از مرکز

جلسہ سالانہ برطانیہ 2019ء پر جرمنی سے وفد کی بائیسکل (bi-cycle) پر شرکت

(حدیقۃ المہدی، الفضل انٹرنیشنل) ایک وقت تھا کہ خدام الاحمدیہ مرکزیہ کے سالانہ اجتماع پر خدام وفد کی شکل میں بائسیکل پر ربوہ آیا کرتے تھے ۔ اس روایت کو مکرم عبداللہ واگس ھاوزر صاحب امیر جماعت جرمنی نے سالانہ جلسہ پر برقرار رکھا ہوا ہے ۔ وہ سات سال سے جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت کے لیے وفد ترتیب دیتے ہیں اور ان کو لے کر جرمنی سے جلسہ گاہ تک کا سفر بائسیکل پر طے کرتے ہیں جس کا فاصلہ 800 کلو میٹر بنتا ہے ۔ امیر صاحب جرمنی کے اس نمونہ کی وجہ سے جرمنی کے جلسہ سالانہ میں بھی بائسیکل پر شرکت کرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ امسال سوموار کی صبح ناصر باغ گروس گیراؤ کے مشن ہاؤس سے اس سفر کا آغاز دعا سے ہوا۔ اخلاق احمد صاحب، دانیال احمد، رضا احمد اور ثمر احمد اپنی اپنی بائسیکل پر مکرم امیر صاحب کے شریک سفر تھے ۔ اس وفد نے پہلی رات جرمنی کے شہر KOLN میں قیام کیا ۔ اگلی صبح سفر کرتے ہوئے شام کو بیلجیئم کے شہر Antwerpen پہنچے ۔ تیسری رات فیری میں گزری ۔ فیری پر سمندر عبور کر کے یہ قافلہ دوپہر کو Crawly مشن ہاؤس پہنچا۔ جہاں مقامی جماعت کی طرف سے پر تکلف کھانا پیش کیا گیا ۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد برطانیہ کی جماعت کے تین ممبران عبد القدوس صاحب، حمزہ احمد صاحب اور حسیب احمد صاحب اس قافلہ میں شامل ہو گئے۔ 8 افراد پر مشتمل یہ قافلہ مسلسل بائسیکل چلاتا ہوا اس وقت اسلام آباد پہنچا جب حضور حدیقۃ المہدی کے لیے روانہ ہو رہے تھے ۔ حضور انور نے ہاتھ ہلا کر اس قافلہ کو خوش آمدید کہا ۔

معمولی وقفہ کے بعد یہ قافلہ حدیقۃ المہدی کے لیے روانہ ہو گیا اور رات نو بجے جلسہ گاہ پہنچا۔ جہاں انتظامیہ کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہا گیا۔

یاد رہے کہ آج کل جماعت جرمنی کے 40 نوجوانوں پر مشتمل خدام کا ایک وفد بھی بغرضِ سیکیورٹی اسلام آباد میں موجود ہے جن کا قیام تین ہفتے کا ہو گا۔ اس گروپ کے انچارج ابراہیم صاحب نے بتایا کہ ان خدمت گزاروں کا تعلق جرمنی کی مختلف جماعتوں سے ہے ۔ اس نوعیت کی خدمت کے لیے اس سے پہلے بھی خدام الاحمدیہ جرمنی اور حفاظت خاص جرمنی کے نوجوان برطانیہ آتے رہے ہیں۔

جلسہ سالانہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل کی ویب سائیٹ www.alfazl.comسے استفادہ کیجیے۔ اور موبائل فون پر الفضل کی ایپلیکیشن انسٹال کرنے کے لیے Google Play Store یا Apple App Store پر جا کر alfazl لکھ کر تلا ش؍ سرچ کیجیے.

(رپورٹ: عرفان احمد خان)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button