افریقہ (رپورٹس)

گنی میں جلسہ ہائے یوم خلافت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے گنی کے چار ریجنز کی 16 جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت کامیابی کے ساتھ منعقد کیے گئے۔ ان جلسوں میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی تعداد 5135 اور غیر ازجماعت احباب کی تعداد 125 رہی۔ ان جلسوں میں خلافت کی اہمیت، برکت اور خلیفہ وقت سے محبت بڑھانے اور تعلق پیدا کرکے دعاؤں سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر تقاریر کی گئیں جو کہ احباب جماعت نے بڑی توجہ اور محبت سےسنیں۔

مورخہ29؍مئی 2022ء کو کناکری کی مرکزی احمدیہ مسجد بیت الاحد میں جلسہ کا انعقاد ہوا۔ 11 بج کر تیس منٹ پر جلسہ کی کارروائی تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ عزیزم محمد ماریگا صاحب نے سورۃ النور کی آیات 55 تا 57 کی تلاوت کی۔ اس کے بعد مکرم محمد منیر کمارا صاحب نے ترانہ ’’خلافت کے امیں ہم ہیں‘‘ خوش الحانی کے ساتھ پیش کیا۔ بعد ازاں خاکسار نے خلیفہ وقت سے ذاتی تعلق پیدا کرنے اور حضور اقدس کی دعاؤں سے فیض یاب ہونے کے لیے ایک مستقل تعلق پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور ساتھ ہی خلفائے احمدیت اور پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے ذریعہ رونما ہونے والے غیر معمولی معجزات میں سے چند ایک کا ذکر کیا۔

اس کے بعد مکرم مامادو ماریگا صاحب نے خلافت کی اہمیت،برکات اور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر نہایت مدلّل تقریر کی۔

آخری تقریر مکرم محمد کبا صاحب نے جماعت احمدیہ مسلمہ میں عظیم نظام خلافت علیٰ منہاج نبوۃ کا مختصر تعارف اور حضرت امیر المؤمنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات جو کہ حضور انور نے مختلف یورپی ایوانوں میں اسلام کی سچائی اور آنحضرتﷺ کی صداقت رحمۃ للعالمین ہونے پر بیان فرمائیں کا ذکر کیا اور خلیفۃ المسیح کی ان مبارک کاوشوں کے نتیجہ میں جو غیروں کے تاثرات تھے پیش کیے کہ کس طرح حضور اقدس کے خطابات سن کر غیر مسلم عیسائی اکابرین کے خیالات یکسر بدل گئے اور جو غلط تأثرات ان کے دلوں میں اسلام کے متعلق تھے صاف ہو گئے ۔ نیز یہ بھی بتایا کہ یہ بھی خلافت کی برکات میں سے ایک برکت ہے کہ دین کی تمکنت ان کے مبارک وجود سے ہوگی ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام تقاریر بہت محنت سے تیار کی گئیں اور احباب جماعت نے بڑی توجہ سے سنیں اور استفادہ کیا۔ جلسہ کا اختتام نماز ظہر و عصر کی ادائیگی پر ہوا آخر میں تمام احباب کو کھانا پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: طاہر محمود عابدؔ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button