افریقہ (رپورٹس)

تنزانیہ میں مسجد عائشہ اور دو مشن ہاؤسز کا افتتاح

(عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل اور کرم سے تنزانیہ کے شمال مشرقی ریجن ’’ٹانگا‘‘ میں ایک نئی مسجد اور دو مشن ہاؤسزکی تعمیر عمل میں آئی۔

ٹانگا ریجن بحر ہند کے کنارے واقع ایک تاریخی ساحلی علاقہ ہے۔ ٹانگا ریجن کے صدر مقام شہر میں ایک خوبصورت تاریخی مسجد واقع ہے، جس کا نام ’’مسجد احسان‘‘ ہے۔ اس مسجد کی تعمیرکا آغاز تقریباً 1964ء میں ہوا۔ اس مسجد کی منفرد چیز اس کا مینار ہے، جسے مینارۃ المسیح کی طرزپر تعمیر کیا گیا۔

مٹیٹی (MTITI) جماعت میں مسجدعائشہ اور مشن ہاؤس کا افتتاح

مٹیٹی (MTITI) گاؤں ٹانگا شہر سے 50 کلومیٹر کی مسافت پرموہیزا (MUHEZA) نامی ضلع میں واقع ہے۔ 08؍جون کی صبح مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ مرکزی وفد کےہمراہ اس گاؤں میں آئے۔ مکرم افضل بھٹی صاحب ریجنل مبلغ ٹانگا نے نو تعمیر مسجد اور مشن ہاؤس کے احاطہ کا تفصیلی وزٹ کروایا۔ امیر صاحب نے مسجد عائشہ اورمشن ہاؤس کا دعا سے افتتاح کیا۔ جس کے بعد باقاعدہ تقریب کا آغاز ہوا۔ معلم سلسلہ مکرم سلیمان -اے- مگوڈے صاحب نے تلاوت کی، اورمعلم سلسلہ مکرم محی الدین مفاعومے صاحب نے نظم پڑھی۔ بعد ازاں نائب امیر مکرم عبدالرحمان عامے صاحب نے حاضرین و غیر از جماعت مہمانان کو مرکزی وفد اور جماعت کا تعارف کروایا جس کے بعد مقامی صدر جماعت صاحب نے مہمانان کا تعارف کروایا۔ مہمانان میں مقامی یونین کونسل کے سربراہ اور علاقہ کے چیئرمین شامل تھے۔

مکرم امیر صاحب تنزانیہ نے اپنے خطاب میں انسانی پیدائش کا مقصد،مسجد کی تعمیر کی اغراض اور مساجد کو آباد رکھنے کے حوالہ سے اظہار خیال اور نصائح کیں۔ آپ نے مہمانان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ پھر تمام مہمانان کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔مسجد کی تعمیر کے تمام اخراجات بعد از منظوری مرکز ،مکرم چوہدری محمداشرف بھلی صاحب ابن چوہدری محمد علی بھلی صاحب از قلعہ کالر والا حال مقیم WIESBADEN جرمنی نے ادا کیے۔ مسجد کا نام عائشہ انھوں نے اپنی مرحومہ بیٹی کے نام پر رکھا ہے جو کہ مارچ 2020ء میں 34برس کی عمر میں برین ھیمرج کی وجہ سے وفات پا گئی تھیں۔ بیٹی کے لیے صدقہ جاریہ کے طور پر والدین نے مسجد بنوانے کا عزم کیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی قربانی قبول کرے، اجر عظیم سے نوازے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت کرےاور درجات بلند کرے۔ آمین
اس مسجد میں ایک سو کے قریب افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ خواتین کے لیے پردہ کا انتظام ہے۔ مسجد کے احاطہ میں وضو اور بیت الخلاء کا بھی انتظام ہے۔ لائبریری اور ایم ٹی اے کے لیے بھی ایک ایک کمرہ بنوایا گیا ہے۔ محراب پر دو عدد مینارے بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ مسجد سے ملحقہ احاطہ میں نوتعمیر مشن ہاؤس واقع ہے۔

پونگ وے (PONGWE) جماعت میں مشن ہاؤس کا افتتاح

پونگ وے (PONGWE) جماعت ٹانگا شہر سے 15کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ 09؍جون کی صبح مکرم امیر صاحب کی قیادت میں قافلہ ’’مسجد حبیب، پونگ وے‘‘ پہنچا۔ احباب جماعت نے قافلہ کا استقبال کیا۔ محترم امیر صاحب نے مسجد کے احاطہ سے ملحقہ نو تعمیر مشن ہاؤس کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ سواحیلی زبان میں نظم پڑھی گئی۔ جس کے بعد غیر ازجماعت مہمانان نے دعوت پر اظہار تشکر کیا۔ مکرم امیر صاحب تنزانیہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ’’مسجد کی اہمیت اور مسلمان کے فرائض‘‘ کے حوالہ سے اظہار خیال کیا۔ بعد ازاں دعا سے تقریب کا اختتام ہوا۔

تقریب کے بعد مقامی اطفال نے امیر صاحب کے سامنے فردًا فردًا تعلیمی و تربیتی لحاظ سے کچھ نہ کچھ زبانی پڑھ کر سنایا۔ ایک طفل نے احادیث سنائیں، ایک نے خوش الحانی سے اذان پڑھ کر سنائی اور بعض اطفال نے نماز میں پڑھی جانے والے کلمات زبانی سنائے۔ محترم امیر صاحب نے تمام اطفال کی حوصلہ افزائی کی۔ بعد ازاں احباب جماعت کے ساتھ اجتماعی تصاویر بھی بنوائی گئیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ مسجدامن کا گہوارہ بنی رہے اور خلافت حقہ اسلامیہ کی بابرکت قیادت میں اسلام احمدیت کا قافلہ ترقیات کی منازل طے کرتا رہے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button