یورپ (رپورٹس)

سویڈن میں دو روزہ تربیتی پروگرام و جلسہ یوم خلافت

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو امسال یوم خلافت کے حوالے سے مورخہ 21و 22؍مئی 2022ء کو دو روزہ پروگرام کے انعقاد کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ نے ازراہ شفقت دونوں دن مہمان مقررین کی شمولیت کی اجازت عطا فرمائی۔ الحمد للہ

دو روزہ پروگرام میں مبلغین اور مہمانوں کی تقاریر کے علاوہ نوجوانوں سے مختلف موضوعات پر سویڈش اور اردو زبان میں Presentations بھی تیار کروائی گئیں۔ اسی طرح چھوٹے بچے اور بچیوں سے خلفاء حضرت مسیح موعودؑ کے قبولیت دعا کے واقعات اور خلافت کے بارے میں مختلف اشعار ریکارڈ کروائے گئے۔ سویڈش زبان میں ایک ڈسکشن پروگرام بھی رکھا گیا جس میں تین ممبرز نے خلافت کی برکات کے عنوان پر گفتگو کی۔

پروگرام روزانہ 2 گھنٹے کا رکھا گیا۔ جس میں تقاریر کے درمیانی وقفہ میں بچے بچیوں اور خدام کے ریکارڈ کیے ہوئے دعائیہ واقعات اور اشعار چلائے جاتے رہے۔ جس سے پروگرام میں دیکھنے والوں کی دلچسپی بہت بڑھی اسی طرح ان پروگرامز کو تیار کرنے والے بچے، بچیوں اور نواجوانوں کی تربیت بھی ہوئی۔

پروگرام کا آغاز ہفتہ کے روزہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد محترم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نےسویڈش زبان میں افتتاحی خطاب کیا جس کا ترجمہ محترم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے پیش کیا۔ محترم امیر صاحب نے اپنے افتتاحی خطاب میں پروگرام کے انعقاد کے مقصد کو بیان کیا اوربتایا کہ تمام احمدیوں کو اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ اس نے ہمیں خلافت کی نعمت عطا فرمائی ہے۔ نیز اطاعت خلافت کےنتیجے میںحاصل ہونے والی کامیابیوں کو بیان کیا۔

پہلے دن کے مہمان مقرر مکرم آصف محمود باسط صاحب ڈائریکٹر پروگرامنگ ایم ٹی اے انٹرنیشنل تھے۔ آپ نے خلیفہ خدا بناتا ہے کے عنوان پر تقریر کی۔ آپ نے بتایا کہ خلافت کی نعمت خدا تعالیٰ اور آنحضورﷺ کی بتائی ہوئی شرائط کے مطابق ہی قائم ہوسکتی ہے۔ یعنی خدا تعالیٰ کی تائید اور نصرت سے ہی خلافت کا قیام ہوسکتا ہے۔ لوگوں نے کوششیں کیں کہ وہ خود ہی خلافت کا کسی طرح قیام کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ نے کوششیں کرنے دیں تاکہ یہ پتا چل سکے کہ خلافت کا یہ انعام خدا تعالیٰ ہی کی طرف سے آتا ہے۔ نہ کہ کسی ذاتی کوشش یا کسی جماعت یا پارٹی کی کوششوں سے یہ نعمت حاصل ہو سکتی ہے۔ ساری اسلامی تاریخ میں ہمیں ایسی مثالیں ملتی ہیں مگر تمام کوششیں ناکام ہوئیں اور ایک ہی خلافت کو جسے اللہ نے قائم کیا تھا اسلام کی حقیقی خدمت کی توفیق مل رہی ہے اور وہ خلافت احمدیہ ہے جو ساری دنیا میں اسلام کے حقیقی پیغام کو پھیلانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

دوسرے دن کے مہمان خصوصی مکرم نصیر احمد قمر صاحب ایڈیشنل وکیل الاشاعت یوکے تھے۔ آپ نے اطاعت امام کے موضوع پر خطاب کیا اور اس ضمن میں مختلف واقعات بیان کیے۔ آپ نے بتایا کہ اطاعت کا مضمون بہت اہم ہےاور اس کا تعلق تمام نظام کائنات سے ہے۔ قرآن کریم میں بھی اس مضمون کو بہت تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ آپ نے بتایا کہ امام کی اطاعت اس لیے ضروری ہے کہ اس کی اطاعت کا حکم خدا تعالیٰ نے دیا ہے۔ کیونکہ خدا نے انہیں مقرر کیا ہے۔ اور خدا کو پانے کا یہ وہ واحد وسیلہ ہیں جو اللہ تعالیٰ نے خود ہمیں مہیا فرمایا ہے۔ وہ امام جسے خدا مقرر فرماتا ہے خواہ وہ نبی ہو یا خلیفہ ہو۔ اس کی اہمیت اس کی اپنی ذات کی وجہ سے نہیں ہے۔ اس کی اہمیت اس نسبت کی وجہ سے ہے جو وہ خدا سے رکھتا ہے۔ کیونکہ خدا نے اسے کھڑا کیا ہے۔ اس بنیادی بات کو اگر ہم سمجھ لیں تو پھر اطاعت کا مضمون آسان ہو جائے گا۔

مہما ن مقررین کے علاوہ مبلغین کرام سویڈن کی طرف سے برکات خلافت، خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ کی تنظیموں کو ہدایات اور خلافت کے خلاف اٹھنے والی شر انگیز آوازوں اور فتنوں کی ناکامی اور ایک احمدی کی ان حالات میں ذمہ داریوں کے عناوین پر پراثر تقاریر کی گئیں۔ نوجوانوں کی طرف سے حضور انور ایدہ اللہ کی لجنہ اماء اللہ کو نصائح، واقفین نو اور واقفین زندگی کو نصائح، مہمان نوازی سے متعلق ہدایات کے علاوہ جماعتی ویب سائٹ کا تعارف اور بعض کتب کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔

مکرم امیر صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں مہمان خصوصی صاحبان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے پیارے آقا ایدہ اللہ کےہر فیصلے اور ہدایت کی اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ ہر اس بات سے ہمیں محفوظ رکھے جو ہمارے اور خلیفۃ المسیح کے درمیان تفریق پیدا کرنے والی ہو۔ آمین

آخر پرمکرم امیر صاحب کی درخواست پر مکرم نصیر احمد قمر صاحب نے دعا کروائی اور پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ یہ پروگرام ایم ٹی اے سویڈن کی ٹیم کی مدد سےیوٹیوب پر لائیو نشر کیا گیا۔ بچیوں سے ریکارڈنگز کروانے میں نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ اور ان کی ٹیم نے بھرپور تعاون کیا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزا

پروگرام کے دوسرے دن سویڈن کی ساری جماعتوں نے اپنی مساجد اور مشن ہاؤسز میں جمع ہو کر جلسے میں شمولیت اختیار کی۔ جلسے کے اختتام پر احباب جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کثیر تعداد میں احباب جماعت نے اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ الحمد للہ ۔

(رپورٹ۔ رضوان احمد افضل ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button