یورپ (رپورٹس)

مجلس مشاورت جماعت احمدیہ بیلجیم 2022ء

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بیلجیم کی 24ویں مجلس مشاورت مورخہ 21و 22؍مئی 2022ء کو بیت السلام برسلز میں منعقد ہوئی۔ محض اللہ تعالیٰ کی تائید ونصرت کے ساتھ امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے یوکے، کینیڈا، امریکہ، جرمنی، بیلجیم اور گنی بساؤ کی مجالس مشاورت 2022ء کے نمائندگان کے ساتھ لائیو اختتامی خطاب فرمایاجو بیلجیم کی جماعتی تاریخ میں ایک عظیم الشان سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس پر ہم جتنا بھی خدائے واحد لاشریک کا شکر بجالائیں وہ کم ہے۔

مورخہ 21؍مئی بروز ہفتہ صبح دس بجے جماعت احمدیہ بیلجیم کی مجلس مشاورت کی رجسٹریشن کا آغاز ہوا جس کے بعد مجلس شوریٰ کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز گیارہ بجے مسجدبیت السلام میں امیر جماعت احمدیہ بیلجیم مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب کی زیرِ صدارت ہوا۔ مربی سلسلہ مکرم آصف بن اویس صاحب نے تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ دعا کے بعد امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں شوریٰ کی مختصر تاریخ، اغراض و مقاصد اور اہمیت بیان کی۔نیزسیّدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے شوریٰ کے طریقہ کار کے حوالے سے ارشادات بیان فرمائے۔

بعد ازاں امسال کی مجلس شوریٰ میں پیش ہونے والی تجاویز پر غوروخوض کے لیے شعبہ امورِعامہ و تربیت، شعبہ تربیت اور شعبہ مال کے تحت سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ شعبہ امورِعامہ و تربیت کے تحت قائم ہونے والی سب کمیٹی کے صدر مکرم سیّد حامد محمود شاہ صاحب مقرر ہوئے جبکہ مکرم منور احمد بھٹی راجپوت صاحب اس کمیٹی کے سیکرٹری تھے۔

شعبہ تربیت کے تحت تشکیل پانے والی سب کمیٹی کے صدر مشنری انچارج مکرم احسان سکندر صاحب مقرر ہوئے جبکہ مکرم عبدالصمد صاحب نے بطور سیکرٹری فرائض سرانجام دیے۔ اور شعبہ مال کے تحت قائم کی جانے والی سب کمیٹی کے صدر مکرم امداد حسین صاحب تھے جبکہ مکرم عمران احمدصاحب اس کمیٹی کے سیکرٹری تھے۔سب کمیٹیوں نے مقررہ مقامات پر اپنے اپنے اجلاسات کا آغاز کر دیا جو رات گئے تک جاری رہے۔

مورخہ 22؍مئی کو مجلس شوریٰ کی کارروائی کا آغاز ساڑھے گیارہ بجے مکرم امیر صاحب کی صدارت میں ہوا۔ بعد ازاں وقفہ برائے نمازِ ظہر و عصر اور طعام ہوا جس کے بعد مجلس عاملہ جماعت احمدیہ بیلجیم کا انتخاب ہوا جس کی صدارت مکرم احسان سکندر صاحب مربی سلسلہ بیلجیم نے کی۔ مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ بیلجیم میں کُل 76 نمائندگان شوریٰ نے شامل ہونے کی توفیق پائی۔

آخر پر جماعت احمدیہ بیلجیم امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو مجلسِ شوریٰ کے باقاعدہ قیام پر سو سال مکمل ہونے پر عاجزانہ مبارکباد پیش کرتی ہے نیز دعا گو ہے کہ خلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ یہ ادارہ ترقی کرتا چلا جائے اور اسلام احمدیت کے حقیقی غلبہ اور ممبرانِ جماعت احمدیہ کی تربیت و ترقی میں خلیفۂ وقت کے دستِ راست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق پاتا چلا جائے۔ آمین۔

(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button