افریقہ (رپورٹس)

مالی میں جلسہ یوم خلافت اور پکنک خدام الاحمدیہ

(واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مالی)

جلسہ یوم خلافت

مکرم نعیم احمد صاحب، مبلغ سلسلہ مالی تحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال بھی جماعتِ احمدیہ مالی کو یومِ خلافت کے حوالے سے کئی پروگرام کرنے کی توفیق ملی۔ پورے ملک میں بیس سے زائد ریجنز ہیں جس میں سے قریباً بارہ ریجنز میں جلسہ ہائے یومِ خلافت منعقد کیے گئے۔ مقامئ جماعتی ریڈیوز پر بھی خلافت کی اہمیت و برکات کے حوالے سے پروگرام نشر کیے گئے اور مالی کے مرکزی ریڈیو ربوہ ایف۔ ایم سے ایک خصوصی پروگرام خلافت کے حوالے سے نشر کیا گیا جس کو دیگر جماعتی ریڈیوز کےساتھ انٹر لنک کر کے تقریباً پورے ملک میں نشر کیا گیا۔ اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے یومِ خلافت کے حوالے سے خطبہ جمعہ کا لائیو بمبارہ زبان میں ترجمہ نشر کیا گیا اور اس کے بعد جماعتی ہدایت کے مطابق مساجد میں بھی خطبہ جمعہ میں خلافت کی اہمیت اور برکت کے حوالے سے بیان کیا گیا۔ الحمد للہ

اللہ تعالیٰ جماعت کی مساعی میں برکت عطا فرمائے اور ہمارے دلوں میں خلافتِ احمدیہ سے مزیداخلاص و وفا پیدا فرمائے۔ آمین

پکنک خدام الاحمدیہ

مکرم احمد بلال مغل صاحب، مبلغ سلسلہ سکاسو، مالی تحریر کرتے ہیں کہ آج نوجوان نسل کے لیے تفریح کے نام پر معاشرے میں بے شمار ایسی چیزیں ہیں جن سے ان کے اخلاقیات پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں چنانچہ ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اللہ کے فضل سے دنیا بھر میں پھیلی مجالس خدام الاحمدیہ تربیتی و روحانی پروگرامز کے علاوہ لغویات سے پاک کھیل کود اور تفریح کے ایسے پروگرامز کا انعقاد کرتی ہیں جس سے احمدی نوجوانوں کی جسمانی، ذہنی ، اخلاقی اور روحانی صلاحیتوں کو بہتر سے بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے اور یہی اسی تنظیم کا مقصد بھی ہے۔

مورخہ 15؍جون 2022ء کو مجلس خدام الاحمدیہ سکاسو، مالی نے سکاسو شہر سے 26کلومیٹر کے فاصلے پر ایک گاؤں فراکو کی خوبصورت آبشار پر پکنک کا انعقاد کیا۔ صدر جماعت احمدیہ سکاسو مکرم ادریس سی صاحب نے تمام ضروری ہدایات اور دعا کے بعد خدام کو پکنک کے مقام پر روانہ کیا۔

آبشار پر پہنچ کر خدام نے لکڑیاں اکھٹی کیں اور عارضی چولہا تیار کر کے مزیدار آلو گوشت کا سالن خود تیار کیا۔ پھر مالی کے میٹھے آموں سے لطف اندوز ہونے کے بعد خدام آبشار کے تازہ پانی میں خوب نہائے اور مختلف کھیلوں سے لطف اندوز ہوئے۔ دوپہر کے کھانے سے فارغ ہو کر نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد معلم سلسلہ مکرم محمد لامین کوناتے صاحب نے خدام کو تنظیمی پروگرامز میں شرکت کے حوالے سے ضروری نصائح کیں۔ جس کے بعد خدام و اطفال نے پکنک کے مقام پر وقار عمل کے ذریعہ صفائی کی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کے بعد تمام خدام و اطفال بخیریت واپس سکاسو پہنچ گئے۔ مجلس خدام الاحمدیہ سکاسو کی اس پکنک میں 35خدام13اطفال اور 5انصار شامل ہوئے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button