلسہ یوم خلافت کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالك۔ جلسہ سے قبل طلباء و اساتذہ کی تیار ی کروائی گئی۔

مورخہ 26مئی بروزجمعرات صبح آٹھ بجے سکول کے احاطہ میں مسٹر محمد ایف کروما پرنسپل طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں کی زیر صدارت جلسہ یوم خلافت کاآغاز ہوا۔ جلسہ کاآغازلوکل مشنری مولوی ابراہیم محمود نے آیت استخلاف کی تلاوت سے کیا۔ جس کا ترجمہ طالب علم واندی برائما نے پیش کیا اس کے بعد حدیث خلافة علی منہاج النبوة کا انگریزی ترجمہ طالب علم فوڈے موسی نے پیش کیا بعد ازاں ایک طالبہ علم آنسومانہ نے ’’مقام خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اس کے بعد پرنسپل صاحب نے ’’ہم یوم خلافت کیوں مناتے ہیں؟‘‘، مسٹر کومبا (استاد) نے ’’خلافت کی ضرورت و اہمیت‘‘، مسٹر علی (استاد) نے ’’خلافت راشدہ‘‘، مسٹرمایا نے ’’خلافت احمدیہ‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔

اس کے بعد لوکل مشنری مولوی ابراہیم محمودنے ’’برکات خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اس جلسہ کی آخری تقریرخاکسار نے ’’اطاعت خلافت‘‘ کے موضوع پر کی۔ دوران جلسہ مناسب مواقع پر طلباء کی جانب سے نعرہ ہائے تکبیراور خلافت احمدیہ زندہ باد کے نعرے بھی بلند ہوتے رہے۔

جلسہ کے اختتام پرطلباء سے یوم خلافت کے حوالہ سے سوالات پوچھے گئے اور درست جوابات دینے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت جلسہ کا اختتام ہوا جس میں 350 طلباء و اساتذہ نے شرکت کی۔

احمدیہ مسلم پرائمری و سیکنڈری سکول سیمبےہوں

مکرم انصر محمود ورک صاحب (مبلغ سلسلہ و استاد) تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 26؍مئی 2022ء بروز جمعرات احمدیہ مسلم پرائمری سکول اور سیکنڈری سکول سیمبےہوں میں جلسہ یوم خلافت کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالك۔ جلسہ سے قبل طلباء و اساتذہ کوتقاریر کی تیاری کروائی گئی۔

26؍مئی کو صبح 10 بجے جلسے کا آغاز عزیزم محمد شریف نے آیت استخلاف کی تلاوت سے کیا۔ جس کے بعد عزیزم علی محمد کونے اور عزیزم لامین منھا نے قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ پیش کیا۔ اسی طرح عزیزم ابو بکر شریف، عزیزہ مبشرہ ہال اور عزیزہ رحمة اللہ نے قصیدہ یا قلبی اذکر احمدا ترنم سے پیش کیا۔ جس کے بعد سکول کے عیسائی پرنسپل مکرم سلیمان کولکر صاحب نے خلافت کیا ہے؟ پر تقریر کی۔ یہ تقریر خاکسار نے انہیں تیار کروائی تھی۔ جس کے بعد ابراہیم سیسیے(وائس پرنسپل) نے خلیفہ اور ممبران جماعت کا تعلق کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم ہنری موزز، عزیزم ڈی ایم لاؤندے، مکرم احمد عبد اللہ صاحب، عزیزم لقمان بانجا، عزیزم یوسف موریبا اور عزیزم ابوبکر نے اپنی تیار کردہ تقاریر پیش کیں۔ خاکسار نے آخر پر خلافت کی ضرورت و اہمیت پر تقریر کی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت جلسہ اختتام کو پہنچا۔ کل حاضری 800 سے زائد رہی۔

احمدیہ مسلم سکول گودریج، فری ٹاون

مولانا سید سعید الحسن شاہ صاحب(مبلغ سلسلہ و استاد) تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ یکم جون بروز بدھ احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول گوڈرچ، فری ٹاؤن میں یوم خلافت منانے کی تقریب ہوئی۔ خاکسار نے اجلاس کی صدارت کی۔ تقریب میں طلباء کے علاوہ محترمہ لیلن سونگو صاحبہ پرنسپل و نیشنل صدر لجنہ سیرالیون اور عیسائی وائس پرنسپل سمیت سکول سٹاف شامل ہوا۔

عزیزم خاقان محمود نے تلاوت قران کریم کی پھر عزیزم فیضان محمود اور عزیزم خاقان محمود نے قصیدہ یا عین فیض اللہ خوش الحانی سے پڑھا۔ اس کے بعد خلافت، خلافت احمدیہ، حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے حالات زندگی اور ان کے مبارک دور کے اہم سنگ میل پر مقررین نے روشنی ڈالی۔ مکرمہ پرنسپل صاحبہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء کا باتصویر تعارف کروایا جس میں طلباء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ خاکسار نے ’’امت مسلمہ کے مسائل کا حل اطاعت خلافت میں ہے‘‘ پر اظہار خیال کیا۔ تقاریر کے آخر پر سوال و جواب کا پروگرام بھی تھا۔ جس میں طلباءنے خلافت احمدیہ کے حوالے سے سوالات کیے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔ پروگرام کی حاضری ساڑھے چھ سو، سات سو کے درمیان تھی۔

احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول روکوپر

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 29 مئی 2022 بروز پیر احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول روکوپر میں جلسہ یوم خلافت کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالك۔ جلسہ سے قبل طلباء و اساتذہ کی تیار ی بھی کروائی گئی تھی۔

29؍مئی کی صبح اسمبلی کے بعد مکرم موسیٰ کے ڈی محمود صاحب پرنسپل و ریجنل صدر روکوپر کی زیر صدارت جلسہ یوم خلافت کاآغاز ہوا۔ جلسہ کاآغازلوکل طالب علم عزیزم شیخو لامین ییلا (کلاس ششم) نے آیت استخلاف کی تلاوت و ترجمہ سے کیا۔ اس کے بعد ایک طالبہ نے حدیث خلافة علی منہاج النبوة کا انگریزی ترجمہ اور پھر طالبات کے گروپ نے نظم ’’خلافت کے امیں ہم ہیں‘‘ پیش کی۔ بعد ازاں عزیزم شیخا ایس دمبویا، عزیزم عمارہ مانیے، عزیزم رشید شیخو تامو، مکرم موسیٰ فارما مانسیرے، عزیزم سعیدو ایس سمّہ طلباء و استاد نے علی الترتیب پانچوں خلفائے احمدیت کا ذاتی تعارف اور خدمات پر مشتمل مختصر تقاریر کیں۔

اس کے بعدخاکسار (ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ) نے خلافت کی ضرورت اہمیت اور اس کی برکات کے موضوع پرتقریر کی۔ آخری تقریر محترم مہمان خصوصی کی تھی جنہوں نے خلافت کی تاریخ کے موضوع پر تقریر کی اور نظم We are Ahmadies بھی پڑھی جس میں طلباء و طالبات بھی شامل ہوئے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ میں سینئر سیکنڈری سکول کے طلباء، طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اسی روز سے سکول میں امتحانات کا آغاز ہوا جس کے سبب نصف کلاسز جلسہ میں ہوئیں اور حاضری پانچ صد سے زائد رہی۔

درخواستِ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو ہمیشہ خلافت احمدیہ سے وابستہ رکھے اور ان کے ایمان واخلاص میں برکت ڈالے اور ان کو جلسہ کی برکات اور مقاصد سے بھر پور حصہ پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین ۔

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ روکوپر، سیرالیون)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button